پاکستان کے خلائی سفر نے ایک نئے اور تاریخی مرحلے میں قدم رکھ دیا ہے۔ 25 نومبر 2026ء کو چین کے جیوچوان خلائی مرکز سے شینژو 24 خلائی جہاز زمین کے مدار کی جانب روانہ ہوا تو اس کے تین رکنی عملے میں پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی بھی شامل تھے۔
چین کے دو خلا بازوں تانگ ہونگبو اور وو یی کے ہمراہ سفر کرنیوالے ذیشان علی نے بطور پے لوڈ اسپیشلسٹ اس مشن میں شرکت کی۔ اس کامیابی کیساتھ وہ زمین کے مدار میں پہنچنے والے پہلے پاکستانی اور چین کے تیانگونگ خلائی اسٹیشن پر قدم رکھنے والے پہلے غیر ملکی خلا باز بن گئے۔
یہ محض ایک فرد کی کامیابی نہیں بلکہ پاکستان کی سائنسی تاریخ، قومی وقار اور چین کیساتھ خلائی تعاون میں ایک نئے باب کا آغاز ہے۔پاکستان کا خلائی سفر 1962ء میں اس وقت شروع ہوا جب 7 جون کو سونمیانی کے ساحل سے رہبر اوّل ساؤنڈنگ راکٹ خلا میں روانہ کیا گیا۔
اس کامیابی نے پاکستان کو ایشیا کے ان ابتدائی ممالک میں شامل کر دیا جنہوں نے بالائی فضا کی تحقیق کے لیے راکٹ ٹیکنالوجی استعمال کی۔ محدود وسائل کے باوجود پاکستانی سائنس دانوں نے اس نئے علمی میدان میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔
بعد کے برسوں میں معاشی اور ادارہ جاتی مشکلات کے باعث مطلوبہ رفتار برقرار رکھنا آسان نہ رہا، تاہم سائنس دانوں اور انجینئروں کی مسلسل کوششیں جاری رہیں، جن کی بنیاد پر آج اہم کامیابیاں حاصل ہو رہی ہیں۔
پاکستان نے خلائی ٹیکنالوجی کو قومی ترقی کی ضروریات سے جوڑنے کے لیے بھی پیش رفت کی۔ 2016ء میں اسپارکو اور چائنا گریٹ وال انڈسٹری کارپوریشن کے درمیان پاکستان کے پہلے ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹ، پی آر ایس ایس ون، کی تیاری اور لانچنگ کا معاہدہ طے پایا۔
9 جولائی 2018ء کو یہ سیٹلائٹ پاکستان کے تیار کردہ ٹیکنالوجی ایویلیوایشن سیٹلائٹ پاک ٹیس ون اے کیساتھ چین کے جیو چوان خلائی مرکز سے مدار میں بھیجا گیا۔ 14 اگست 2018ء کو پی آر ایس ایس ون کا کنٹرول پاکستان کے گراؤنڈ کنٹرول اسٹیشنز کو منتقل کر دیا گیا۔
اس طرح پاکستان نے سیٹلائٹ آپریشن اور خلائی معلومات کے حصول میں ایک اہم قومی سنگِ میل عبور کیا۔مواصلاتی شعبے میں بھی پاکستان نے نمایاں پیش رفت کی۔
30 مئی 2024ء کو پاک سیٹ ایم ایم ون کامیابی سے خلا میں بھیجا گیا، جو ملک کے مواصلاتی نظام کو مضبوط بنانے، ڈیجیٹل خدمات کے دائرے کو وسیع کرنے اور ڈیجیٹل پاکستان کے وژن کو تقویت دینے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
جدید دور میں مواصلاتی خود انحصاری تعلیم، تجارت، انتظامی کارکردگی اور معاشی ترقی کی بنیادی ضرورت بن چکی ہے۔ اسی طرح 2020ء میں نیشنل سینٹر آف جی آئی ایس اینڈ اسپیس ایپلی کیشنز کا قیام جغرافیائی معلومات اور خلائی مشاہدات کو قومی ضروریات کے مطابق استعمال کرنے کی جانب اہم قدم تھا۔
2025ء اور 2026ء کے دوران پاکستان نے زمین کے مشاہدے کے لیے پانچ ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹس مدار میں بھیجے، جن میں تین الیکٹرو آپٹیکل، ایک مصنوعی دہانہ دار ریڈار اور ایک ہائپر اسپیکٹرل سیٹلائٹ شامل ہیں۔ یہ مختلف ٹیکنالوجیز زمین کے مشاہدے کے جدید ذرائع فراہم کرتی ہیں۔
الیکٹرو آپٹیکل سیٹلائٹس واضح تصویری معلومات حاصل کرتے ہیں، جبکہ ریڈار بادلوں اور تاریکی میں بھی زمین کا مشاہدہ کر سکتا ہے۔ مون سون کے دوران سیلابی پانی اور زیر آب علاقوں کی نشان دہی میں یہ ٹیکنالوجی خصوصی اہمیت رکھتی ہے۔
دوسری جانب ہائپر اسپیکٹرل ڈیٹا فصلوں کی صحت، نباتات، مٹی اور قدرتی وسائل کے تجزیے میں مدد دے سکتا ہے، یوں خلائی ٹیکنالوجی پاکستان کے لیے زرعی منصوبہ بندی، ماحولیاتی نگرانی اور قدرتی آفات سے نمٹنے کا موثر ذریعہ بن رہی ہے۔
