پہلے پاکستانی خلاباز کے تاریخی خلائی سفر اور پاک چین خلائی تعاون نے بھارتی دفاعی حلقوں کو پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے۔
نئی دہلی میں ’مستقبل کی جنگ اور ملٹی ڈومین آپریشنز کے لیے بھارت کی تیاری‘ کے موضوع پر منعقدہ تقریب میں بھارتی جنرل پاکستان کی بڑھتی خلائی صلاحیتوں کا اعتراف کرنے پر مجبور ہو گئے۔
بھارتی نشریاتی ادارے این ڈی ٹی وی کے مطابق بھارتی چیف آف ڈیفنس اسٹاف (سی ڈی ایس) جنرل این ایس راجہ سبرامنی کا کہنا تھا کہ چین کی معاونت سے پاکستان کی خلائی صلاحیتوں میں بہتری آ رہی ہے۔
بھارتی سی ڈی ایس کے مطابق پاکستان کا خلائی ادارہ سپارکو اپنی خلائی صلاحیتوں میں اضافے کے لیے کام کر رہا ہے۔ بھارتی چیف آف ڈیفنس اسٹاف نے کہا کہ بھارت کو یہ بھی خدشہ ہے کہ پاکستان کو ترکیہ کی جانب سے بھی خلائی شعبے میں معاونت حاصل ہوگی۔
بھارتی سی ڈی ایس کے مطابق چین کی انٹیلی جنس نگرانی اور نیویگیشن کی صلاحیتیں پاکستان کو بھی دستیاب ہونگی۔ پاکستان کی بہتر ہوتی خلائی صلاحیتوں کو بھارت کو اپنی اسٹرٹیجک منصوبہ بندی اور دفاعی حکمتِ عملی میں شامل کرنا ہوگا۔
جنرل سبرامنی نے کہا کہ پاکستان کی بہتر ہوتی نگرانی کی صلاحیتیں بھارت کے لیے چیلنج ہیں جس کے باعث بھارت کو اپنی صلاحیتیں بڑھانا ہوں گی۔
دفاعی ماہرین کے مطابق بھارتی دفاعی قیادت پاکستان کی بڑھتی خلائی صلاحیتوں کو اپنی دفاعی منصوبہ بندی میں شامل کرنے پر مجبور ہو چکی ہے۔