سعودی کوہ پیما کا منفرد کارنامہ، 23 گھنٹوں میں 6 ہزار میٹر بلندی طے کرلی

نیلی عطار نے ہر جم میں 30 منٹ تک اسٹیئر ماسٹر پر ورزش کی اور مجموعی طور پر ایک ہزار 954 منزلیں چڑھیں


ویب ڈیسک November 29, 2026

سعودی کوہ پیما نیلی عطار نے دبئی فٹنس چیلنج کے تحت متحدہ عرب امارات کے 16 ویئرہاؤس جم برانچز میں 24 گھنٹوں کے دوران اسٹیئر ماسٹر مشین پر مجموعی طور پر 6 ہزار 91.6 میٹر بلندی طے کرکے منفرد کارنامہ انجام دے دیا۔ انہوں نے یہ چیلنج 23 گھنٹوں میں مکمل کیا، جس میں مختلف مقامات کے درمیان سفر کا وقت بھی شامل تھا۔

نیلی عطار نے ہر جم میں 30 منٹ تک اسٹیئر ماسٹر پر ورزش کی اور مجموعی طور پر ایک ہزار 954 منزلیں چڑھیں۔ اس طرح انہوں نے افریقہ کے پہاڑ کلیمانجارو کی 5 ہزار 895 میٹر بلندی کو بھی عبور کرلیا جبکہ ان کی طے کردہ بلندی برج خلیفہ کی تقریباً 12 گنا اونچائی کے برابر ہے۔

چیلنج کا آغاز دبئی کے علاقے القوز میں ویئرہاؤس جم کی پہلی برانچ سے صبح ساڑھے 4 بجے ہوا اور اختتام اگلی صبح ساڑھے 3 بجے شیخہ فاطمہ پارک میں واقع جم کی نئی برانچ پر ہوا۔ اس دوران دبئی اور ابوظبی کی مختلف برانچز کو اس چیلنج کا حصہ بنایا گیا۔

نیلی عطار اس سے قبل دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی کے ٹو سر کرنے والی پہلی عرب خاتون  ہے اور ماؤنٹ ایورسٹ بھی سر کرنے کا اعزاز حاصل کرچکی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بلند پہاڑ سر کرنے کے لیے ہمالیہ کا سفر ضروری نہیں بلکہ اپنے گھر کے قریب رہتے ہوئے بھی بڑے اہداف حاصل کیے جاسکتے ہیں۔