سندھ کے موجودہ حالات کو پیش نظر رکھتے ہوئے میرا سوال یہ ہے کہ کیا صوبوں کی تعداد بڑھانے سے بے روزگاری، مہنگائی، ناانصافی، بھوک، کرپشن اور اقربا پروری ختم ہو جائے گی یا یہ صرف اقتدار کے نئے مراکز اور حکمرانوں کی ایک نئی صف پیدا کرنے کا راستہ ہے؟
پاکستان میں جب بھی حکمرانی کی ناکامی، انتظامی بدحالی اور وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم پر سوال اٹھتا ہے تو نئے صوبے بنانے کی تجویز سامنے آ جاتی ہے۔ کبھی آٹھ، کبھی بارہ اور کبھی چھتیس صوبوں کی بات ہوتی ہے، یوں محسوس ہوتا ہے جیسے ملک کے تمام مسائل کا حل نقشے پر چند نئی لکیریں کھینچنے میں پوشیدہ ہے۔
مگر بنیادی سوال یہ ہے کہ نئے صوبوں سے عام پاکستانی کی زندگی میں کیا تبدیلی آئے گی؟اکتوبر 2026ء کی رپورٹس کے مطابق پاکستان میں غربت کی شرح 29 فیصد ہے اور تقریباً سات کروڑ 26 لاکھ افراد خط غربت سے نیچے زندگی گزار رہے ہیں۔
سوشل پالیسی اینڈ ڈویلپمنٹ سینٹر کے تخمینے کے مطابق 2019ء میں غریب افراد کی تعداد 7.8 کروڑ تھی، جو 2025ء میں بڑھ کر 10.5 کروڑ ہو گئی۔ سوال یہ ہے کہ نئے صوبوں کے قیام سے ان لوگوں کی زندگی میں بہتری کی کیا ضمانت ہے؟
آٹھ کیا، چھتیس صوبے بنا دیجیے، ضرورت ہو تو تین سو ساٹھ بھی بنا لیجیے، اصل مسئلہ تعداد نہیں بلکہ قیام کا مقصد اور نتیجہ ہے۔ کیا غریب مزدور کو روزگار مل جائے گا؟ کیا تھانے میں عام شہری کی فریاد سنی جائے گی؟
کیا عدالتوں سے انصاف کے لیے زندگی بھر کی جمع پونجی خرچ نہیں کرنا پڑے گی؟ کیا سرکاری اسپتالوں میں مفت علاج اور ادویات، غریب بچوں کے لیے معیاری تعلیم اور ہر شہری کو صاف پانی، سستی بجلی اور گیس میسر ہوگی؟ کیا معاشی بدحالی سے تنگ آکر اجتماعی خودکشیوں کا رجحان ختم ہو جائے گا؟
ان سوالات کا جواب محض نئے صوبے، گورنر، وزیراعلیٰ یا اسمبلی کے قیام سے نہیں مل سکتا۔پاکستان کا عام شہری کئی دہائیوں سے ایسے نظام کا سامنا کر رہا ہے جس میں طاقت اور وسائل تک رسائی غیر مساوی ہے۔
بااثر طبقوں کے لیے سہولتوں کے دروازے کھلے ہیں، جبکہ عام آدمی اپنے جائز کام کے لیے سرکاری دفاتر کے چکر لگاتا ہے۔ اسے سفارش یا رشوت کا سہارا لینا پڑتا ہے اور بعض اوقات مہینوں کی خواری کے باوجود مسئلہ حل نہیں ہوتا۔
اگر اسی نظام کو چار کے بجائے چھتیس حصوں میں تقسیم کر دیا جائے، لیکن سیاسی مفادات، اقربا پروری اور اختیارات کا ارتکاز برقرار رہے تو کیا عوام کی تقدیر بدل جائے گی؟یہ درست ہے کہ نئے صوبوں سے دور دراز علاقوں کو انتظامی مراکز تک بہتر رسائی، سیاسی نمائندگی اور ترقی کے مواقع مل سکتے ہیں۔
تاہم نئی اسمبلیوں، وزارتوں اور انتظامی ڈھانچوں کے اخراجات کون برداشت کرے گا اور ان کے فوائد عوام تک پہنچنے کی ضمانت کیا ہوگی؟اصل مسئلہ اختیارات کی منتقلی کا ہے۔ وفاق سے صوبے کو اختیار تو ملتا ہے، لیکن صوبے سے ضلع، تحصیل اور یونین کونسل تک اس کی منتقلی میں ہچکچاہٹ دکھائی دیتی ہے۔
آئین کا آرٹیکل 140 اے مقامی حکومتوں کے منتخب نمائندوں کو سیاسی، انتظامی اور مالی اختیارات منتقل کرنے کا تقاضا کرتا ہے۔ سوال یہ ہے کہ جب موجودہ صوبوں میں عوام کو بنیادی اختیارات نہیں مل سکے تو نئے صوبوں میں کون سا نظام اس روایت کو بدلے گا؟
