مصر میں 31 افراد کی ہلاکت کا سبب بننے والے آئل ٹینکر حادثے کے الزام میں کار چلانے والے نوجوان کو گرفتار جس نے اعتراف جرم میں ہولناک انکشاف کیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ حادثہ بدھ کی شام دارالحکومت قاہرہ کے نواحی علاقے گیزہ کے ضلع الوراق میں پیش آیا تھا۔
جہاں ایندھن سے بھرا ٹینکر الٹنے کے بعد خوفناک آگ کی لپیٹ میں آگیا تھا۔ اس حادثے میں 31 افراد ہلاک اور 21 زخمی ہوگئے تھے۔
پولیس نے ایک نوجوان کو گرفتار کرلیا جو اپنے والد کے ہمراہ گاڑی میں سوار تھا اور 110 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گاڑی چلا رہا تھا۔
اسی اسپیڈ کے دوران وہ شاہراہ پر زگ زیگ حالت میں مختلف لینز تبدیل کرتے ہوئے دوسری گاڑیوں سے آگے نکلنے کی کوشش کررہا تھا کہ اس کی کار کا اگلا بایاں حصہ ٹینکر کے پچھلے دائیں حصے سے ٹکرا گیا۔
اس ٹکر کے بعد کار سوار گاڑی پر قابو نہ رکھ سکا اور اسی دوران ٹینکر کا ایک ٹائر پھٹ گیا۔ ٹینکر سڑک کے درمیان بنے کنکریٹ کے حفاظتی جنگلے سے ٹکرا کر الٹ گیا اور اس میں موجود پیٹرول بہنے کے بعد آگ بھڑک اٹھی۔
آگ نے وہاں سے گزرنے والی دیگر گاڑیوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا اور ابتدائی تحقیقات میں 27 گاڑیوں، جن میں کاریں اور موٹر سائیکلیں شامل تھیں، جل کر تباہ ہوگئیں اور ہلاکتوں کی تعداد 30 سے تجاوز کرگئی۔
مصری پولیس حکام نے بتایا کہ ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے تاکہ حادثے کی تمام تفصیلات اور اس کی قانونی ذمہ داری کا تعین کیا جاسکے۔