سونے اور چاندی کی عالمی و مقامی مارکیٹوں میں قیمت مزید گر گئی

عالمی مارکیٹ میں سونا 23 ڈالر فی اونس اور مقامی سطح پر 2300 روپے فی تولہ سستا ہوگیا


اسٹاف رپورٹر November 28, 2026

کراچی:

سونے اور چاندی کی عالمی و مقامی مارکیٹوں میں قیمت مزید کم ہو گئی۔

عالمی ومقامی صرافہ مارکیٹوں میں غیریقینی صورتحال کے باعث سونے اور چاندی کی قیمتوں میں وقفے وقفے سے اتارچڑھاو کا رحجان برقرار ہے، جہاں 2 روزہ وقفے کے بعد سونے اور چاندی کی قیمتوں میں دوبارہ کمی واقع ہوئی ہے۔

بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 23ڈالر کی کمی سے 3ہزار 653ڈالر کی سطح پر آنے کے باعث مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی ہفتے کو فی تولہ سونے کی قیمت 2ہزار 300روپے کی کمی سے 3لاکھ 87ہزار 836روپے کی سطح پر آگئی۔

اسی طرح ملک میں  فی 10 گرام سونے کی قیمت بھی 1ہزار 972روپے کی کمی سے 3لاکھ 32ہزار 506 روپے کی سطح پر آگئی۔

دریں اثنا عالمی مارکیٹ میں فی اونس چاندی کی قیمت 55 سینٹس کی کمی سے 43ڈالر 73سینٹس کی سطح پر آنے کے باعث مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی فی تولہ چاندی کی قیمت بھی 55روپے کی کمی سے 4ہزار 851روپے اور فی 10 گرام چاندی کی قیمت 48روپے کے اضافے سے 4ہزار 158روپے کی سطح پر آگئی۔