کراچی:
بالی ووڈ کی معروف اداکارہ سونم کپور نے پاکستانی سپر اسٹار فواد خان کی 45 ویں سالگرہ کے موقع پر انہیں سوشل میڈیا کے ذریعے محبت بھرا پیغام بھیجا ہے۔
فواد خان آج 29 نومبر کو اپنی 45 ویں سالگرہ منا رہے ہیں جس پر دنیا بھر سے ان کے مداحوں اور ساتھی فنکاروں کی جانب سے نیک تمناؤں کا سلسلہ جاری ہے۔ اس خاص موقع پر سونم کپور نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ کی اسٹوری پر فواد خان کے ہمراہ اپنی مشہور فلم ’خوبصورت‘ کے یادگار لمحات شیئر کرتے ہوئے انہیں سالگرہ کی مبارکباد پیش کی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
واضح رہے کہ فواد خان نے 2014 میں ریلیز ہونے والی بالی ووڈ فلم ’خوبصورت‘ میں سونم کپور کے مدِ مقابل مرکزی کردار ادا کر کے بھارتی فلم انڈسٹری میں قدم رکھا تھا۔ فلم میں ’وکرم‘ اور ’ملی‘ کے کرداروں میں دونوں کی شاندار اداکاری اور آن اسکرین کیمسٹری کو شائقین کی جانب سے بے حد پسند کیا گیا تھا۔
فلم ’خوبصورت‘ کے بعد سے سونم کپور اور فواد خان کے درمیان گہری دوستی قائم ہے اور سونم ماضی میں بھی مختلف مواقع پر فواد خان کی اداکاری اور شخصیت کی تعریف کرتی رہی ہیں۔ سونم کپور کی اس انسٹاگرام اسٹوری کو سرحد کے دونوں جانب موجود مداحوں کی طرف سے خوب سراہا جا رہا ہے اور سوشل میڈیا پر دونوں فنکاروں کو دوبارہ ایک ساتھ اسکرین پر دیکھنے کی خواہش کا اظہار بھی کیا جا رہا ہے۔