لاہور:
واہگرو جی کا خالصہ، واہگرو جی کی فتح کے نعروں سے جب واہگہ بارڈر کی فضا گونجتی ہے اور بھارت سے آنے والے سکھ یاتری پاکستان کی سرزمین پر قدم رکھتے ہیں تو ان کے چہروں پر خوشی کے ساتھ ایک عجیب سی اداسی بھی دکھائی دیتی ہے۔ کوئی نم آنکھوں سے اس مٹی کو دیکھتا ہے، کوئی بار بار زمین کی طرف نگاہ کرتا ہے اور کسی کے ذہن میں وہ گھر، گلیاں اور محلے گھوم رہے ہوتے ہیں جن کے قصے اس نے اپنے والدین اور دادا دادی سے سنتے ہوئے زندگی گزاری۔
بابا گرو نانک دیو جی کے 557ویں جنم دن کی تقریبات میں شرکت کے لیے پاکستان آنے والے ان یاتریوں کے لیے یہ سفر محض مذہبی زیارت نہیں بلکہ ایک جذباتی واپسی بھی ہے۔ ان میں ایسے بزرگ شامل ہیں جنہوں نے تقسیم کے وقت ابھی بولنا بھی نہیں سیکھا تھا، لیکن ان کے والدین نے پاکستان میں گزرے بچپن، اپنے گھروں، کھیتوں، دکانوں اور گاؤں کی یادیں عمر بھر اپنے دلوں میں محفوظ رکھیں۔
یہی یادیں اگلی نسل تک منتقل ہوتی رہیں۔ کسی نے اپنے والد سے ملتان کی مشہور قلفی کے قصے سنے، کسی نے دادا سے لالہ موسیٰ کے بازاروں کا ذکر سنا اور کسی کی دادی نے راولپنڈی کے گھر اور محلے کی ایسی تصویریں ذہن میں بنائیں جو اس نے کبھی اپنی آنکھوں سے نہیں دیکھیں۔
اب جب یہ لوگ پاکستان پہنچتے ہیں تو ان کے دل میں ایک ہی سوال اٹھتا ہے کہ کیا انہیں چند گھنٹوں کے لیے اس گاؤں، اس گھر یا اس گلی میں جانے کی اجازت مل سکتی ہے جہاں ان کے بزرگوں نے زندگی کے بہترین دن گزارے تھے؟
چھ ماہ کی عمر میں بچھڑنے والا اپنا گاؤں دیکھنے کا خواہش مند
یاتریوں کے قافلے میں شامل بزرگ میل سنگھ کی کہانی بھی تقسیم کے اسی درد کی عکاسی کرتی ہے۔ ان کے والد کا نام جیمل سنگھ اور دادا کا نام ودھاوا سنگھ تھا۔ ان کا آبائی گاؤں پڈھیالہ تھا اور ان کی پیدائش بھی اسی سرزمین پر ہوئی تھی۔

میل سنگھ کے مطابق تقسیم کے وقت ان کی عمر صرف چھ ماہ تھی۔ انہیں پاکستان سے بچھڑنے کا کوئی ذاتی واقعہ یاد نہیں، لیکن ان کی والدہ نے بارہا اس سرزمین، اپنے گاؤں اور خاندان کے لوگوں کے بارے میں بتایا۔
والدین کی سنائی ہوئی باتیں سنتے سنتے ان کے دل میں اپنے آبائی علاقے کو دیکھنے کی خواہش پیدا ہوئی، جو وقت گزرنے کے ساتھ کم ہونے کے بجائے مزید بڑھتی گئی۔
زندگی میں پہلی مرتبہ پاکستان آنے والے میل سنگھ جب اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہیں تو علامہ اقبال کا شعر پڑھتے ہیں:
پھر اٹھی اک صدا توحید کی پنجاب سے، ہند کو ایک مردِ کامل نے جگایا خواب سے۔
ان کی خواہش ہے کہ حکومت پاکستان یا متعلقہ حکام انہیں چند گھنٹوں کے لیے اپنے آبائی گاؤں جانے کی اجازت دے دیں تاکہ وہ اس مٹی کو دیکھ سکیں جہاں ان کے والدین اور بزرگوں نے زندگی گزاری۔ وہاں جا کر اپنے بزرگوں کی یاد میں چند لمحے گزارنا اور اس زمین کو چومنا ان کی زندگی کی بڑی خواہش ہے۔
میل سنگھ کی طرح دہلی سے تیسری مرتبہ پاکستان آنے والے بلبیر سنگھ بھلا کے دل میں بھی ایک پرانا خواب موجود ہے۔ ان کی پیدائش دہلی میں ہوئی، لیکن ان کے والد اور دادا کا تعلق لالہ موسیٰ کے علاقے برنالی سے تھا۔
