نیتن یاہو کے لیے نئی حکومت بنانا اُس وقت تقریباً ناممکن ہوگیا جب اسرائیل کے سابق فوجی سربراہ گادی آئزنکوٹ اور یائر گولان کی جماعتوں نے اتحادی معاہدے پر اتفاق کرلیا جس کے تحت بائیں بازو کی جماعت ڈیموکریٹس کو چار وزارتیں ملیں گی۔
ٹائمز آف اسرائیل کے مطابق اس معاہدے کا اعلان آئزنکوٹ کی جماعت یاشار اور یائر گولان کی ڈیموکریٹس پارٹی کے درمیان ہونے والے مذاکرات دوبارہ شروع ہونے کے چند گھنٹے بعد ایک مشترکہ بیان میں کیا گیا۔
معاہدے کے تحت ڈیموکریٹس کو قومی سلامتی، محنت و بہبود، مواصلات اور ثقافت و کھیل کی وزارتیں دی جائیں گی۔ محنت اور بہبود کی وزارتیں پہلے الگ تھیں تاہم آئزنکوٹ کے مجوزہ حکومتی منصوبے میں انہیں یکجا کرنے کی تجویز ہے۔
اسی طرح ڈیموکریٹس کو سماجی مساوات کی وزارت کی نگرانی بھی ملے گی جسے غالباً محنت و بہبود کے محکمے میں ضم کیا جائے گا البتہ وزارتِ تعلیم اور وزارتِ انصاف نہیں ملیں گی حالانکہ انھوں نے ان دونوں عہدوں کے حصول کی کوشش کی تھی۔
اس کے بجائے اسے پارلیمان کی آئینی، قانونی اور عدالتی امور کی کمیٹی کی سربراہی اور ججوں کے تقرر سے متعلق کمیٹی میں نمائندگی دی جائے گی۔
علاوہ ازیں معاہدے میں عدالتی اصلاحات مکمل طور پر ختم کرنے اور عدلیہ کی آزادی کے تحفظ کی یقین دہانی بھی شامل ہے۔
فریقین باقی تفصیلات طے کرکے معاہدے پر دستخط کرنے کی تیاری کر رہے ہیں جس کے بعد مزید تفصیلات سامنے لائی جائیں گی۔