صدر مملکت آصف علی زرداری نے لاہور میں وزیر داخلہ سے اُن کی رہائش گاہ پر جاکر ملاقات کی ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی سے لاہور میں اُن کی رہائش گاہ پر پہنچ کر ملاقات کی۔
صدر مملکت کی آمد پر وزیر داخلہ نے گرمجوشی کے ساتھ استقبال کیا اور پھر دونوں رہنماؤں کے درمیان اہم ملاقات ہوئی۔ ایوان صدر کی جانب سے جاری مختصر اعلامیے کے مطابق ملک کی مجموعی صورتحال اور امن وامان سے متعلق اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔
اس سے قبل حکومتی وفد کی زرداری ہاؤس میں بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات ہوئی۔ حکومتی وفد کی قیادت نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے کیا جبکہ دیگر اراکین میں اسپیکر ایاز صادق، رانا ثنا اللہ، طارق فضل چوہدری اور بلال اظہر کیانی تھے۔
پاکستان پیپلزپارٹی کے وفد میں شیری رحمان اور نوید قمر موجود تھے۔ ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور دیگر امور پر بات چیت ہوئی جبکہ بلاول بھٹو نے اسحاق ڈار کے سامنے مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پر چھاپے، اہل خانہ کے ساتھ ناروا سلوک کا معاملہ اٹھاتے ہوئے ذاتی طور پر اسے دیکھنے کی استدعا بھی کی۔