ریلوے راوی پل کی سکیورٹی کے لیے پولیس اہلکاروں کی خصوصی تعیناتی کا حکم

لاہور ریلوے اسٹیشن پر پاکستان ریلوے پولیس ہیلپ سینٹر فوری طور پر فعال کرنے کی بھی ہدایت


طالب فریدی November 29, 2026

لاہور:

آئی جی پاکستان ریلوے پولیس شہزادہ سلطان نے ریلوے راوی پل کی سکیورٹی مزید مؤثر بنانے کے لیے پولیس اہلکاروں کی خصوصی تعیناتی کا حکم دے دیا۔

آئی جی پاکستان ریلوے پولیس شہزادہ سلطان نے لاہور ریلوے اسٹیشن اور پاکستان ریلوے پولیس اسٹیشن لاہور کا تفصیلی دورہ کیا، اس موقع پر انہوں نے لاہور ریلوے اسٹیشن پر پاکستان ریلوے پولیس ہیلپ سینٹر فوری طور پر فعال کرنے کی ہدایت کی۔

آئی جی نے مسافروں کی سہولت کے لیے ہیلپ سینٹر کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور مکمل فعال بنانے، جبکہ ریلوے اسٹیشن کے پارسل آفس کی سکیورٹی مزید سخت کرنے کا حکم دیا۔ اسکین شدہ سامان کی فوری شناخت کے لیے خصوصی سکیورٹی اسٹیکرز لگانے کی بھی ہدایت کی گئی۔

شہزادہ سلطان نے ریلوے یارڈز اور اہم تنصیبات کی سکیورٹی مزید مؤثر اور فول پروف بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مسافروں کا تحفظ، بہتر سہولیات اور مؤثر پولیسنگ یقینی بنائی جائے گی۔

آئی جی پاکستان ریلوے پولیس نے اہلکاروں کی فلاح و بہبود، بالخصوص خواتین اہلکاروں کے مسائل کے حل پر خصوصی توجہ دینے کی یقین دہانی بھی کرائی۔

دورے کے دوران بہترین خدمات کے اعتراف میں دو سیلون اٹینڈنٹس کو تعریفی اسناد اور نقد انعامات سے نوازا گیا۔