زندہ درگور

جب تک ایسے حادثات کے نتیجے میں ہمارا کوئی اپنا یا پیارا متاثر نہ ہو، ہمیں بھلا کیا فرق پڑے گا


شیریں حیدر November 29, 2026

ایک اور حادثہ جو دو دن میں ہی خبروں سے غائب ہو گیا کیونکہ اس سے ہم میں سے کوئی متاثر نہیں ہوا نہ ہی یہ اپنی نوعیت کا پہلا حادثہ ہے۔

ہمارے ملک میں غیرقانونی تعمیرات اور تجاوزات کا مکمل ہو جانا اور پھر ان کا انتظامیہ کو نظر آجانا جب وہ پچیس تیس منزلہ عمارت مکمل ہو جائے، حتی کہ آباد بھی ہو جائے، کسی عمارت کی ناقص اور غیرقانونی تعمیر کے نتیجے میں کوئی حادثہ ہو جائے، کسی عمارت میں بجلی کے نظام کے نتیجے میں آگ لگ جائے یا گیس کی پائپ لائن پھٹ جانے سے آگ لگ جائے اور کئی لوگ اس میں جھلس کر مر جائیں، ہمیں اور آپ کو بھلا اس سے کوئی فرق پڑتا ہے؟

جب تک ایسے حادثات کے نتیجے میں ہمارا کوئی اپنا یا پیارا متاثر نہ ہو، ہمیں بھلا کیا فرق پڑے گا۔ کیا ان غیرقانونی عمارتوں کو جو کہ چند ماہ میں بلند ٹاور بن جاتے ہیں، انتظامیہ اور اداروں کی نظر سے بچانے کے لیے سلیمانی ٹوپی پہنا دی جاتی ہے کہ وہ کسی کو نظر ہی نہ آئیں تاوقتیکہ وہ مکمل ہوجائیں۔

اسلام آباد میں ایک بلند عمارت جس کا مقدمہ کچھ عرصہ تک چلتا رہا، اس حد تک کہ اس میں آباد لوگوں کو راتوں رات اپنے اپارٹمنٹ خالی کرنے کو کہا گیا کہ اس عمارت کو شاید گرا دیے جانے کا فیصلہ ہوا۔ بعدازاں وہ فیصلہ مؤخر ہو گیا اور تادم تحریر وہ عمارت قائم ودائم ہے اوراس کے مستقبل کا کوئی نہ کوئی فیصلہ ہو چکا ہو گا۔

ہمارے ملک میں عام رواج ہے کہ پانی کی گزر گاہو ں کو تنگ کر کے، چوڑے چوڑے نالوں کو تنگ سی نالیوں میں بدل کر ان کے عین اوپر کئی کئی منزلہ پلازے اور رہائشی عمارات بنا کر انھیں آباد کر دیا گیا ہے، لوگ رہ رہے ہیں، اسپتال، مالز، دفاتر اور ہوٹلز تک بنے ہوئے ہیں مگر ان عمارتوں کو خطرے کی زد میں قرار دے دیا جاتا ہے۔

جب شدید بارشوں کے نتیجے میں پانی کی قدرتی گزرگاہ سے پانی کا ریلا اپنے پورے زور سے آتا ہے تو، اس وقت شور مچتا ہے، کیا اس سے پہلے وہ کسی کو نظر نہیں آتے، تعمیر کے دوران انھیں کیوں مسمار نہیں کیا جاتا؟

کراچی میں ہونے والا حالیہ حادثہ بھی نظام کی ایک ایسی ہی غلطی کا شاخسانہ ہے۔ ذرائع کے مطابق اس وقت اس زیرتعمیر عمارت میں چالیس یا اس سے زائد لوگ موجود تھے جن میں سے کچھ زندہ درگور ہو گئے اور کچھ زخمی۔ اس عمارت کا ملبہ دیکھیں تو آپ کو اس سے اندازہ ہو جاتا ہے کہ عمارت کس قدر ناقص میٹریل سے بن رہی تھی۔

زیادہ لوگ جو اندر موجود تھے وہ مزدور ہی تھے، وہ لوگ جو حالات کے ہاتھوں پہلے ہی نہ زندوں میں ہوتے ہیں نہ مردوں میں، جو اپنے گھروں کے واحد کفیل ہوتے ہیں اور دن بھرکی مشقت کے بعد صرف اتنا کما لیتے ہیں کہ ان کے گھروں میں ایک وقت کی روٹی کے لیے چولہا جل جائے۔ ان کی موت کے بعد عموماً وارثین کو کچھ نہ کچھ معاوضہ دے دیا جاتا ہے لیکن وہ معاوضہ بھی کتنے دن کا چولہا جلا سکتا ہے؟

ذرا تصور کریں کہ کچھ عرصہ اور گزرتا اور یہ عمارت مکمل آباد ہوجاتی اور ایسا وقت ہوتا کہ اس کے اندر دو تین سو لوگ ہوتے… اس وقت کے جانی نقصان کا سوچیں کہ کتنا ہوتا۔ اس وقت بھی ایسا ہی ہوتا کہ ادارے، ا نتظامیہ اور عمارت بنانے والے چار دن خبروں میں آتے اور اس کے بعد سب بھول بھال کر پھر آنکھیں موند کر سو جاتے، اس وقت تک جب تک کہ مزید ایسی عمارتیں تعمیر ہو رہی ہوتی ہیں۔

