ٹی 20 کرکٹ بولرز کیلئے بہت سخت، میں بھی اس میں جدوجہد کر رہا ہوتا، وقار یونس

آج کل کے بیٹرز بہت جدت پسند ہو گئے اور بہت سارے مختلف شاٹس کھیلتے ہیں، سابق کپتان


سلیم خالق November 29, 2026

کراچی:

سابق فاسٹ بولر وقار یونس نے کہا ہے کہ ٹی 20 کرکٹ بولرز کیلئے بہت سخت ہے، میں بھی اگر کھیلتا تو اس میں جدوجہد کر رہا ہوتا۔

انہوں نے کہا کہ آج کل کے بیٹرز بہت جدت پسند ہو گئے اور بہت سارے مختلف شاٹس کھیلتے ہیں، ان کو بولنگ کرنا آسان نہیں، مجھے نہیں لگتا کہ میں ٹی ٹوئنٹی میچ کھیل کر لطف اندوز ہوتا۔

سابق کپتان نے کہا کہ بیٹ اور بال میں توازن ہونا چاہیے، چھوٹے گرائونڈز میں بولرز کیلیے اچھا پرفارم کرنا بیحد مشکل ہو جاتا ہے، فلیٹ پچز نے بیٹرز کو مضبوط بنا دیا، توازن لانے کیلیے بہتر پچز تیار کرنے کی ضرورت ہے۔

ڈیزرٹ وائپرز میں شامل بابر اعظم کے بارے میں وقار یونس نے کہا کہ انہوں نے آئی ایل ٹی ٹوئنٹی کے پہلے میچ میں نصف سنچری بنائی، اس کے بعد 2 میچز میں اچھا پرفارم نہیں کرسکے لیکن یہ طویل ٹورنامنٹ ہے۔

انہوں نے کہا مجھے امید ہے کہ  بابر  یہاں کھیل کر لطف اندوز ہوں گے اور اپنی ٹی 20 فارم دوبارہ حاصل کر لیں گے۔

وقار یونس نے کہا کہ آئی ایل ٹی ٹوئنٹی کو 5 برس ہو گئے اور ہر گزرتے سال کے ساتھ یہ پہلے سے بہتر ہوتی  چلی جا رہی ہے، میں بھی بطور کمنٹیٹر اس لیگ سے بہت لطف اندوز ہوتا ہوں۔