اقبال کے آباؤ اجداد کشمیری برہمن تھے۔ ان کے دادا شیخ محمد رفیق 1857 میں آبائی گاؤں لوئی ہار سے سیالکوٹ میں جا بسے ۔ اقبال کے والد نور محمد نہایت متقی، صوفی صفت انسان تھے، انھیں مذہبی علوم سے گہرا لگاؤ تھا۔اقبال نے اپنے خانوادے کے حوالے سے اپنے اشعار میں کچھ اس طرح فرمایا ہے۔
میں اصل کا خاص سومناتی
آبا مرے لاتی مناتی
تُو سید ہاشمی کی اولاد
مری کف خاک برہمن زاد
اقبال کی والدہ امام بی بی ایک مذہبی خاتون تھیں۔ سر عبدالقادرنے لکھا ہے۔’’ ماں کے دودھ کے ساتھ اسلام ان کے رگ و پے میں شامل ہو گیا تھا۔‘‘ انھوں نے اپنی والدہ کی عظمت، شفقت و مہربانی، تعلیم و تربیت کو نہایت عقیدت و محبت کے ساتھ اپنی شاعری میں اس طرح ڈھالا ہے۔
تربیت سے تیری میں انجم کا ہم قسمت ہوا
گھر مرے اجداد کا سرمایۂ عزت ہوا
دفتر ہستی میں تھی زریں ورق تیری حیات
تھی سراپا دین و دنیا کا سبق تیری حیات
علامہ نے اسکاچ مشن ہائی اسکول سیالکوٹ سے درجہ اول میٹرک کا امتحان پاس کیا، اسکول انتظامیہ نے ان کی ذہانت اور عملیت کو دیکھتے ہوئے تمغہ سے نوازااور اس کے ساتھ ہی وظیفہ بھی جاری کر دیا۔
1895 میں معروف ادبی جریدہ ’’زبان دہلی‘‘ کے شمارے میں اقبال کی غزل شائع ہوئی۔ انٹرمیڈیٹ کے امتحان میں شاندار کامیابی حاصل کی۔1897 میں بی اے اور 1899 میں فلسفے میں سیکنڈ ڈویژن سے ایم اے پاس کیا۔
وہ یونیورسٹی میں پاس ہونے والے اکلوتے طالب علم تھے۔ یونیورسٹی کی طرف سے ’’خان بہادر شیخ نانک بخش میڈل سے نوازا گیا‘‘۔ اقبال کا اپنا رجحان فلسفے کی طرف تھا۔ دوسرے پروفیسر تھامس آرنلڈ گورنمنٹ کالج لاہور میں فلسفے کے استاد مقرر ہو گئے۔
اس طرح اقبال کی صلاحیتیں مزید نکھرنے لگیں۔ اقبال کی تصانیف کتابوں پر مشتمل ہے۔علامہ نوجوانوں کو پیغام دیتے ہوئے کہتے ہیں کہ وہ ملی اور اسلامی روایات کو اپنائیں وہ انھیں اپنا جہاں پیدا کرنے کی ترغیب کیساتھ دعا بھی دے رہے ہیں۔ علامہ نوجوانوں کو مغربی طرز فکر اپناتا ہوا دیکھ کر کہنے پر مجبور ہوئے۔
خدا تجھے کسی طوفاں سے آشنا کردے
کہ تیرے بحر کی موجوں میں اضطراب نہیں
تجھے کتاب سے ممکن نہیں فراغ کہ تو
کتاب خواں ہے صاحب کتاب نہیں
علامہ نے مغربی تہذیب سے بے زاری اور مسلمانوں کی عظمت کو اس طرح بیان کیا ہے۔
اپنی ملت پر قیاس اقوام مغرب سے نہ کر
خاص ہے ترکیب میں قومِ رسولِ ہاشمی
اقبال نے اپنی ابتدائی تعلیم جس میں قرآن، حدیث اور اسلامی فقہ شامل ہیں۔ مولوی میر حسن سے حاصل کی، انھوں نے اقبال کو فارسی ادبیات میں گلستان بوستان، سکندر نامہ انوارالسہیلی کو پڑھا کر اقبال کے عربی و فارسی ذوق کو خوب نکھارا، اپنے استاد میر حسن کو یوں خراج تحسین پیش کیا ہے:
وہ شمع بارگہ خاندان مرتضوی
رہے گا مثلِ حرم جس کا آستان مجھ کو
نفس سے جس کے کھلی مری آرزو کی کلی
بنایا جس کی مروت نے نکتہ داں مجھ کو
عربی زبان و ادب میں مولوی محمد دین ایم او ایل اور فلسفے میں پروفیسر ڈبلیو بل W. Bell اور پروفیسر اُشر ان کے استاد تھے۔پروفیسر آرنلڈ اقبال کی صلاحیتوں سے اس قدر متاثر ہوئے کہ دونوں میں دوستانہ مراسم پیدا ہوگئے۔
وہ اپنے رفقا سے اکثر کہتے کہ ایسا شاگرد استاد کو محقق اور محقق کو محقق تر بنا دیتا ہے۔ علامہ اقبال کے متنوع پہلوؤں میں قانون دان کی حیثیت سے ان کا کردار بھی خاصی اہمیت رکھتا ہے۔