ہم غفلت کی اتنی انتہا پر کیوں ہیں، ایک غریب ریڑھی لگاتا ہے یا فٹ پاتھ پر رکھ کر کچھ سامان بیچتا ہے تو اسے جانے پولیس کو کتنا بھتہ دینا پڑتا ہے کہ اس کے ہاں رات کو کھانا بھی پک سکتا ہے کہ نہیں۔

اس کے برعکس ایک پھل کا ٹھیلا لگانے والاپہلے کچا سا ڈھابہ بناتا ہے، پھر اس کے گرد ٹین کی چادروں کی دیوار بنا لیتا ہے اور ہوتے ہوئے یہ ایک ایسا ٹھیلا بن جاتا ہے جس پر چھت بھی پڑ جاتی ہے اور اینٹوں کی دیواریں بھی بن جاتی ہیں، جستی چادر کا ایک گیٹ بھی لگ جاتا ہے تا کہ رات کو تالا لگایا جا سکے۔ اب جب یہ سب کچھ ہو رہا ہوتا ہے تو کسی کو نظر نہیں آتا؟

کچھ عرصے کے بعد جب کوئی سیاسی تبدیلی آتی ہے تو کوئی نہ کوئی عہدیدار حکم دیتا ہے کہ ناجائز تجاوزات کو ختم کیا جائے تو اس وقت ادارے بھی جاگ جاتے ہیں اور پھر ایک سیدھی لکیر کھینچ کر اس پر بلڈوزر چلنے لگتا ہے اور اس کی زد میں کیا کیا آتا ہے، وہ پھر دیکھنے کے قابل ہوتا ہے۔

ادھورے ٹھیلے، مکانوں کے صحن اور برآمدے، آدھی آدھی دکانیں… غرض جو کچھ بلڈوزر کی زد میں آجائے کیونکہ بلڈوزر نے تو اسی لکیر پر چلنا ہے جو اس کے لیے کھینچی گئی ہے، ا س کی کون سا آنکھیں ہوتی ہیں۔

اسے کیا علم کہ اس کی وجہ سے کیا ختم ہو رہا ہے، لوگوں کی محنت، رقم، ارمان، خواب، حسرتیں اور جانے کیا۔ اگر ادارے پہلے ہی اپنی آنکھیں کھلی رکھیں اور کسی بھی علاقے میں جب تجاوزات ہوتے ہوئے دیکھیں تو اسی وقت روک دیں تاکہ اس وقت کسی غریب کا نقصان نہ ہو۔ جس جگہ پر حد ہے وہاں پر خاردار تار لگا دیں کہ اس سے آگے سڑک سے اتنے فاصلے پر نہ کوئی عمارت بنے گی، نہ عبادت گاہ ، نہ دکان اور نہ مکان۔

کوئی اس کی خلاف ورزی کرے تو شروع سے ہی اسے سزاد یں، بھاری جرمانہ کریں تا کہ لوگوں کو عبرت ہو کہ ادارے بیدار اور مصروف عمل ہیں۔ بد قسمتی سے جو لوگ ایسی خلاف ورزیاں کرتے ہیں، وہ یقیناً سرکاری عمال کو راضی کرتے ہوں گے، اس کا مطلب ہے کہ انھیں بھی اور سرکاری افسروں و ملازمین کو بھی علم ہوتا ہے کہ وہ تعمیرات غیرقانونی ہیں ۔

راولپنڈی میں ہی اس کی مثال پیش کی جاسکتی ہے، کچہری چوک جو کہ اب معرکہ حق چوک کہلاتا ہے، اس چوک سے لے کر لگ بھگ ایوب پارک تک کئی سو گاڑیاں ہر روز پارک ہوتی ہیں۔ سیکڑوں گاڑیاں ہر روز جی ٹی روڈ کو صبح اور دوپہر کے وقت بالکل بند کیے رکھتی ہیں۔

ان گاڑیوں کی پارکنگ کی وجہ سے عام لوگوں کو مصیبت بنی رہتی ہے اوراس پر مستزاد کہ نہ یہاں اسکولوں کی انتظامیہ کو اس کا احساس ہے اور نہ ہی مختلف اداروں کو۔ کبھی کوئی اہم وزیر یا مشیر ہی وہاں سے گزریں گے تو انھیں نظر آئے گا اور اس پر پھر چند دنوں کے لیے کوئی رد عمل ہو گا۔

جانے ہمیں یہ عادت کیوں ہے کہ ہم ہر چیز کو چونا اور پوچا لگا کر چھپا دیتے ہیں تاکہ جو بھی اہم شخصیات اس راستے سے گزریں، انھیں وہ سب نظر ہی نہ آئیں۔ جب تک ان میں سے کوئی بغیر اطلاع کے دورے نہیں کریں گے اور ان کاموں پر مامور اداروں کو چونا لگانے کی مہلت دیے بغیر تب تک یہ سب یونہی چلتا رہے گا۔

اسی طرح عمارتیں اور پل منہدم ہوتے اور حادثات کے نتیجے میں لوگ مرتے رہیں گے۔ اسی طرح تجاوزات کے باعث سڑکوں پرگھنٹوں پھنسے رہنے والے لوگ ڈپریشن اور غصے جیسی بیماریوں میں مبتلا ہوتے رہیں گے اور ذمے داران کو کوسنے اور بددعائیں دیتے رہیں گے۔