پشاور:
پشاور ہائیکورٹ نے پاکستانی خاتون سے شادی کرنے والے افغان شہری کی ملک بدری 6 ماہ کے لیے روک دی۔
عدالت نے درخواست گزار کو پاکستان اوریجن کارڈ (پی او سی) کے اجرا کے لیے نادرا میں نئی درخواست دینے کی اجازت بھی دے دی۔ جسٹس وقار احمد اور جسٹس انعام اللہ خان پر مشتمل دو رکنی بینچ نے درخواست پر تحریری فیصلہ جاری کردیا۔
عدالتی فیصلے کے مطابق نادرا درخواست موصول ہونے پر قانون کے مطابق کارروائی کرنے کا مجاز ہوگا، پی او سی کی درخواست میں کسی کمی یا مسترد کیے جانے کی صورت میں تحریری حکم کے ذریعے آگاہ کیا جائے۔
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ درخواست گزار نیچرلائزیشن ایکٹ 1926 کے تحت شہریت کے حصول کے لیے بھی درخواست دے سکتے ہیں، سیکریٹری وزارت داخلہ شہریت کی درخواست پر ترجیحاً 6 ماہ کے اندر فیصلہ کریں۔
عدالت نے حکم دیا کہ درخواست گزار خاتون کے افغان شوہر کو 6 ماہ یا وفاقی حکومت کے فیصلے تک ملک بدر نہ کیا جائے۔