پاکستان کی خلائی تحقیق کا ایک اور اہم سنگ میل آئی کیوب قمر ہے، جسے انسٹی ٹیوٹ آف اسپیس ٹیکنالوجی اور چین کی شنگھائی جیاؤ ٹونگ یونیورسٹی نے مشترکہ طور پر تیار کیا۔ یہ تحقیقی خلائی جہاز 3 مئی 2024ء کو چین کے چینگ ای 6 مشن کیساتھ روانہ ہوا اور 8 مئی کو چاند کے مدار میں پہنچا۔
اس منصوبے نے پاکستانی محققین اور انجینئروں کو خلائی جہاز کے ڈیزائن، آلات کی تیاری اور قمری ماحول میں تحقیق کے عملی تقاضوں سے روشناس کرایا۔ اس کامیابی نے پاکستانی جامعات اور نوجوان سائنس دانوں کے لیے بین الاقوامی خلائی تحقیق میں شرکت کے نئے دروازے کھولے۔
چین کیساتھ انسانی خلائی پرواز کے شعبے میں تعاون اسی سفر کی نمایاں کڑی ہے۔ فروری 2025ء میں پاکستان اور چین کے درمیان طے پانیوالے معاہدے کے تحت محمد ذیشان علی اور خرم داؤد نے چین میں خلا بازوں کی تربیت حاصل کی، جس کے بعد ذیشان علی کو شینژو 24 مشن کے لیے منتخب کیا گیا۔
ان کی ذمے داری خلائی سفر کیساتھ مدار میں سائنسی تجربات میں شرکت بھی تھی۔ مدار میں ہونیوالے تجربات کے نتائج پاکستان کے اپنے تحقیقی مراکز میں منتقل کیے جائیں تاکہ نئی نسل بھی اس علمی سرمایہ سے فائدہ اٹھا سکے۔
پاکستان نے چاند کی تحقیق کے حوالے سے بھی ایک بلند ہدف متعین کیا ہے۔ 18 اکتوبر 2026ء کو نارووال میں ورلڈ اسپیس ویک کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر ِ منصوبہ بندی احسن اقبال نے 2035ء تک پاکستان کی قمری لینڈنگ کا ہدف بیان کیا تھا۔
اس منزل کی جانب ایک اہم قدم اسپارکو کا مقامی طور پر تیار کیا جانے والا قمری روور ہے، جو چین کے چینگ ای 8 مشن میں شامل ہوگا۔ اسپارکو کے مطابق یہ مشن 2028ء میں روانہ ہونے کی توقع ہے اور اس کا ہدف چاند کے قطب جنوبی کے قریب تحقیق کرنا ہے۔
تقریباً 35 کلوگرام وزنی روور کے ذریعے قمری سطح، چاند کی مٹی اور جدید آلات کی آزمائش ممکن ہو سکے گی۔ اس منصوبے میں پاکستانی سائنس دانوں اور انجینئروں کی شرکت مستقبل کے قومی قمری مشن کے لیے قیمتی تجربہ فراہم کریگی۔
اُڑان پاکستان کے وسیع تر ترقیاتی وژن میں جدید علوم، تحقیق اور صنعتی صلاحیت کا فروغ بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔ خلائی شعبہ دقیق الیکٹرانکس، بصریات، جدید مواد، مصنوعی ذہانت، خودکار نظام اور ڈیٹا سائنس جیسے علوم کو یکجا کرتا ہے،سونمیانی سے شروع ہونیوالا پاکستان کا خلائی سفر آج تیانگونگ کے مدار تک پہنچ چکا ہے۔
رہبر اوّل کی ابتدائی پرواز سے اپنے ریموٹ سینسنگ اور مواصلاتی سیٹلائٹس، آئی کیوب قمر، پاکستانی خلا باز کی تاریخی شرکت اور قمری روور کی تیاری تک یہ ہماری سائنسی جدوجہد اور قومی عزم کی روشن داستان ہے۔
یہ کامیابیاں ثابت کرتی ہیں کہ پاکستانی نوجوانوں، سائنس دانوں اور انجینئروں میں جدید دنیا کے بڑے سائنسی چیلنجوں سے نمٹنے کی صلاحیت موجود ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ اس صلاحیت کو معیاری تعلیم، مسلسل تحقیق، سرمایہ کاری اور ادارہ جاتی استحکام کے ذریعے مزید نکھارا جائے۔
چاند تک پہنچنے کا راستہ صرف ایک راکٹ سے نہیں بنتا بلکہ اس کے لیے علم، ٹیکنالوجی، قومی یکجہتی اور مستقل عزم درکار ہوتا ہے، اگر پاکستان نے اس تاریخی موقع کو مضبوط سائنسی اور صنعتی بنیاد میں تبدیل کر لیا تو آنیوالے برسوں میں اس کی خلائی منزلیں مزید بلند ہوں گی۔
سونمیانی سے تیانگونگ تک کا سفر اس حقیقت کا ثبوت ہے کہ پاکستان نے خلائی افق کی جانب اپنی نگاہ اٹھا لی ہے۔ اب اسے ماہتاب تک پہنچانے کے لیے مسلسل محنت اور قومی عزم ہی اصل قوت ثابت ہوں گے۔