ابھی چند برس پہلے ہی کی بات ہے، بچوں کی اس تقریب میں علامہ اقبال کے حوالے سے مضمون نگاری کا کوئی مقابلہ تھا۔ ہال کھچا کھچ بچوں سے بھرا ہوا تھا، بچے اپنے نام اور انعامات کے بارے میں جاننے کے لیے متجسس تھے۔
یہ مقابلہ ایک غیر سرکاری تنظیم نے کروایا تھا جن کا مقصد بچوں میں کتاب پڑھنے کے جذبے کو اجاگر کرنا اور ان کو مثبت غیر نصابی سرگرمیوں کی جانب متوجہ کرنا تھا۔ اس غیر سرکاری تنظیم جس کا نام سٹیزن لائبریری لا ئژن ایسوسی ایشن ہے جسے سی ایل ایل اے اور بچوں کے لیے آسان تر الفاظ صلہ کے حوالے سے جانا جاتا ہے۔
اس کے روح رواں آفتاب فاروقی ہیں۔ بچوں کے لیے اتنی سوچ کہ کتاب بینی کی جانب لوٹیں ویسے تو نئی نسل کے ہونہار کتاب بینی سے پیدائشی طور پر ہی دور ہیں کہ انھیں تو کورس کی کتابیں ہی کتابیں لگتی ہیں۔
بڑے بڑے بستوں میں رنگ برنگی موٹے گتوں والی خوبصورت اور مہنگی مہنگی کتابیں یقینا اچھی لگتی ہیں لیکن انھیں پڑھنے کا تصور خوش کن نہیں لگتا تو پھر کتاب بینی کی اصطلاح۔۔۔ اگر کتاب بھی پڑھنا ہی ٹھہری تو جناب پی ڈی ایف پر ڈاؤن لوڈ کرکے یہ شوق بھی پورا کر لیں۔
اسی حوالے سے پبلشرز حضرات کا ایک احتجاج بھی جو حالیہ دنوں میں نظر سے گزرا تھا کہ ان کا دھندا ٹھپ ہوتا جا رہا ہے کہ پڑھنے والے یعنی قارئین کوئی نئی کتاب بازار میں آتے ہی پی ڈی ایف کا مطالبہ کرتے ہیں اور یوں ان کی کتابیں کوئی نہیں خریدتا۔
سب انٹرنیٹ کے تاروں سے الجھے ڈاؤن لوڈ کیا اور پھر موبائل کی جلتی اسکرین پر پڑھ لیا کہ اب کمپیوٹر کی اسکرین کو بھی خدا حافظ کہہ کر آگے بڑھا جا چکا ہے پھر سڑک پر چلنے والے لوگ، بسوں میں سفر کرنیوالی خواتین اور کچھ اونگھتے کچھ جاگتے بچے اب کہاں کمپیوٹر یا لیپ ٹاپ کے جھنجھٹ میں پڑیں، بس پی ڈی ایف ڈاؤن لوڈ کرو اور پڑھنا ہے پڑھو ورنہ۔۔۔۔ لیکن ذرا رکیے۔
جلتی اسکرین کیا آنکھوں کی صحت کے لیے فائدہ مند ہے؟ ہماری قوم بہت جلد باز ہے، لہٰذا آسانی سے فراہم ہونیوالی ساری سہولتوں کو چٹکی بجاتے حاصل کر لینا اور جواباً ایک بات۔۔۔۔ پی ڈی ایف ہے ناں۔شروع میں تذکرہ ایک تقریب کا تھا جہاں مضمون نگاری کے مقابلے کے نتائج کا اعلان تھا۔
عجب بات یہ تھی کہ ہمارے پروڈیوسر صاحب بچوں کے بارے میں بات کرتے کرتے آب دیدہ ہو گئے۔ ابھی ہماری آنکھیں بھی نم ناک کیوں ہو گئیں کہ بات ہی کچھ ایسی تھی ان کا کہنا تھا کہ بچوں کی یہ حالت دیکھ کر انھیں سخت افسوس ہوا کہ ان کی قوم کے بچے کس نہج پر چل رہے ہیں۔
لفظ بہ لفظ تو یاد نہیں لیکن مفہوم یہی تھا کہ بچوں کے مضمون کے جو نمونے ان تک پہنچے تو اس میں ایسی کوئی بات ہی نہ تھی کہ جسے کسی مقابلے کے لیے شامل کیا جا سکے، وہ تحریر ، وہ رنگ، وہ اثر اس عمر کے بچوں کو یقیناً ان کے استادوں نے ہی تیاری کروائی تھی پر کیا وہ ایسا ہی ہونا چاہیے تھا؟