اسی حوالے سے ایک مشہور واقعہ بھی تاریخ کا حصہ بن گیا ہے کہ علامہ کے بڑے بھائی شیخ عطا محمد جو بلوچستان کی سرحد پر فورٹ سنڈیمن میں سب ڈویژنل آفیسرملٹری ورکس کی حیثیت سے اپنی ذمے داریاں انجام دے رہے تھے انھی دنوں ایک فوجداری مقدمہ سازش کے تحت ان پر دائر کر دیا گیا۔
اقبال کو اس کیس کے سلسلے میں فورٹ سنڈیمن جانا پڑا اور بڑی کوششوں کے بعد اس قضیہ کو ختم کیا۔ مقدمہ بہت دیر چلا آخر شیخ عطا محمد کو رہائی نصیب ہوئی۔ ب
لوچستان کے سفر کے دوران ہی انھوں نے بلبل کی فریاد لکھی۔ شاید اسی واقعہ کی وجہ سے ان کی توجہ قانون کی طرف ہو گئی اور انھوں نے بیرسٹری کی تعلیم کے لیے ولایت جانے کا ارادہ کر لیا۔
ستمبر 1905 میں اقبال نے لندن کی مشہور درسگاہ Lincoln's Innمیں داخلہ لے لیا۔ 9 سال قبل قائد اعظم محمد علی جناح نے بھی قانون کی اعلیٰ ڈگری اسی جگہ سے حاصل کی تھی۔ جولائی 1908 میں علامہ اقبال ڈاکٹریٹ اور بیرسٹر ایٹ لا کی ڈگریاں لے کر ہندوستان واپس آگئے۔
تین چار روز بعد ہی علامہ اقبال کے بڑے بھائی شیخ عطا محمد سیالکوٹ سے لاہور آئے اور مرزا جلال الدین کے توسط سے علامہ کے لیے کرایہ کے دفتر کے لیے کوشش کی جس میں انھیں کامیابی حاصل ہوئی اور ایک مکان کرائے پر لے کر دے دیا لیکن علامہ کے دوست احباب نے عدالت ہائے ضلع میں پریکٹس کرنے کا مشورہ دیا لہٰذا اس مشورے پر عمل تو ہو گیا لیکن علامہ ضلع میں پریکٹس کرنے کے خواہشمند نہیں تھے اس بات کا ذکر انھوں نے اپنے خط میں کیا جو 29اگست کو منشی محمد دین فوق کے نام لکھا گیا تھا۔
علامہ اقبال کی کوششوں اور اللہ کی مدد کے تحت اقبال چیف کورٹ میں پریکٹس کرنے لگے اس کے بعد علامہ کی تقرری گورنمنٹ کالج کے پروفیسر فلسفہ جیمز کے انتقال کے بعد ان کی جگہ پر ہوگئی۔ اقبال کی شہرت بطور شاعر دور دور تک پہنچ چکی تھی اور اب قانونی پیشے میں بھی اس کی اہمیت مسلم ہو گئی۔
علامہ اقبال نے اپنے شوق اور معلومات کے حصول کے لیے اندرون ملک کے علاوہ بیرون ملک بھی سفر کیے مطالعہ کائنات کے ساتھ انھوں نے مشاہدہ فطرت سے حقائق کی روشنی میں کئی نظمیں تخلیق کیں انھوں نے بیرون ملک کا سفر 1905 میں اختیار کیا۔ اس وقت ان کی عمر28 سال تھی۔ انھیں حصول علم کی طلب یورپ اور دوسرے مقامات پر لے گئی، اسی حوالے سے اپنی نظم ’’التجائے مسافر‘‘ میں اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے:
چلی ہے لے کے وطن کے نگار خانے سے
شرابِ علم کی لذت کشاں کشاں مجھ کو
قارئین کی سہولت کے لیے پروفیسر حق نواز نے ’’سیاحت اقبال‘‘ کے عنوان سے کتاب مرتب کی جبکہ اقبال نے بیرون ملک کے چار سفر کیے لیکن فاضل مرتب نے انھیں آٹھ ابواب میں تقسیم کیا ہے۔ اٹلی 1931 اور فلسطین کا سفر 1931 مصر کا سفر 1931 ہسپانیا کا سفر1932 اور افغانستان کا سفر 1933یورپ کا سفر 1905 یورپ کا سفر 1931، یورپ کا سفر1932۔علامہ کے اشعار ان کی اسلام اور تاریخ کی قدآورشخصیتوں کے مزاروں پر حاضری اور ان کی اسلام اور اسلام کے سالاروں سے عقیدت ومحبت کا ثمر تھے۔
اقبال کو اس بات کا بھی گہرا تعلق ہے کہ مسلمان اپنے تمدنی وعلمی سرمائے سے محض مغرب کی نقالی کی وجہ سے دور ہوتے جارہے ہیں۔ ان کی شاعری طلبا کے لیے درس اور تبلیغ کی حیثیت رکھتی ہے۔
اٹھا نہ شیشہ گران فرنگ کے احساں
سفال ہند سے مینا وجام پیدا کر