مولانا فضل الرحمان کی گرفتاری کا مجھے علم نہیں پنجاب حکومت کو معلومات ہوں گی، گورنر کے پی

جمہوریت میں پُرامن احتجاج ہر سیاسی جماعت کا آئینی و سیاسی حق ہے، سڑکیں بند کرنے پر گرفتاریاں ہوں گی، کنڈی


اسٹاف رپورٹر November 28, 2026

گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ مولانا کی گرفتاری کا میرے علم میں نہیں بلکہ پنجاب حکومت کو اس حوالے سے زیادہ معلومات ہوں گی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان میں چشمہ ریسٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر کے پی نے کہا کہ مولانا کی گرفتاری میرے علم میں نہیں، پنجاب حکومت کو اس حوالے سے زیادہ معلومات ہوں گی کیونکہ مولانا پنجاب میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نئے صوبوں کے قیام کا معاملہ پارلیمنٹ کے دائرہ اختیار میں ہے۔ گورنر فیصل کریم کنڈی نے امید ظاہر کی کہ خیبرپختونخوا سے دہشت گردی جلد ختم ہو جائے گی، صوبائی حکومت ماضی میں دہشت گردی کے معاملے کو سنجیدگی سے نہیں لے رہی تھی۔

گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ جمہوریت میں پُرامن احتجاج ہر سیاسی جماعت کا آئینی و سیاسی حق ہے، سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے یا سڑکیں بند کرنے والوں کے خلاف گرفتاری عمل میں لائی جا سکتی ہے۔