پاکستان کے بارے میں اپنے تاثرات بیان کرتے ہوئے بلبیر سنگھ کا کہنا تھا کہ یہاں کا ماحول بہت اچھا ہے۔ لوگ عزت اور محبت سے پیش آتے ہیں، اسی لیے وہ بار بار پاکستان آنا چاہتے ہیں۔
تاہم ان کے دل میں ایک آرزو اب بھی موجود ہے کہ انہیں برنالی جانے اور اپنے بزرگوں کی رہائش گاہ دیکھنے کا موقع مل سکے۔ ان کے لیے یہ محض کسی نئے مقام کی سیر نہیں بلکہ اپنے خاندان کی تاریخ کو اپنی آنکھوں سے دیکھنے کا موقع ہوگا۔
والدین کی یادیں، ملتان کی قلفی اور منٹگمری کے گھوڑے
ان یاتریوں میں خواتین کی بڑی تعداد بھی شامل ہے۔ ان کے پاس بھی اپنے والدین اور بزرگوں کی سنائی ہوئی ایسی یادیں ہیں جنہیں وہ آج تک بھلا نہیں سکیں۔

دہلی سے 21 سال بعد دوسری مرتبہ پاکستان آنے والی امرجیت کور کا تعلق ایک ایسے خاندان سے ہے جس کی جڑیں پاکستان میں ہیں۔ ان کے والدین اور دادا دادی راولپنڈی سے جبکہ ان کی ساس چکوال سے تعلق رکھتی تھیں۔
پاکستان پہنچنے پر اپنے احساسات بیان کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یہاں آ کر انہیں بے حد اپنائیت محسوس ہوتی ہے۔ لوگوں کی محبت اور احترام انہیں اپنے خاندان کے ماضی سے جوڑ دیتے ہیں۔
ایک دوسری خاتون کی کہانی اس سے بھی زیادہ جذباتی ہے۔ وہ اپنے والدین کو یاد کرتے ہوئے بتاتی ہیں کہ ان کے والد ملتان میں رہتے تھے اور وہاں ان کی مٹھائی کی دکان تھی۔ والد کی بنائی ہوئی قلفی علاقے میں مشہور تھی۔ ان کی والدہ کا تعلق منٹگمری ، جسے اب ساہیوال کہا جاتا ہے، سے تھا۔ ان کے نانا گھوڑوں کا کاروبار کرتے تھے۔

یہ خاتون اپنے والدین کی یادیں تازہ کرتے ہوئے نم آنکھوں سے کہتی ہیں کہ انہوں نے بچپن سے ملتان اور منٹگمری کے قصے سنے۔ ان کے والدین اب اس دنیا میں نہیں رہے۔ کاش وہ آج زندہ ہوتے تو انہیں بتا پاتیں کہ جن شہروں اور علاقوں کی کہانیاں سن کر وہ بڑی ہوئیں، آج انہیں اپنی آنکھوں سے دیکھنے پاکستان آئی ہیں۔
ان کے لیے سب سے زیادہ تکلیف دہ بات یہی ہے کہ وہ اپنے والدین کے ساتھ ان مقامات پر نہیں جا سکتیں جہاں کبھی ان کا خاندان آباد تھا۔
ککے پنڈ (چیمے) اور بدورتہ میلووالے سے تعلق رکھنے والی بزرگ خواتین بھی اپنے آبائی علاقوں کی یادیں لیے پاکستان آئی ہیں۔ ان کے مطابق جب ان کے بزرگوں نے ہجرت کی تو ان کی والدہ کی عمر صرف چار سال تھی۔

اب ان کی خواہش ہے کہ وہ اپنے بڑوں کی جنم بھومی دیکھ سکیں، وہاں کی مٹی کو چھو سکیں اور یہ جان سکیں کہ ان کے آباؤ اجداد کے گھر اور گاؤں آج کس حالت میں ہیں۔
ان خواتین کے نزدیک یہ سفر کسی سیاحتی مقام کی سیر سے کہیں بڑھ کر ہے۔ یہ اپنے خاندان کے ماضی سے دوبارہ جڑنے کی کوشش ہے۔ ان کی حکومت پاکستان سے اپیل ہے کہ انہیں چند گھنٹوں کے لیے اپنے آبائی علاقوں میں جانے کی اجازت دی جائے۔
نئی نسل بھی اپنے بزرگوں کی سرزمین دیکھنا چاہتی ہے
