انگریزی لفظ ’’مینڈیٹ‘‘ کے معنی اختیار، عوامی اختیار یا حکم نامے کے ہیں۔ سیاسی اصطلاح میں اس سے مراد وہ حق یا طاقت ہے جو انتخابات کے ذریعے رائے دہندگان کسی سیاسی جماعت یا رہنما کو حکومت کرنے اور فیصلے کرنے کے لیے تفویض کرتے ہیں۔
ہر منتخب حکومت ایوانِ اقتدار میں آنے کے بعد یہ دعویٰ کرتی ہے کہ وہ عوامی مینڈیٹ کی بدولت اقتدار میں آئی ہے، مگر بدقسمتی سے ہماری سیاسی تاریخ کی حقیقت اس دعوے سے مختلف دکھائی دیتی ہے۔
قیامِ پاکستان سے لے کر آج تک ہم پر مسلط کردہ اشرافیہ، جاگیرداروں، وڈیروں اور سرمایہ داروں نے عوامی مینڈیٹ کی حقیقی روح کو نظرانداز کیا ہے۔ برسرِ اقتدار آنے والی موجودہ اور سابقہ حکومتوں نے ابتدا ہی سے عوامی ووٹ کی حرمت کو پامال کیا اور حقِ رائے دہی کے بنیادی تقاضوں کے برخلاف اقدامات کیے۔
پاکستان کی تاریخ اس بات کی گواہ ہے کہ یہاں اقتدار پر قابض طبقوں نے عوام کی فلاح و بہبود، ترقی اور خوشحالی کو ہمیشہ ثانوی حیثیت دی ہے۔یہ کیسا عوامی مینڈیٹ ہے جس کے دعوے دار تمام سیاسی اکابرین ہیں؟
یہ کیسا مینڈیٹ ہے جس کے نتیجے میں آج ایک عام آدمی دو وقت کی روٹی سے بھی محروم ہے؟ سفید پوش طبقہ تاریخ کے بدترین معاشی بحرانوں میں سے گزر رہا ہے، جب کہ غریب اور محنت کش طبقہ اپنے گھر کی کفالت کرنے سے قاصر ہے۔
مہنگائی نے عام آدمی کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے، مگر دوسری جانب اشرافیہ عیش و عشرت میں مگن، مست ہاتھی کی مانند اپنی ہی دھن میں مست ہے۔ بدقسمتی سے عوام انتخابات میں جن سیاسی جماعتوں کو ووٹ دے کر اپنا مینڈیٹ سونپتے ہیں، وہی جماعتیں اقتدار میں آنے کے بعد اس مینڈیٹ کے تقدس کو پامال کرتی ہیں۔
آج حکومتوں کی صورتِ حال ایسی ہے کہ وہ اپنے منہ میاں مٹھو بننے سے بھی گریز نہیں کرتیں۔ ہمارے پاس کوئی واضح اور قابلِ عمل معاشی روڈ میپ دکھائی نہیں دیتا، جس کے نتیجے میں معاشرے میں سنگین معاشرتی بحران اور بگاڑ جنم لے رہے ہیں۔
عوام کی توقعات ابتدا ہی سے سیاست دانوں سے وابستہ رہی ہیں، لیکن کسی بھی سیاسی جماعت نے عوام کو ان کے بنیادی آئینی اور معاشی حقوق فراہم کرنے کے لیے خاطر خواہ اقدامات نہیں کیے۔ یہی وجہ ہے کہ نچلی سطح پر بے چینی عروج پر پہنچ چکی ہے۔ اگر عام آدمی کی زندگی میں بروقت مثبت تبدیلی نہ آئی تو حالات مزید خرابی اور بگاڑ کی جانب بڑھ سکتے ہیں۔
آج ایک عام آدمی اپنے بچوں کو بہتر روزگار، صحت اور تعلیم جیسی بنیادی سہولیات فراہم نہیں کر پا رہا، حالاں کہ ان سہولیات کی فراہمی ریاست کی ذمے داری اور ضمانت ہے۔ میرے نزدیک ان تمام مسائل کا حل مشترکہ اور پُرامن جدوجہد میں پوشیدہ ہے۔
بدقسمتی سے ہم پر مسلط سیاسی ٹولہ اپنے مفادات کی خاطر اقتدار میں آتا ہے، لوٹ کھسوٹ اور کرپشن کے ذریعے اپنے مفادات حاصل کرتا ہے اور مقررہ مدت پوری کرکے رخصت ہو جاتا ہے۔ پھر ایک دوسرا سیاسی ٹولہ آتا ہے اور وہ بھی اسی روش پر چل کر چلا جاتا ہے۔
یوں قیامِ پاکستان سے لے کر آج تک ایک نہ ختم ہونیوالا سلسلہ جاری ہے۔ مگر سوال یہ ہے کہ یہ سلسلہ آخر کب تک جاری رہے گا؟ عوام کو حکمران کس بات کی سزا دے رہے ہیں؟پاکستانی قوم بے حد صابر ہے، ورنہ جس نوعیت کے حالات سے ہم گزر رہے ہیں، اگر کسی دوسرے ملک میں ایسی صورتِحال ہوتی تو وہاں کے عوام کا ردِعمل کیا ہوتا، اس کا تصور بھی مشکل ہے۔ حکمرانوں کو چاہیے کہ وہ فوری طور پر عوام کو ان کے بنیادی آئینی اور معاشی حقوق فراہم کریں۔حبیب جالب کا ایک خوب صورت شعر اس موقع پر صادق آتا ہے:
کسے خبر تھی ہمیں رہبر ہی لوٹیں گے
بڑے خلوص سے ہم کارواں کے ساتھ رہے