نئے صوبوں کے قیام سے پانی، زمین، قدرتی وسائل، سرکاری ملازمتوں اور ترقیاتی بجٹ کی تقسیم بھی نئے سرے سے زیر بحث آئے گی۔ پہلے ہی پانی کی تقسیم پر اختلافات موجود ہیں۔ کیا نئے انتظامی یونٹ ان تنازعات کو کم کریں گے یا مزید پیچیدگیاں پیدا ہوں گی؟
آئین کے آرٹیکل 239 کے تحت صوبائی حدود میں تبدیلی کے لیے متعلقہ صوبائی اسمبلی کی مجموعی رکنیت کی کم از کم دو تہائی اکثریت ضروری ہے۔ اس لیے یہ معاملہ آئینی اتفاق رائے اور سنجیدہ قومی مکالمے کا تقاضا کرتا ہے۔
نئے صوبوں کی بحث کا افسوسناک پہلو یہ ہے کہ علاقائی، لسانی اور شناختی سوالات کی وجہ سے عام آدمی کے معاشی مسائل پس منظر میں چلے جاتے ہیں۔ ایک غریب سندھی، پنجابی، بلوچ، پشتون، سرائیکی یا اردو بولنے والے شہری کی بنیادی ضروریات یکساں ہیں۔
سب کو روزگار، تعلیم، علاج، تحفظ اور انصاف چاہیے۔ بھوک کسی زبان میں کم تکلیف دہ نہیں ہوتی۔یہاں مرحوم سینئر صحافی حسین نقی کی ایک محفل میں کی گئی گفتگو یاد آتی ہے، جس کا مفہوم تھا کہ عام آدمی کی زندگی میں حقیقی تبدیلی اس وقت تک ممکن نہیں جب تک عوام لسانی، مذہبی، فقہی اور فرقہ وارانہ اختلافات سے بالاتر ہو کر مشترکہ حقوق کے لیے متحد نہیں ہوتے۔
ان کے موقف میں ایک اہم سماجی سوال پوشیدہ تھا کہ کیا پاکستانی معاشرہ اپنی اجتماعی محرومیوں کو پہچان کر تعلیم، صحت، انصاف اور روزگار جیسے بنیادی مطالبات پر متحد ہو سکتا ہے؟دیرپا تبدیلی کے لیے منظم شہری کردار ضروری ہے۔
پرامن احتجاج، آئینی جدوجہد، آزاد صحافت اور حکمرانوں کا عوامی احتساب اس کی اہم صورتیں ہیں، اگر نئے صوبوں میں بھی وہی بااثر سیاسی خاندان، مفاداتی گروہ اور غیر شفاف طریقہ کار غالب رہے تو عوام کے لیے تبدیلی محدود ہوگی۔
وزیراعلیٰ کا دفتر قریب آ جانے سے انصاف کی ضمانت نہیں ملتی، اگر فیصلے بدستور سفارش اور تعلقات کی بنیاد پر ہوں۔نئی صوبائی اسمبلی کی افادیت کا پیمانہ یہ ہونا چاہیے کہ کتنے اسکول فعال ہوئے، کتنے اسپتال بہتر ہوئے، کتنے نوجوانوں کو روزگار ملا۔نئے صوبوں کے قیام اور نظام کی اصلاح کو ایک دوسرے کا متبادل نہیں سمجھنا چاہیے۔
جہاں انتظامی ضرورت، عوامی مطالبہ اور مالی امکانات اجازت دیں، وہاں نئے صوبوں پر غور کیا جا سکتا ہے، لیکن اس کیساتھ مقامی حکومتوں کو حقیقی اختیارات، عدالتی اصلاحات، شفاف مالیاتی نظام اور انتظامیہ کی جواب دہی بھی یقینی بنانا ہوگی۔
عوام کو سیاسی نعروں کے لیے استعمال کرنے کے بجائے فیصلہ سازی میں شریک کرنا ضروری ہے۔پاکستان کا اصل المیہ صوبوں کی کم تعداد نہیں بلکہ ریاستی اداروں اور عام شہری کے درمیان بڑھتا ہوا فاصلہ ہے۔
ضرورت ایسے طرزِ حکمرانی کی ہے جس میں قانون سب کے لیے یکساں ہو، اختیارات نچلی سطح تک منتقل ہوں اور سرکاری اداروں کی کامیابی کا معیار ان کی عمارتوں کی شان و شوکت نہیں بلکہ عام شہری کی زندگی میں آنیوالی بہتری ہو۔
آخر میں سوال یہ ہے کہ ہمیں اقتدار کے نئے مراکز چاہییں یا ایسا نظام جس میں عام پاکستانی کو اپنے جائز حق کے لیے کسی بااثر شخص کے دروازے پر دستک نہ دینا پڑے؟ کیا نئے صوبوں کا انتظام فرشتوں کے ہاتھ میں ہوگا، جو غلطیوں، فرقہ واریت اور قوم پرستی سے پاک ہوں گے؟ ظاہر ہے، ایسا نہیں ہوگا۔
پھر نئے صوبوں یا نئے نظام سے بہتری کی امید کس بنیاد پر وابستہ کی جا رہی ہے؟ اصل تبدیلی نقشے پر نئی لکیریں کھینچنے سے نہیں بلکہ عام آدمی کی زندگی میں حقیقی بہتری لانے سے پہچانی جائے گی۔