لکھنوکے نخاس اور کشمیری محلے کے سامنے حکیم عالم صاحب کا مطب (جوش کا ٹھکانہ)اور اس سے متصل شیعہ اسکول/ کالج کی لق دق عمارت سے جب آپ بائیں جانب مڑیں گے تو مینا بازار میں داخل ہوئے بنا گولا گنج کی سمت جاتے ہوئے آج کی چونا منڈی کی ایک بوسیدہ عمارت پر طویل عرصے تک روزنامہ ’’سرفراز‘‘ کا بورڈ آویزاں رہا اور شاید کہ اب بھی ہو،یہی وہ جگہ ہے جہاں پہلی مرتبہ میری ملاقات ڈاکٹر کلب صادق سے سر راہ ہوئی تھی۔
سوال یہ ہے کہ مجھے آج لکھنو اور پروفیسر احتشام حسین کے خانوادے کا روزنامہ ’’سرفراز‘‘ کیوں یاد آیا،شاید کہ اس کی وجہ حسین نقی صاحب کا اچانک بچھڑ جانا ہو؟نہیں بلکہ اس سے بھی اہم وجہ حسین نقی اور روزنامہ سرفراز کا وہ بے باک اور جدوجہد کے استعارے کا وہ حوالہ ہے جس سے حسین نقی کی بے خوف رائے دینے اور ان کی انقلابی سوچ کے سوتے سمجھنے کا موقع ملتا ہے۔
تصور کیجیے کہ جو بچہ شیعہ کالج ڈالا گنج میں پڑھتا ہو اور جس کے والد اس کالج کے بورڈ آف گورننگ کے کرتا دھرتا ہوں،وہ بچہ کالج میں ایک مذہبی اسکالر ابن حسن جارچوی کی بطور پرنسپل تعیناتی کو تعلیم کے معیار و وقار کی سلامتی کے منافی سمجھ کر روزنامہ ’’سرفراز‘‘ میں مضمون لکھ دے اور اپنے والد کے خلاف پرچم بلند کردے تو اس حسین نقی کے سیاسی و سماجی شعور کو سمجھنا یا اس کا مقابلہ کرنا کیسے ممکن تھا؟
لکھنو کی کچھ معلومات کو تروتازہ کرنے کے واسطے آج صبح جب بھائی افتخار عارف سے بات چیت ہوئی تو کیا نخاس،کیا حکیم عالم صاحب کا مطب،کیا جوہری محلے کی یادیں ،کیا مینا بازار میں عابد سہیل اور نصرت کی نصرت پبلی کیشنز کیا شارب ردولوی کا ذکر اور کیا کچھ نہ حسین نقی کی محبت و شفقت کا ذکر رہا،اس اجمال کی تفصیل پھر کسی تحریر میں لکھی جائے گی۔
سر دست شیعہ کالج کا ذکر تھا جہاں کے طالبعلم افتخار عارف خود بھی رہ چکے ہیں،لکھنو کا ذکر جہاں یادوں کی بارات لیے ہوئے ہوتا ہے، وہیں وہی ذکر کبھی آنکھوں کو نم بھی کر دیتا ہے،یہی کچھ افتخار عارف اور میری گفتگو کے دوران ہوتا رہا،اسی دوران نواب مراتب کا جب ذکر ہوا تو مجھے یاد آیا کہ حسین نقی کی شادی بھی اسی نواب خاندان کی ایک نوابن سے ہوئی تھی جو حسین نقی کی لاہور منتقلی کا ایک اہم سبب بھی تھا۔
شاید کہ بہت کم لوگ جانتے ہوں کہ لاہور کی نصف سے کچھ کم کی جائیداد کامالک آج بھی یہی نواب خاندان ہے جو کہ اپنی روایتوں کے ساتھ ٹھوکر نیاز بیگ سے متصل آبادی کو آباد رکھے ہوئے ہے،اسی میں لاہور کے ماڈل ٹاؤن کی زمین بھی تھی،جہاں حسین نقی کا گھر ہے۔
سیاسی طور سے باشعور اور ترقی پسند خیالات کا بر ملا اظہار کرنے والے حسین نقی سماج کی فرسودہ اور تنگ نظر رسموں کے بچپن سے وہ باغی تھے جنہوں نے کالج میں اپنے والد کے مسلط کیے گئے فیصلے کے خلاف بغاوت کی اور اسے وہ سیاسی شعور کا وہ فخر بتاتے تھے کہ جس پر وہ ہمیشہ فاخر رہے۔
جہاں حسین نقی شفیق،تہذیب و شائستگی کی علامت تھے وہیں وہ اپنے اصولوں پر کسی بھی قسم کی سودے بازی کرنے کے قائل نہ تھے،مجھے یاد ہے کہ حسین نقی کی کراچی آمد کے موقع پر ایک مرتبہ میں نے ان سے ان کے بیٹے کے کلفٹن میں واقع فلیٹ پر ملنے کا وقت لیا جس پر حسین نقی نے مجھے کہا کہ’’ کل صبح گیارہ بجے آجا نا پھر بیٹھ کر باتیں کریں گے‘‘
