دنیا کی سیاست میں بعض ملاقاتیں محض ملاقاتیں نہیں ہوتیں۔ ان کی اہمیت میز پر بیٹھنے والے رہنماؤں کی تعداد سے نہیں بلکہ ان فیصلوں، امکانات اور پیغامات سے ہوتی ہے جو ان ملاقاتوں کے بعد سامنے آتے ہیں۔
اسلام آباد میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کی اعلیٰ سیاسی، سفارتی اور عسکری قیادت کا اجتماع بھی ایک ایسی ہی پیش رفت ہے جسے محض ایک رسمی اجلاس سمجھ کر نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔
مکہ معاہدے کے تناظر میں تینوں ممالک کا یہ اجتماع ایک ایسے وقت میں منعقد ہوا ہے جب مشرق وسطیٰ اور اس سے ملحقہ خطے سیاسی عدم استحکام، کشیدگی، جنگوں، اقتصادی مشکلات اور عالمی طاقتوں کی رقابتوں سے دوچار ہیں۔
ایسے حالات میں مشترکہ دفاع، علاقائی سلامتی اور سفارتی تعاون کے لیے ایک نئے فریم ورک کی تلاش اپنی اہمیت رکھتی ہے۔ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ تینوں اپنے اپنے جغرافیائی، سیاسی اور عسکری اعتبار سے اہم ممالک ہیں۔ پاکستان جنوبی ایشیا میں ایک ایٹمی قوت اور مسلم دنیا کا ایک اہم ملک ہے۔
سعودی عرب اسلامی دنیا میں روحانی مرکزیت کے ساتھ عالمی اقتصادی اور توانائی کے نظام میں اہم کردار رکھتا ہے۔ ترکیہ ایک مضبوط عسکری، صنعتی اور سفارتی قوت ہونے کے ساتھ یورپ، ایشیا اور مشرق وسطیٰ کے درمیان ایک اہم رابطہ بھی ہے۔
ان تینوں ممالک کی صلاحیتوں، تجربات اور وسائل کا باہمی اشتراک یقیناً ایک اہم اسٹریٹجک امکان رکھتا ہے۔ تاہم، کسی بھی اتحاد کی اصل قوت باہمی اعتماد، مشترکہ مقاصد اور عملی تعاون کی صلاحیت ہوتی ہے۔ مسلم دنیا میں اتحاد کی بات کوئی نئی نہیں۔
کئی دہائیوں سے مختلف اجلاسوں، کانفرنسوں، اعلامیوں اور مشترکہ قراردادوں میں اتحاد، یکجہتی اور مشترکہ حکمت عملی کی ضرورت پر زور دیا جاتا رہا ہے۔ لیکن حقیقت یہ ہے کہ فلسطین سے لے کر کشمیر، افغانستان، یمن اور دیگر بحرانوں تک مسلم ممالک کی مشترکہ آواز اکثر سیاسی اختلافات، علاقائی رقابتوں اور داخلی ترجیحات کے باعث مؤثر کردار ادا کرنے میں ناکام رہی ہے۔
یہی وہ پس منظر ہے جس میں مکہ معاہدے اور اسلام آباد میں ہونے والی مشاورت کو دیکھنا چاہیے۔ اس کے ذریعے ایک وسیع تر علاقائی تعاون کی بنیاد رکھی جا سکتی ہے۔ تینوں ممالک اپنے دفاعی تجربات، ٹیکنالوجی، تربیت، انٹیلی جنس اور عسکری صلاحیتوں کو ایک مشترکہ نظام میں تبدیل کر سکیں گے اور سب سے اہم بات یہ ہے کہ کیا یہ تعاون خطے میں جنگ کے امکانات کو کم کرنے اور امن کی راہ ہموار کرنے میں بھی مثبت کردار ادا کر سکتا ہے۔
ایک مؤثر دفاعی نظام وہی ہے جو مخالف قوتوں کو تصادم کی بجائے مذاکرات اور سفارت کاری کی طرف راغب کرے۔ اگر مکہ معاہدہ اسی تصور کے تحت آگے بڑھتا ہے تو اس کی اہمیت صرف تین ممالک تک محدود نہیں رہے گی۔
پاکستان کے لیے اس پیش رفت میں ایک اہم سفارتی ذمے داری بھی پوشیدہ ہے۔ پاکستان کے سعودی عرب کے ساتھ تاریخی، مذہبی، اقتصادی اور دفاعی تعلقات ہیں۔ ترکیہ کے ساتھ بھی سیاسی، دفاعی اور اقتصادی تعاون کی مضبوط بنیاد موجود ہے۔
پاکستان کو ایسے کسی بھی دفاعی یا اسٹریٹجک تعاون میں اپنے قومی مفادات کے تحفظ کے ساتھ علاقائی توازن، سفارتی روابط اور امن کی کوششوں کو بھی مقدم رکھنا ہوگا۔ دانشمندانہ خارجہ پالیسی وہ ہوتی ہے جو اپنی قوت اور شراکت داری کو بڑھاتے ہوئے مذاکرات کے دروازے بھی کھلے رکھے۔
تینوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، دفاعی صنعت، ٹیکنالوجی، تعلیم، توانائی، تحقیق اور نوجوانوں کی تربیت کے شعبوں میں تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ مسلم دنیا کو آج ایسے اتحاد کی ضرورت ہے جو دفاعی تحفظ کے ساتھ اقتصادی ترقی، علمی برتری، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور سیاسی استحکام کے لیے بھی راستے کھولے۔
دنیا کی بڑی طاقتیں اپنے اقتصادی، عسکری اور علمی مفادات کے لیے مختلف اتحادوں اور شراکت داریوں کو مضبوط کر رہی ہیں۔ مسلم ممالک کے لیے بھی وقت آ گیا ہے کہ وہ مشترکہ مفادات کو محض تقریروں اور اعلامیوں تک محدود رکھنے کے بجائے عملی منصوبوں میں تبدیل کریں۔
اسلام آباد میں ہونے والا اجلاس ایک اہم قدم ہو سکتا ہے۔ مشترکہ مشقیں، دفاعی تعاون، عملی منصوبے، اقتصادی شراکت داری، سفارتی رابطے اور بحرانوں کے دوران مشترکہ حکمت عملی اس معاہدے کی حقیقی آزمائش ہوں گے۔
مسلم دنیا کو اتحاد کی ضرورت ہے ۔اتحاد کی اصل طاقت امشترکہ بصیرت، باہمی اعتماد اور اس دانش سے پیدا ہوتی ہے جو طاقت کو جنگ کے بجائے امن کے لیے استعمال کرنا جانتی ہے۔