پاکستانی ڈرامے بھارتی ثقافت کیلئے خطرہ بن رہے ہیں، ہندو انتہاپسند پریشان

پاکستانی ڈراموں سے ہندو قوم پرستوں کو کیا خطرہ؟ شیری رحمٰن کا سوال


ویب ڈیسک November 29, 2026

کراچی:

بھارت میں ایک طرف پاکستانی ڈراموں کا جادو سر چڑھ کر بول رہا ہے وہیں دوسری جانب بعض ہندو انتہاپسند حلقوں  کی جانب سے پاکستانی ڈراموں پر پابندی اور بائیکاٹ کے مطالبات سامنے آئے ہیں۔

نیٹ فلکس پر پاکستانی ڈراموں کی نمائش روکنے کیلئے بھارتی حلقے سرگرم ہوگئے، ” آل انڈین سینی ورکرز ایسوسی ایشن” نے نیٹ فلکس کو پاکستانی سیریز ’’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘‘ ہٹانے کے لیے 4 دسمبر کی ڈیڈ لائن دے دی ہے اور مطالبہ پورا نہ ہونے کی صورت میں ملک گیر بائیکاٹ، نیٹ فلکس کے دفاتر کے باہر احتجاج اور سبسکرپشن منسوخ کرنے کی مہم شروع کرنے کی دھمکی دی ہے۔

یہ دھمکی کسی اچانک ردِعمل کا نتیجہ نہیں بلکہ ایک منظم اور ریاستی سرپرستی میں چلنے والی مہم کی ایک اور کڑی ہے جس کا مقصد پاکستان سے وابستہ آوازوں، چہروں اور کہانیوں کو خاموش کرانا ہے۔

اس مہم کے پس پردہ بھارتی میڈیا میں بڑھتی ہوئی بے چینی کارفرما ہے کیونکہ پاکستانی خاندانی ڈرامے ناظرین کے دل جیت رہے ہیں جبکہ بھارتی مواد کی پرانی اور بار بار دہرائی جانے والی کہانیاں اپنی کشش کھو رہی ہیں۔

پیپلز پارٹی کی نائب صدر اور سینیٹر شیری رحمٰن نے اس صورتحال پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی ڈرامے بھارتی ثقافت یا شناخت کے لیے کوئی خطرہ نہیں بلکہ ایسے مطالبات عدم تحفظ اور کم اعتمادی کی عکاسی کرتے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق شیری رحمٰن نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ثقافتی اختلافات کوئی نئی بات نہیں، تاہم پاکستانی ٹی وی مواد کے خلاف بھارتی قوم پرست حلقوں کا ردعمل حیران کن ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارتی فلموں میں اکثر پاکستان کا منفی تاثر پیش کیا جاتا ہے، جبکہ پاکستانی ڈرامے معاشرے، ثقافت اور روزمرہ زندگی کی نسبتاً حقیقی عکاسی کرتے ہیں۔

شیری رحمٰن نے کہا کہ پاکستانی ڈرامے بھارت کے خلاف نہیں بنائے جاتے اور نہ ہی ان کا مقصد بھارتی ثقافت پر اثرانداز ہونا یا اپنی ثقافتی برتری قائم کرنا ہے، بلکہ یہ پاکستانی معاشرے کی کہانیاں بیان کرتے ہیں۔

انہوں نے ڈرامے ’درِ نجات‘ کے کردار ابوبکر کا حوالہ دیتے ہوئے سوال اٹھایا کہ ایک نرم گفتار اور عام شہری کی زندگی گزارنے والے کردار سے بھارتی فلمی صنعت یا مردانگی کو کیا خطرہ ہوسکتا ہے کہ پاکستانی ڈراموں کی نیٹ فلکس پر نمائش روکنے کے مطالبات کیے جا رہے ہیں؟

پیپلز پارٹی کی رہنما کے مطابق بالی ووڈ کی اپنی الگ منڈی اور کاروباری حیثیت ہے، اس لیے پاکستانی مواد کے خلاف ردعمل محض ثقافتی خدشات کا معاملہ دکھائی نہیں دیتا۔

شیری رحمٰن نے واضح کیا کہ پاکستان کی پہلی نیٹ فلکس اوریجنل پروڈکشن کا آرڈر نیٹ فلکس مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقا نے دیا ہے، نہ کہ نیٹ فلکس انڈیا نے۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی بیرونی فریق کو پاکستان کی شناخت، خطے یا تاریخ کا تعین کرنے کا اختیار نہیں۔

انہوں نے پاکستان کی سرحدوں اور قومی شناخت سے متعلق بھارتی سیاسی شخصیات کے بیانات کو بھی مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے ٹکڑے کرنے سے متعلق دعوے بے بنیاد الزامات پر مبنی ہیں۔

شیری رحمٰن کا کہنا تھا کہ پاکستان عالمی سطح پر امن کے فروغ اور تنازعات کے حل میں تعمیری کردار ادا کر رہا ہے، جبکہ پانی کو ہتھیار کے طور پر استعمال کرنا تشویشناک انسانی رویے کی عکاسی کرتا ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ بھارتی معاشرے کے بعض حلقے پاکستان کے حوالے سے مخاصمت ترک کرکے زیادہ بالغ نظری، حقیقت پسندی اور معقولیت کا مظاہرہ کریں گے۔