غیر قانونی افغان مہاجرین اور اسمگلرز کے گرد گھیرا تنگ؛ ترکیہ میں گرفتاریوں کی نئی لہر

ترکیہ میں مختلف کارروائیوں کے دوران خواتین اور بچوں سمیت 107 غیر قانونی افغان باشندے گرفتار کیے گئے ہیں


خالد محمود November 29, 2026

غیر قانونی افغان مہاجرین اوراسمگلروں کے گرد گھیرا تنگ ہوتا جا رہا ہے، اس سلسلے میں ترکیہ میں گرفتاریوں کی نئی لہر کا آغاز ہوا ہے۔

افغان باشندوں کی غیر قانونی سرگرمیوں اور اسمگلنگ نے میزبان ممالک کو زیرو ٹالرنس پالیسی برقرار رکھتے ہوئے ملک بدری کا عمل تیز کرنے پر مجبور کر دیا ہے۔ ترکیہ میں غیر قانونی افغان مہاجرین اور انسانی اسمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں اور گرفتاریوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔

ترکیہ میں مختلف کارروائیوں کے دوران خواتین اور بچوں سمیت 107 غیر قانونی افغان باشندے گرفتار کیے گئے ہیں۔

ہیبر ترک میڈیا کے مطابق ترکیہ کے شہر بالیکسیر میں 2 گاڑیوں کی تلاشی کے دوران 14 بچوں سمیت 27 افغان شہری گرفتار کیے گئے ہیں۔ اسی طرح ترک میڈیا جمہوریت کے مطابق صوبہ ماردین کے ضلع میدیات میں ٹرک کے خفیہ خانوں میں چھپے 80 افغان تارکینِ وطن پکڑے گئے ہیں۔

ترک میڈیا کے مطابق گرفتارافغان شہریوں کوغیرقانونی تارکینِ وطن کے مراکزمنتقل کردیا گیا ہے جب کہ انسانی اسمگلنگ میں ملوث 3 ملزمان عدالتی حکم پر جیل منتقل کیے گئے ہیں۔

ترکیہ مائیگریشن ایجنسی کےاعداد و شمار کے مطابق جنوری سے اکتوبر 2026 کے دوران 33 ہزار 341 غیر قانونی افغان باشندوں کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ ترکیہ میں گرفتار ہونے والے غیر دستاویزی تارکینِ وطن میں افغان شہریوں کی تعداد سب سے زیادہ ہے ۔