اس قافلے میں صرف بزرگ ہی نہیں بلکہ نوجوان اور نوبیاہتا جوڑے بھی شامل ہیں۔ ان کے لیے پاکستان آنا مذہبی عقیدت کے ساتھ ایک نئے تجربے کی حیثیت رکھتا ہے۔

پہلی مرتبہ پاکستان آنے والی سمرن دیپ کافی عرصے سے گروؤں کی سرزمین دیکھنے کی خواہش رکھتی تھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان آنے کا موقع ملنا ان کے لیے خوشی کا باعث ہے۔
قافلے میں شامل ایک نوبیاہتا جوڑا بھی توجہ کا مرکز رہا۔ شوہر سکھ اور وی لاگر ہیں جبکہ ان کی اہلیہ منو کا تعلق ہندو خاندان سے ہے۔
منو نے بتایا کہ ویزے کے حصول کے دوران انہیں بھی پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ سرحد پر بعض افراد کے ویزے مسترد ہونے کی اطلاعات کے باعث وہ بھی خدشات کا شکار تھیں، لیکن جب ویزا مل گیا تو ان کی خوشی کی انتہا نہ رہی۔
ان کے شوہر کے مطابق بعض لوگوں نے انہیں مشورہ دیا تھا کہ پاکستان کا ویزا لگوانے سے مستقبل میں برطانیہ یا کینیڈا کے ویزے کے حصول میں مشکلات پیش آ سکتی ہیں، لیکن ان کے خیال میں اگر سفری دستاویزات درست ہوں تو ایسی پریشانی کی کوئی وجہ نہیں۔
وہ پاکستان میں ملنے والی مہمان نوازی اور انتظامات کو سراہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ منو کی پاکستان کے گوردواروں کی زیارت کی خواہش بالآخر پوری ہو گئی ہے۔
ایک اور نوجوان یاتری کا کہنا تھا کہ وہ یوٹیوب پر پاکستان کی ویڈیوز دیکھ کر یہاں آنے کے مشتاق ہوئے تھے۔ ان کے خیال میں دونوں ملکوں کے عوام کے درمیان محبت موجود ہے، لیکن سیاست نے انہیں ایک دوسرے سے دور کر رکھا ہے۔

انہوں نے پاکستانی عوام کی مہمان نوازی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہاں آ کر ان کا یہ تاثر مزید مضبوط ہوا ہے کہ دونوں ملکوں کے لوگوں کے درمیان محبت اور اپنائیت کے جذبات موجود ہیں۔
پاکستانی سوٹ، دوپٹے اور کرتے پاجامے کی فرمائشیں
مذہبی عقیدت اور پرانی یادوں کے اس سفر میں گھریلو محبت اور تحائف کا پہلو بھی نمایاں ہے۔
یاتریوں سے جب پوچھا گیا کہ واپسی پر گھر والوں نے پاکستان سے کیا منگوانے کی فرمائش کی ہے تو ایک خاتون مسکراتے ہوئے بتاتی ہیں کہ ان کے اہل خانہ نے پاکستانی سوٹ اور دوپٹے منگوائے ہیں۔
ان کے بقول امرتسر اور دہلی میں بھی بڑی مارکیٹیں موجود ہیں، لیکن پاکستان سے براہ راست لائے گئے کپڑوں اور تحائف کی اپنی اہمیت ہے۔
ایک دوسری خاتون نے بتایا کہ ان کے بیٹے نے خصوصی طور پر پاکستان سے کرتا پاجامہ لانے کی فرمائش کی ہے۔ ان چھوٹی چھوٹی فرمائشوں میں بھی دونوں طرف کے لوگوں کے درمیان مشترکہ ثقافت اور خاندانی رشتوں کی جھلک دکھائی دیتی ہے۔
کچھ یاتریوں نے یہ خواہش بھی ظاہر کی کہ وہ واپسی پر ننکانہ صاحب اور کرتارپور صاحب کی مقدس مٹی اپنے ساتھ لے جائیں گے تاکہ اسے اپنے گھروں میں محفوظ رکھ سکیں۔
ان کے لیے یہ مٹی محض زمین کا ایک حصہ نہیں بلکہ اس سفر کی یادگار اور گرو نانک دیو جی کی جنم بھومی سے وابستگی کی علامت ہے۔
مذہبی زیارت کا معاہدہ اور آبائی گاؤں جانے کی پابندیاں
