یمن کے ساحل کے قریب بحری قذاقوں نے مال بردار جہاز اغوا کرلیا؛ عملہ یرغمال

واقعہ یمن کی بندرگاہ بلحاف سے تقریباً 64 ناٹیکل میل جنوب مغرب میں پیش آیا 


ویب ڈیسک November 28, 2026
صومالیہ اور یمن میں بحری قزاقوں نے دو جہازوں کو اغوا کرلیا

یمن کے ساحل کے قریب مسلح افراد نے ایک کارگو جہاز پر قبضہ کرلیا جس کے بعد برطانوی میری ٹائم ایجنسی نے علاقے میں موجود دیگر بحری جہازوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کردی۔

برطانوی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز کے مطابق یہ واقعہ ہفتے کو پیش آیا، جب مسلح غیر مجاز افراد نے یمن کے ساحلی علاقے میں ایک کارگو جہاز پر سوار ہوکر اس کا کنٹرول سنبھال لیا۔

ایجنسی کو جہاز کے کپتان کی جانب سے اطلاع موصول ہوئی کہ مسلح افراد نے صبح 6 بج کر 30 منٹ (عالمی وقت) پر جہاز پر قبضہ کرلیا ہے۔

یو کے ایم ٹی او کے مطابق واقعہ یمن کی بندرگاہ بلحاف سے تقریباً 64 ناٹیکل میل جنوب مغرب میں پیش آیا جبکہ واقعے کا مقام 12 ڈگری 55 منٹ شمالی اور 48 ڈگری 04 منٹ مشرقی طول بلد پر بتایا گیا۔

برطانوی میری ٹائم ایجنسی کا کہنا ہے کہ متعلقہ حکام کو واقعے سے آگاہ کردیا گیا ہے اور معاملے کی تحقیقات جاری ہیں۔

ایجنسی نے خلیج عدن کے اس علاقے سے گزرنے والے دیگر بحری جہازوں کو احتیاط برتنے اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع دینے کی ہدایت کی ہے۔

ابتدائی رپورٹ میں اغوا کیے گئے کارگو جہاز کا نام، اس کا پرچم، مسلح افراد کی تعداد اور عملے کی صورتحال سے متعلق تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔

دریں اثنا، واقعے کی ذمہ داری بھی فوری طور پر کسی گروہ نے قبول نہیں کی۔