غزہ پر اسرائیلی حملے جاری، مزید 2 فلسطینی شہید، متعدد زخمی

فوجی گاڑیوں کی جانب سے مختلف علاقوں میں فائرنگ اور گولہ باری بھی کی گئی


ویب ڈیسک November 29, 2026

غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فوج کے حملوں کا سلسلہ جاری ہے، تازہ کارروائیوں کے دوران مزید 2 فلسطینی شہید جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔

خبر رساں ادارے انادولو کے مطابق شمالی غزہ کے علاقے بیر النعجہ میں اسرائیلی ڈرون حملے کے نتیجے میں 16 سالہ فلسطینی نوجوان مجد شادي مسعود شہید ہوگیا، جبکہ اسی علاقے میں شہریوں کے ایک اجتماع پر ڈرون سے بم گرائے جانے کے باعث متعدد افراد زخمی ہوئے۔

وسطی غزہ کے علاقے دیر البلح میں اسرائیلی فائرنگ سے ایک 17 سالہ نوجوان شدید زخمی ہوا، جبکہ جنوبی غزہ میں خان یونس کے مغرب میں واقع جامعہ الاقصیٰ کے احاطے پر ڈرون حملے میں ایک اور فلسطینی شہید ہوگیا۔

رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوجی گاڑیوں کی جانب سے مختلف علاقوں میں فائرنگ اور توپ خانے سے گولہ باری بھی کی گئی۔