دوسرے الفاظ میں آفتاب فاروقی کی تنقید ان کے اساتذہ اور والدین کے لیے بھی تھی۔ ایک شخصیت ایک عہد ایک کردار علامہ اقبال کیا ان کے حوالے سے ہم سب نہیں جانتے کہ وہ کب اور کہاں پیدا ہوئے، ان کے والد کا نام کیا تھا اور ایسی ہی کئی باتیں جو کورس کی کتابوں میں سب بچے ہی رٹ رٹا کر امتحانوں میں بیٹھتے ہیں پر کسی مضمون کے حوالے سے کتابوں، رسائل تو کیا ہی۔۔۔۔ پر انٹرنیٹ کے طلسماتی تاروں سے بھی کچھ نچوڑ نہ پائے تھے کہ ایک عظیم قومی شخصیت کا کردار اجاگر ہوتا، وہی الفاظ وہی جملے ایک کے بعد ایک مضمون میں لکھے امتحانی کاپیوں کی چیکنگ مقصود ہو۔
آج تک آفتاب صاحب کے لہجے کا وہ درد، وہ آنسوؤں کی نمی یاد ہے اور اس وقت احساس ہوا کہ ان کا کہنا غلط تو نہیں ہم اپنی قوم کے معماروں کو اچھے بڑے اسکول، اپنے اپنے معاشی تقاضوں کے حوالے سے ہر انداز کے اسکول میں پڑھا رہے ہیں ، کیا ہم انھیں تخلیق کے حوالے سے کسی مثبت کارکردگی دکھانے کا اہل بھی نہیں سمجھتے۔
کہاں گئے وہ کالے تختوں پر سفید چاک سے لکھ کر درختوں کے نیچے پڑھانیوالے استاد، سیدھے سادے، پرخلوص اور اپنے شاگردوں کو اپنی اولادوں کی طرح چاہنے والے۔ بات پھر کہاں سے کہاں نکل گئی۔ صلہ۔۔۔۔ اب یہ واقعی وہ صلہ ہے جو کسی انتھک محنت کے بعد ملتا ہے یا محض چند الفاظ کا مخفف۔
بہرحال جو بھی ہے اس میں آفتاب فاروقی کی انتھک محنتوں کا صلہ ہی ہے جو انھوں نے بچوں کے عالمی دن کے حوالے سے ایک اور تقریب منعقد کی ۔ مقابلہ تھا محاورہ کہاوت کہانی کی تربیتی نشست جس میں بچوں نے بالحاظ عمر یعنی اس میں دو کیٹگری رکھی گئی تھیں، گیارہ سال تک کے بچے اور اس سے بڑے بچوں کی الگ کیٹگری۔
پانچ منٹ کی کہانی میں محاورے کی بنیاد پر کہانی زبانی سنانی تھی اور اس کی وڈیو بنا کر دیے گئے نمبر پر ارسال کرنی تھی اور ارسال کردہ نمبرز بھی خاصے ذمے داران کے تھے جو اس جماعت کے اہم رکن ہیں ان میں سے اچھی کہانیاں منتخب کرکے بچوں کو ناصرف انعامات سے نوازا گیا بلکہ تمام بچے جو بہترین کے درجے پر نہ تھے تخلیقی صلاحیتوں کے اعتراف میں سرٹیفکیٹس سے بھی نوازا گیا۔
لیاقت میموریل لائبریری میں منعقد کیا جانیوالا یہ فنکشن چار بجے شروع کیا گیا تھا، دلچسپ بات یہ ہے کہ آفتاب صاحب بچوں کو یاد دلاتے بھی رہتے ہیں کہ بچوں تین بج کر پینتالیس منٹ پر آپ سب نے پہنچ جانا ہے اور تین بج کر اٹھاون منٹ پر کھڑے ہو کر چار بجنے کا انتظار کرنا ہے اور ٹھیک چار بجے قومی ترانے سے تقریب کا آغاز ہوگا۔
ایک اور دلچسپ بات وہ یہ کہ اس دور کے ننھے منے بچے حکیم محمد سعید کی پابندی وقت کو کیا جانیں لیکن وہ ان کے حوالے سے بچوں کو باور کراتے ہیں۔ حکیم محمد سعید نے بچوں کے لیے بامقصد تقاریب منعقد کرکے اپنے حصے کا بڑا کردار ادا کیا تھا۔
شاید یہ اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے ایک کوشش کہ بچے کتاب سے جڑیں، مطالعہ کرنے کی عادت ڈالیں کہ کتاب کے صفحات کی مہک خود بخود اپنے پڑھنے والے کو اپنی جانب متوجہ کرتی ہے۔ دعا ہے کہ وہ اپنی اس کوشش میں کامیاب ہوں۔( آمین)