شمالی وزیرستان میں میر علی میں فتنہ الخوارج کی جانب سے خواتین کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کرنے کے ویڈیو شواہد منظرِ عام پر آگئے ہیں۔
ویڈیو میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ خوارجی عناصر خواتین کو آگے اور پیچھے رکھ کر نقل و حرکت کر رہے ہیں، جبکہ تین خوارجی عناصر سکیورٹی فورسز کی کارروائی سے بچنے کے لیے خواتین کے درمیان موجود ہیں۔
خوارجی عناصر سکیورٹی فورسز کو کارروائی سے روکنے کے لیے خواتین اور بچوں کو دانستہ طور پر ڈھال بناتے ہیں۔ یہ اقدام خوارجی عناصر کی بزدلانہ سوچ اور انسانی جانوں کے حوالے سے ان کی بے حسی کا واضح ثبوت ہے۔
مقامی عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایسے خوارجی عناصر کی موجودگی کی بروقت اطلاع سکیورٹی اداروں کو دیں اور انہیں اپنے گھروں یا علاقوں میں پناہ نہ لینے دیں۔