کراچی:
سرجانی ٹاؤن ناردرن بائی پاس کٹی پہاڑی کے قریب بس اور ٹریلر میں تصادم کے نتیجے میں کمسن بچے سمیت 3 افراد جاں بحق جبکہ خاتون سمیت 6 افراد زخمی ہوگئے جس میں متعدد کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ شہر کے مختلف علاقوں میں ٹریفک کے دیگر حادثات میں خاتون سمیت 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق سرجانی ٹاؤن کے علاقے ناردرن بائی پاس کٹی پہاڑی کے قریب بس اور ٹریلر کے درمیان تصادم ہوگیا جس کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوگئی ، حادثے کی اطلاع ملتے ہی ایدھی اور چھیپا کے رضا کار موقع پر پہنچ گئے اور سخت جدوجہد کے بعد بس میں پھنسے ہوئے زخمی افراد کو باہر نکال کر عباسی شہید اسپتال پہنچایا جبکہ پولیس کی نفری بھی موقع پر پہنچ گئی۔
چھیپا حکام کے مطابق حادثے میں کمسن لڑکے سمیت 3 افراد جاں بحق ہوئے جس میں سے کمسن بچے کی شناخت 3 سالہ دینا امین کے نام سے کی گئی جبکہ 2 افراد کی شناخت کا عمل جاری ہے جن کی عمریں 45 سال اور 17 سال بتائی جاتی ہیں۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ حادثے میں زخمی ہونے والوں کی شناخت 63 سالہ سراج الدین ، 70 سلاہ محمد اللہ ، 65 سالہ سلیمان ، 27 سالہ رفیق اور 35 سالہ فاطمہ کے نام سے کی گئی جبکہ ایک زخمی کی شناخت کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں شامل متعدد افراد کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے، تاہم پولیس اس حوالے سے مزید تفتیش کر رہی ہے۔
دریں اثنا سپرہائی وے براق پمپ کے قریب تیز رفتار کار کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار خاتون جاں بحق ہوگئی جس کی لاش چھیپا ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال لیجائی گئی۔
پولیس کے مطابق متوفیہ کی شناخت 55 سالہ شازیہ زوجہ ایڈوکیٹ گل محمد خان کے نام سے کی گئی جو کہ گرین ٹاؤن شاہ فیصل کالونی کی رہائشی تھی اور جس وقت حادثہ ہوا وہ اپنے بیٹے شجاع محمد خان کے ہمراہ داندان ساز کے پاس جا رہی تھی کہ حادثہ کا شکار ہوگئی، تاہم سچل پولیس نے حادثے کے ذمے دار کار کے ڈرائیو کو گرفتار کر کے کار قبضے میں لے لی ہے اور اس حوالے سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔
لیاقت آباد انڈر پاس میں ٹریفک حادثے میں موٹر سائیکل سوار جاں بحق ہوگیا جس کی لاش چھیپا کے رضا کاروں نے ضابطے کی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال پہنچائی۔
ایس ایچ او شریف آباد ہدایت اللہ نے بتایا کہ متوفی کی شناخت 35 سالہ محمد عمران ولد محمد ابراہیم کے نام سے کی گئی جبکہ ابتدائی تحقیقات میں متوفی کے ہمراہ اس کے دوست نے بتایا کہ گڑھے کی وجہ سے موٹر سے بے قابو ہونے سے ہم دونوں گر گئے۔
اس دوران عمران عقب سے آنے والے شہزور ٹرک کی زد میں آگیا جبکہ ڈرائیور موقع سے ٹرک سمیت فرار ہوگیا ، انھوں نے بتایا کہ متوفی کے ورثا نے قانونی کارروائی سے گریز کیا ہے جس کے بعد لاش لواحقین کے حوالے کر دی گئی۔