BIRMINGHAM:
برطانیہ کے شہر برمنگھم سے تعلق رکھنے والے 17 سالہ مسلمان نوجوان سلیمان خان نے عالمی روبوٹکس مقابلے میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منواتے ہوئے 2 لاکھ ڈالر کا انعام جیت لیا ان کی کامیابی نے دنیا بھر میں نوجوانوں کے لیے نئی مثال قائم کردی۔
سلیمان خان نے روبوٹکس کے شعبے میں ایک ایسا روبوٹک ہاتھ بنانے کی کِٹ تیار کی ہے، جس کے ذریعے نوجوان خود روبوٹک ہاتھ تیار کرنے، پروگرامنگ اور انجینئرنگ کی بنیادی مہارتیں سیکھ سکتے ہیں۔ ان کی اس تخلیقی کاوش نے عالمی سطح پر توجہ حاصل کی۔
سلیمان خان نے لندن میں علی بابا کے CoCreate Pitch مقابلے میں ہزاروں امیدواروں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے گرینڈ ونر کا اعزاز حاصل کیا، اس عالمی مقابلے میں مختلف ممالک سے تقریباً 20 ہزار درخواستیں موصول ہوئی تھیں۔
خود سیکھ کر روبوٹکس میں مہارت حاصل کرنے والے سلیمان خان اپنی کمپنی SuleyNova Robotics کے ذریعے نوجوانوں کے لیے روبوٹکس کی تعلیم کو زیادہ آسان، قابل رسائی اور عام بنانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
17 سال کی عمر میں عالمی سطح پر کامیابی حاصل کرنے والے سلیمان خان کی کہانی اس بات کا ثبوت ہے کہ تخلیقی سوچ، محنت اور علم کے ذریعے کم عمری میں بھی بڑے خواب حقیقت میں بدلے جاسکتے ہیں۔