اقتدار بچانے کے لیے نیتن یاہو نے آئزن کوٹ کو وزیر اعطم بنانے کی پیشکش کر دی

اسرائیلی وزیر اعظم نے یہ واضح نہیں کیا کہ آئزن کوٹ کتنی مدت تک وزیراعظم رہیں گے


ویب ڈیسک November 29, 2026

تل ابیب:

اسرائیل میں اقتدار کی کشمکش شدت اختیار کرگئی، وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے حکومت سازی میں ناکامی کے خدشات کے پیش نظر اپنے سیاسی حریف گادی آئزن کوٹ کو پہلے وزیراعظم بنانے اور اقتدار کی تقسیم پر آمادگی ظاہر کردی۔

نیتن یاہو نے ہفتے کی شام سوشل میڈیا پر بیان میں کہا کہ موجودہ حالات میں قومی اتحاد وقت کی ضرورت ہے، ان کی جماعت لیکوڈ پارلیمنٹ میں سب سے بڑی جماعت ہونے کے باوجود حکومت بنانے کے لیے مطلوبہ اکثریت حاصل نہیں کرسکی اس لیے وہ تمام معاملات ایک طرف رکھتے ہوئے آئزن کوٹ کو پہلے وزیراعظم کا منصب دینے پر تیار ہیں، جبکہ خود متبادل وزیراعظم کے طور پر ذمہ داریاں ادا کریں گے۔

تاہم نیتن یاہو نے یہ واضح نہیں کیا کہ آئزن کوٹ کتنی مدت تک وزیراعظم رہیں گے، انہوں نے امید ظاہر کی کہ لیکوڈ اور آئزن کوٹ کی جماعت یاشر فوری طور پر سنجیدہ اور تیز رفتار مذاکرات شروع کریں گی اور دونوں فریق ایک دوسرے کے لیے سمجھوتوں اور رعایتوں پر آمادگی ظاہر کریں گے۔

اکتوبر 27 کے انتخابات کے بعد نیتن یاہو کی لیکوڈ پارلیمنٹ میں سب سے بڑی جماعت بن کر سامنے آئی، تاہم ان کا سیاسی اتحاد حکومت بنانے کے لیے درکار اکثریت حاصل کرنے میں ناکام رہا، جبکہ اب آئزن کوٹ حکومت سازی کی کوششوں میں آگے بڑھ رہے ہیں اور ممکنہ طور پر نیتن یاہو کی طویل سیاسی حکمرانی ختم کرنے کی راہ ہموار کرسکتے ہیں۔

آئزن کوٹ نے جمعے کو بیان میں کہا تھا کہ قومی اتحاد محض عہدوں کی تقسیم یا وزیراعظم کون پہلے بنے، اس کا نام نہیں بلکہ بنیادی پالیسیوں اور اقدار کا معاملہ ہے۔ انہوں نے لیکوڈ پر دو ہفتوں کے دوران کسی ٹھوس تجویز کے بغیر مذاکرات میں تاخیر کا الزام لگاتے ہوئے سوال اٹھایا تھا کہ آیا نیتن یاہو سنجیدہ مذاکرات کرنا چاہتے ہیں یا صرف معاملے کو طول دے رہے ہیں۔

نیتن یاہو کی تازہ پیشکش کے بعد آئزن کوٹ نے انہیں اور ان کی مذاکراتی ٹیم کو فوری مذاکرات کی دعوت دی، تاہم ان کا کہنا تھا کہ وہ ایک ہفتہ قبل خفیہ رابطے کے ذریعے اہم سمجھوتوں پر مشتمل تفصیلی تجویز بھی ارسال کرچکے ہیں جس کا نیتن یاہو نے تاحال جواب نہیں دیا۔

بعد ازاں لیکوڈ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ نیتن یاہو اور آئزن کوٹ کے درمیان رابطہ ہوا ہے اور دونوں اتوار کی صبح ملاقات پر متفق ہوگئے ہیں۔

آئزن کوٹ پہلے ہی دائیں بازو کی جماعت یسرائیل بیتینو اور بائیں بازو کی جماعت دی ڈیموکریٹس کے ساتھ اتحادی معاہدے کرچکے ہیں، جبکہ الٹرا آرتھوڈوکس جماعت یونائیٹڈ توراہ جوڈازم کے ساتھ بھی حکومت سازی کے لیے مذاکرات جاری ہیں، یہ جماعت کئی برسوں سے نیتن یاہو کی حمایت کرتی رہی ہے۔

اسرائیل کی سیاست میں یہ پیشرفت نیتن یاہو کے لیے ایک بڑا سیاسی امتحان بن گئی ہے، جہاں اقتدار برقرار رکھنے کے لیے اپنے حریف کو پہلے وزیراعظم بنانے کی پیشکش ان کی سیاسی حکمت عملی میں غیرمعمولی تبدیلی کے طور پر دیکھی جارہی ہے۔