یہ ملاقات دراصل مجھے حسین نقی کے دیرینہ ساتھی اور ایوبی دور کے معروف شعلہ بیان طالبعلم رہنما علی مختار رضوی کی بیتی ہوئی سیاسی سرگرمیوں کے متعلق کرنی تھی۔
حسین نقی سے متعلقہ ملاقات کے احوال سے پہلے مجھے اپنے مارکسی استاد کامریڈ امام علی نازش جو خود لکھنو سے قریب کے علاقے امروہہ کے رہنے والے تھے کا میرے ساتھ بیتنے والا ایک واقعہ یاد آگیا چونکہ نازش صاحب بہت ڈسپلن فرد تھے،مجھے واقعے کے بعد احساس ہوا کہ حسین نقی اور نازش کے ڈسپلن میں خاصی مشابہت تھی۔
دراصل ہوا یوں کہ ’’اوجھا سینیٹوریم میں علالت کی مجبوری کے تحت داخل ہونے والے کامریڈ امام علی نازش نے ایک روز مجھ سے باز پرس کی کہ ’’ کامریڈ سنا ہے کہ آپ پارٹی اجلاس میں عمومی طور سے دیر سے پہنچتے ہیں جو کہ کسی طور درست رویہ نہیں ہے۔میں نے اپنے رویے پر نازش صاحب سے معذرت کی اور آیندہ شکایت نہ ہونے کی یقین دہانی کروائی اور اپنی جان بچائی۔
مگر صاحب وہ کہتے ہیں نا کہ ’’ چور چوری سے جاتا ہے ہیرا پھیری سے نہیں جاتا‘‘کے مصداق برسوں کی دیر کرنے کی عادت میں کسی حد تک کمی تو واقع ہوئی مگر دیر کرنے کی عادت کہیں نہ کہیں اب بھی ہمیں شرمندہ کرا ہی دیتی ہے،سو اس روز بھی ہماری عادت ہمیں غچہ دے گئی۔
جس روز ہمیں حسین نقی کے ہاں جانا تھا،اس روز ہم پھر تاخیر سے پہنچے تو حسین نقی نے ہمیں دروازے پر روک لیا اور کہا کہ ’’ کیا وقت دیا تھا آپ نے؟‘‘ہم نے انتہائی عاجزانہ طور پر کہا کہ ’’گیارہ بجے کا…‘‘نقی صاحب نے گھڑی کی طرف دیکھتے ہوئے کہا کہ ’’اب ساڑھے گیارہ ہوئے ہیں ،لہٰذا آپ سے ملاقات کا وقت ختم ہو چکا ہے اور آپ جا سکتے ہیں۔‘‘ہم بھونچکا سے کھڑے کبھی خود کو کبھی نیچے اترنے والی لفٹ کو دیکھتے رہے کہ اچانک میرے ایک ساتھی پر نقی صاحب کی نظر پڑی،پوچھا یہ کون ہیں؟میں نے کہا کہ ’’دوست ہیں‘‘اس پر نقی صاحب تھوڑا پسیجے اور یہ کہتے ہوئے گھر میں آنے کی اجازت دی کہ دوست کی وجہ سے صرف آدھا گھنٹہ آپ بیٹھ سکتے ہیں۔
حسین نقی ایسے یہ وہ با اصول اور وقت کی قدر کرنے والے لوگ تھے کہ جن کی ڈانٹ بھی سیکھنے اور سکھانے کا لطیف جذبہ لیے ہوئے ہوتی تھی،نقی صاحب کے دیر سے آنے کے اس سبق نے پھر مجھ سے آج تک کوئی تقریب ایسی نہ کروائی کہ جس میں دیر ہو سکے،آج بھی کہیں جانے سے ایک گھنٹہ قبل تیاری کر لی جاتی ہے اور کسی بھی تقریب میں وقت پر پہنچنے پر ہمیشہ میں حسین نقی کا شکر گزار رہتا ہوں۔
حسین نقی کی طالبعلم سیاست سے لے کر صحافت کی اصولی صحافت اور ملک میں انسانی حقوق کے لیے سینہ سپر ہو کر کھڑے ہوجانے کا مزاج اور نظریہ اب بس خال خال ہی رہ گیا ہے،ان افراد کی تہذیب کا یہ عالم تھا کہ چاہے بیٹے کا فلیٹ ہو یا لاہور میں ماڈل کالونی کا اپنا گھر،دروازہ خود آکر حسین نقی ہی کھولیں گے اور نشست کے اختتام کے بعد دروازے تک خود ہی رخصت کرنے آئیں گے۔
یہ تہذیب و شائستگی کے وہ فرد اور وہ نشان ہیں جن کی صحبت اور ان کے سیاسی و سماجی علم سے آپ کچھ سیکھ کر ہی نکلیں گے،یہ اصول اور عمل کے وہ کھرے اور نڈر لوگ تھے جن کے عزم کے سامنے طاقتور ایوان بھی سر جھکانے پر مجبور ہوا کرتے تھے۔