فارم 47 کی پیداوار، چور دروازے سے آنے والے ہی کہہ سکتے ہیں اسمبلی کی کوئی اہمیت نہیں، شرجیل میمن

جو شخص یہ کہتا ہے کہ اسمبلی کی کوئی قدر و اہمیت نہیں، اسے اسمبلی میں بیٹھنے کا بھی حق نہیں


اسٹاف رپورٹر November 28, 2026

سندھ کے سینئر وزیر  اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ اسمبلی کی قراردادوں کی کوئی حیثیت نہ ہونے کی بات وہی شخص کرسکتا ہے جو میرٹ پر اسمبلی میں نہیں آیا ہو۔ جو شخص یہ کہتا ہے کہ اسمبلی کی کوئی قدر و اہمیت نہیں، اسے اسمبلی میں بیٹھنے کا بھی حق نہیں۔ عوام کے ووٹوں سے منتخب ہوکر آنے والا کوئی شخص اس طرح کی بات نہیں کرسکتا، ایسی باتیں جعلی مینڈیٹ، فارم 47 کی پیداوار اور چور دروازے سے اسمبلی میں آنے والے لوگ ہی کرسکتے ہیں۔

سندھ اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے واضح کیا ہے کہ پیپلز پارٹی نے اپنی پوری سیاسی جدوجہد میں کبھی تشدد کی بات نہیں کی۔ جن شہروں کا ذکر چیئرمین بلاول بھٹو نے کیا، وہاں ماضی میں تشدد کے واقعات پیش آتے رہے ہیں، جن میں الطاف حسین اور ان کے ساتھی ملوث تھے۔

انہوں نے کہا کہ آئین کے مطابق صوبے سے متعلق فیصلہ کرنے کا اختیار متعلقہ صوبائی اسمبلی کو حاصل ہے اور اسمبلی کا فیصلہ حتمی ہوگا۔ ہم پنجاب میں بھی وہی مؤقف اختیار کر رہے ہیں جو سندھ میں رکھتے ہیں۔ اگر پنجاب اسمبلی یہ فیصلہ کرتی ہے کہ اسے صوبے کی تقسیم قبول نہیں تو ہمیں بھی یہ فیصلہ قبول ہوگا۔

سندھ اسمبلی اب تک دس مرتبہ قراردادیں منظور کرچکی ہے کہ سندھ کو مزید صوبوں کی ضرورت نہیں۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی واضح کیا ہے کہ اگر کسی کو کسی فیصلے پر بحث کرنی ہے تو وہ پارلیمنٹ میں کرے، کیونکہ قانون میں تبدیلی پارلیمنٹ کے ذریعے ہوتی ہے، ٹاک شوز کے ذریعے نہیں۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی وفاق کو مضبوط کرنے والی جماعت ہے، آج ہم شہید ذوالفقار علی بھٹو  کے دیئےن ہوئے آئین کی بدولت اس اسمبلی میں بیٹھے ہیں۔ شہید بھٹو، شہید محترمہ بے نظیر بھٹو اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ہمیشہ پاکستان کو مضبوط بنانے کے لیے ، اتحاد، یکجہتی، سب کو ایک ساتھ بٹھا کر ملک کو مضبوط کرنے کے لئے کام کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ میں بیڈ گورننس کا تاثر محض پروپیگنڈہ ہے، حقیقت یہ ہے کہ  ٓض بھی جو لوگ سندھ حکومت پر تنقید کرتے ہیں سندھ حکومت کے اسپتالوں إیں علاج کے لئے ٓتے ہیں، آج پورے پاکستان سے لوگ علاج معالجے کے لیے سندھ آتے ہیں۔

پاکستان کو تھر کے کوئلے سے بجلی فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ سندھ میں دنیا کی تاریخ کا سب سے بڑا ہائوسنگ کا منصوبہ بھی جاری ہے۔شرجیل انعام میمن نے کہا کہ کراچی کی تباہی ایم کیو ایم نے، الطاف حسین اور اس کے چھاڑتوں نے کی اتنی کبھی نہیں ہوئی، انہوں نے کراچی کی خدمت کی ہوتی تو فارم 47 کے ذریعے ایوان میں نہیں آتے۔