کراچی: انسانی اسمگلنگ اور جعلی پاکستانی شناختی دستاویزات کا نیٹ ورک بے نقاب

گرفتار افغان شہریوں کے قبضے سے پاکستانی شناختی کارڈز کی جعلی اور ردوبدل شدہ رنگین فوٹو کاپیاں برآمد ہوئیں


اسٹاف رپورٹر November 28, 2026

کراچی:

وفاقی تحقیقاتی ادارے (FIA) کراچی زون کے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل (AHTC) نے یوسف گوٹھ بس ٹرمینل، کراچی میں دو علیحدہ کارروائیاں کرتے ہوئے انسانی اسمگلنگ اور غیر قانونی امیگریشن میں ملوث پانچ افراد کو حراست میں لے لیا جن میں تین ملزمان جبکہ دو متاثرہ افراد شامل ہیں۔

پہلی کارروائی  میں یوسف گوٹھ بس ٹرمینل، بلدیہ ٹاؤن کراچی میں واقع المہاز کوچ سروس کے دفتر پر کی گئی۔ کارروائی کے دوران کوچ سروس کے منیجر محمد سلیم ولد گل محمد کو گرفتار کر لیا گیا۔

ملزم کے خلاف پریونشن آف اسمگلنگ آف مائیگرنٹس ایکٹ 2018 (ترمیم شدہ 2025) کی دفعات 3، 6 اور 7 کے تحت ایف آئی آر درج کر لی گئی۔

کارروائی کے دوران ملزم کے قبضے سے دو موبائل فون برآمد ہوئے، جن میں غیر قانونی ڈنکی روٹس اور مالی لین دین سے متعلق مبینہ اہم واٹس ایپ چیٹس اور ریکارڈ موجود تھا۔

ابتدائی تفتیش کے مطابق دو متاثرہ افراد فیروز اور دِلدار نے کراچی سے بلوچستان کے علاقے جیوانی تک پہنچانے اور وہاں سے ایران میں موجود ایجنٹس راجو اور فتح محمد کے حوالے کیے جانے کے لیے فی کس 15 ہزار روپے ادا کیے تھے، جہاں سے انہیں  غیر قانونی طور پر سرحد پار کروانے کا منصوبہ تھا۔ ایف آئی اے ٹیم نے دونوں افراد کو بحفاظت بازیاب کرا لیا۔

دوسری کارروائی میں یوسف گوٹھ بس ٹرمینل، حب ریور روڈ، بلدیہ ٹاؤن کراچی میں کی گئی، جہاں دو افغان شہریوں نیسر احمد اور عبدالرحمٰن کو گرفتار کر لیا گیا۔

ملزمان کے قبضے سے پاکستانی شناختی کارڈز کی جعلی اور ردوبدل شدہ رنگین فوٹو کاپیاں برآمد ہوئیں، جن پر ملزمان کی تصاویر چسپاں تھیں۔ مذکورہ دستاویزات زین اللہ/زین الدین اور عزیز الرحمٰن کے ناموں سے تیار کی گئی تھیں۔ اس کے علاوہ ایک اصل افغان پاسپورٹ بھی تحویل میں لے لیا گیا۔

ابتدائی تفتیش کے دوران دونوں ملزمان نے انکشاف کیا کہ وہ چمن بارڈر کے راستے غیر قانونی طور پر پاکستان میں داخل ہوئے تھے اور کوئٹہ میں وکیل نامی ایجنٹ کو جعلی پاکستانی شناختی دستاویزات اور بلوچستان کے غیر مجاز راستوں سے ایران اور عراق تک غیر قانونی طور پر ڈنکی کے ذریعے پہنچانے کے انتظامات کے لیے 65 ہزار روپے ادا کیے تھے۔

ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے کراچی زون نے انسانی اسمگلنگ، غیر قانونی امیگریشن، جعلی شناختی دستاویزات اور ڈنکی کے منظم نیٹ ورکس کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