قومی تہوار پر شدید طوفان اور برفباری امریکا پر قہر بن کر ٹوٹ پڑا؛ پروازیں منسوخ

خراب موسم کے باعث تھینکس گیونگ پریڈ بھی ملتوی کردی گئی جو 100 سالہ تاریخ میں پہلی مرتبہ ہوا ہے


ویب ڈیسک November 26, 2026
امریکا میں شدید طوفان، بارش اور برفباری کے باعث تھینکس گیونگ کی تعطیلات پر سفر متاثر

امریکا کی مختلف ریاستوں میں شدید طوفان، بارش، برفباری اور تیز ہواؤں نے نظامِ زندگی درہم برہم کردیا۔

امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق مشرقی امریکا میں آنے والے شدید طوفان نے الینوائے سے نیو جرسی تک کئی علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔

خراب موسم کے باعث نیویارک کی مشہور میسیز تھینکس گیونگ پریڈ بھی ملتوی کردی گئی جو اس تقریب کی 100 سالہ تاریخ میں پہلی مرتبہ ہوا ہے۔

پروازیں منسوخ ہونے سے تھینکس گیونگ کی تعطیلات پر سفر کرنے والے ہزاروں افراد مشکلات کا شکار ہوگئے جبکہ بجلی کی بندش اور فضائی سفر میں بڑے پیمانے پر خلل پیدا ہوگیا۔

بحر اوقیانوس کے ساحلی علاقوں میں پانی کی سطح بلند ہونے کا خدشہ ہے اور بعض مقامات پر 2012 کے تباہ کن طوفان سینڈی کے بعد بلند ترین سطح تک پہنچنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ تیز ہواؤں کے باعث بجلی کی بندش کے واقعات بھی بڑھ رہے ہیں۔

ادھر امریکا کے مغربی ساحل پر بحرالکاہل سے آنے والے ایک الگ طوفان نے امریکا اور دیگر شمال مغربی علاقوں میں بارش اور تیز ہواؤں کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔

سان ڈیاگو میں غیر معمولی بلند لہروں نے گزشتہ روز ریکارڈ قائم کیا جبکہ سان فرانسسکو کے قریب سمندر کی تیز موجوں سے ایک گھاٹ کا حصہ بھی منہدم ہوگیا۔

خراب موسم کے باعث فضائی سفر بھی شدید متاثر ہے۔ جمعرات کی صبح ہی سیکڑوں پروازیں منسوخ ہوچکی تھیں جبکہ گزشتہ روز 6 ہزار سے زائد پروازوں میں تاخیر اور تقریباً 150 پروازیں منسوخ ہوئی تھیں۔

حکام کے مطابق مختلف علاقوں میں موسم کی صورتحال اور بجلی کی بندش پر نظر رکھی جارہی ہے۔