انسان زندگی میں ایک دو مرتبہ دھوکا کھانے کے بعد سمجھ جاتا ہے کہ سامنے والا کس قدر چالاک، دھوکے باز اور منافق ہے، لیکن پاکستانی قوم عجیب ہے کہ بار بار دھوکا کھانے کے باوجود سمجھنے کو تیار نہیں۔ عوام کو یہ احساس کیوں نہیں ہوتا کہ اشرافیہ انھیں ان کے بنیادی معاشی حقوق فراہم کرنے میں کبھی سنجیدہ نہیں رہی؟
اس کے باوجود لوگ آزمائے ہوئے سیاست دانوں کے پیچھے چل پڑتے ہیں۔یہ کیسا اندھا اعتماد ہے جو عوام نے اشرافیہ پر قائم کر رکھا ہے؟ آخر ہم ہر بار آزمائے ہوئے لوگوں کو دوبارہ کیوں آزماتے ہیں اور ووٹ کے مینڈیٹ کے ذریعے انھیں ایوانِ اقتدار تک کیوں پہنچاتے ہیں؟
ایک تلخ حقیقت یہ بھی ہے کہ اکثر وہ لوگ جنہیں عوام منتخب کرتے ہیں، ایوانِ اقتدار تک نہیں پہنچ پاتے۔ جب تک یہ جادوئی کھیل ختم نہیں ہوگا، عوام کو ان کے بنیادی حقوق حاصل نہیں ہو سکیں گے۔
وقت آ گیا ہے کہ پاکستان کے طاقتور ادارے سیاست دانوں کو ان کی ذمے داریوں کا احساس دلائیں اور انھیں عوام کی فلاح و بہبود، ترقی اور خوشحالی کے لیے عملی اقدامات کرنے پر مجبور کریں۔ کیا اس ملک میں ایک عام آدمی کو جینے کا بھی حق نہیں، جس کے لیے اس کے آباؤ اجداد اور اُس وقت کے سیاسی اکابرین نے بے پناہ قربانیاں دی تھیں؟
آخر پاکستان کے حصول سے آج ہمیں کیا ملا؟ کیا قائداعظم محمد علی جناح نے ایسے پاکستان کا تصور کیا تھا؟ کیا علامہ اقبال نے ایسا پاکستان دیکھا تھا جہاں عام آدمی کی زندگی اس قدر بھیانک اور بے بس ہو؟اگر جواب نفی میں ہے تو پھر عوام پر یہ ستم کیوں ڈھائے جا رہے ہیں؟ عوام کا درد کوئی کیوں نہیں سمجھتا، اور اگر سمجھتا ہے تو اس کے حل کے لیے عملی اقدامات کیوں نہیں کرتا؟
انتخابات سے پہلے تمام سیاسی جماعتیں بڑے بڑے دعوے اور وعدے کرتی ہیں، لیکن بدقسمتی سے ایوانِ اقتدار میں آنے کے بعد یہ سب بھول جاتی ہیں کہ وہ کس بنیاد پر منتخب ہوئی تھیں۔ ملکی اور بیرونی حالات میں کوئی شک نہیں کہ پاکستان اس وقت انتہائی نازک اور پیچیدہ موڑ پر کھڑا ہے۔
ایسے موقع پر حکومت کو چاہیے کہ عوام میں اپنا اعتماد بحال کرے اور انھیں فوری طور پر ان کے بنیادی حقوق فراہم کرے۔مہنگائی اور بے روزگاری نے عام آدمی کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔ اشیائے ضروریہ اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں۔ مہنگائی پر قابو پانا کوئی راکٹ سائنس نہیں۔
حکومت کو چاہیے کہ روزمرہ استعمال کی اشیائے ضروریہ پر عائد غیر ضروری براہِ راست اور بالواسطہ ٹیکس فوری طور پر ختم کرے، تاکہ ایک عام آدمی سکون سے دو وقت کی روٹی تو کھا سکے۔کیا آج عوام کے مقدمے کی کہیں شنوائی نہیں؟ کیا عام آدمی واقعی اس قدر بے بس ہو چکا ہے کہ اس کا کوئی پرسانِ حال نہیں؟ یہ وہ تلخ سوالات ہیں جن کے جوابات، میری نظر میں، حکمران اشرافیہ کے پاس نہیں ہیں، کیونکہ وہ صرف اپنے مفادات کے حصول کے لیے ایوانِ اقتدار میں آتی ہے اور پھر اپنے مقاصد پورے کرکے گھروں کو لوٹ جاتی ہے۔
زمانہ بدل چکا ہے۔ اگر اشرافیہ نے بروقت ہوش کے ناخن نہ لیے تو یہ اندیشہ اپنی جگہ موجود ہے کہ عوام کی مجبوری اور بے بسی کسی انتہائی ردِعمل کو جنم نہ دے دے۔ لہٰذا ضرورت اس امر کی ہے کہ معاشرے میں بڑھتی ہوئی کشمکش، بے چینی اور بگاڑ کو فوری طور پر ختم کرنے کے لیے سنجیدہ اور مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ عوامی مینڈیٹ کا حقیقی احترام اسی وقت ممکن ہے جب اقتدار عوام کی خدمت، ان کے حقوق کے تحفظ اور ان کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لانے کا ذریعہ بنے۔