پاکستانی فاسٹ بولر نسیم شاہ انجری کے باعث آئی ایل ٹی ٹوئنٹی سے باہر ہوگئے

فرنچائز نے باضابطہ طور پر تصدیق کر دی


سلیم خان November 28, 2026

پاکستانی فاسٹ بولر نسیم شاہ گھٹنے کی انجری کے سبب یو اے ای میں جاری آئی ایل ٹی ٹوئنٹی سے باہر ہو گئے، فرنچائز نے باضابطہ طور پر تصدیق کر دی۔

نسیم شاہ پیر کو شارجہ واریئرز سے میچ کے دوران انجرڈ ہوئے تھے،انھوں نے یارکر پر پال والٹر کو بولڈ کیا تاہم گیند کے فوراً بعد لڑکھڑا کر گر پڑے،انھیں پہلے میدان میں ہی طبی امداد فراہم کی گئی ، بائیں گھٹنے پر کافی پٹیاں باندھنے کے بعد بھی نسیم شاہ کی تکلیف کم نہ ہوئی اور وہ لنگڑاتے ہوئے میدان سے باہر گئے۔

 اس کے بعد دبئی کیپیٹلز کے خلاف میچ میں وہ شرکت نہیں کر سکے تھے، جاری ٹورنامنٹ کے 2 میچز میں انھوں نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ پاکستان ٹیم کی اگلی مصروفیت جنوری میں آئرلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز ہے، توقع ہے کہ نسیم اس وقت تک مکمل فٹ ہوجائیں گے۔