یاتریوں کی ان خواہشات کے راستے میں سب سے بڑی رکاوٹ دونوں ملکوں کے درمیان مذہبی زیارات کے لیے طے شدہ ضابطے اور ویزے کی پابندیاں ہیں۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان مذہبی مقامات کی زیارت کے لیے 14 ستمبر 1974 کو ایک باقاعدہ معاہدہ طے پایا تھا، جسے باہمی مذہبی زیارات کا پروٹوکول کہا جاتا ہے۔
اس معاہدے کا بنیادی مقصد دونوں ملکوں میں موجود مذہبی مقامات پر دوسرے ملک کے شہریوں کو زیارت کی سہولت فراہم کرنا تھا۔ اس کے تحت مذہب یا فرقے کی بنیاد پر امتیاز کے بغیر زائرین کو اجازت دینے، دونوں ملکوں میں متفقہ مذہبی مقامات کی فہرست مرتب کرنے اور ان مقامات کی دیکھ بھال یقینی بنانے پر اتفاق کیا گیا تھا۔
معاہدے کے ابتدائی متن میں دونوں ملکوں کے درمیان سالانہ 20 جماعتوں تک کے دوروں کی گنجائش رکھی گئی تھی، جس میں باہمی رضامندی سے تبدیلی کی اجازت بھی موجود تھی۔ بعد ازاں دونوں ملکوں نے باہمی مشاورت سے مذہبی مقامات کی فہرست مرتب اور اس میں توسیع کی۔
اس انتظام کے تحت بھارت سے آنے والے سکھ یاتریوں کو پاکستان میں ننکانہ صاحب، حسن ابدال میں پنجہ صاحب اور لاہور میں ڈیرہ صاحب سمیت دیگر متفقہ مذہبی مقامات کی زیارت کی سہولت فراہم کی جاتی ہے۔ اسی طرح پاکستان سے زائرین کو بھارت میں اجمیر شریف، نظام الدین اولیا اور دیگر متفقہ مذہبی مقامات پر جانے کی اجازت دی جاتی ہے۔
اس پروٹوکول کے تحت آنے والے یاتریوں کو عام سیاحتی ویزے کے بجائے مذہبی زیارت کے لیے مخصوص ویزا جاری کیا جاتا ہے۔ اس ویزے کا مقصد متعین مذہبی مقامات کی زیارت ہوتا ہے، نہ کہ ملک بھر میں آزادانہ سفر کرنا۔
متروکہ وقف املاک بورڈ کے حکام کے مطابق یاتریوں کے سفر کا پروگرام پہلے سے طے کیا جاتا ہے۔ انہیں مخصوص گوردواروں اور شہروں میں جانے کی اجازت ہوتی ہے اور اسی طے شدہ پروگرام کے مطابق نقل و حرکت کرنا ہوتی ہے۔
یہی وجہ ہے کہ اگر کسی یاتری کا آبائی گاؤں ننکانہ صاحب، حسن ابدال یا لاہور کے مقررہ مذہبی مقامات سے دور واقع ہو تو وہ اپنی خواہش کے باوجود وہاں نہیں جا سکتا۔ اس کے لیے متعلقہ حکام سے الگ اجازت اور سکیورٹی انتظامات درکار ہوتے ہیں۔
متروکہ وقف املاک بورڈ کا مؤقف: سیکیورٹی سب سے اہم ہے
متروکہ وقف املاک بورڈ کے ترجمان کے مطابق یاتریوں کو مقررہ مقامات کے علاوہ اپنی مرضی سے مختلف علاقوں میں جانے کی اجازت دینا سیکیورٹی کے حوالے سے مشکلات پیدا کر سکتا ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ جب کوئی بڑا مذہبی قافلہ پاکستان آتا ہے تو اس کے قیام، سفر، نقل و حرکت اور زیارت کے لیے پہلے سے انتظامات کیے جاتے ہیں۔ اگر ہر یاتری کو اپنی مرضی سے کسی بھی شہر یا گاؤں میں جانے کی اجازت دے دی جائے تو اس کے لیے الگ سکیورٹی انتظامات کرنا مشکل ہو جائے گا۔
ان کے بقول ایک یاتری کو آبائی گاؤں جانے کی اجازت دی جائے تو دوسرے یاتری بھی اپنے آبائی علاقوں میں جانے کی خواہش ظاہر کریں گے۔ اس طرح ہر شخص کی خواہش پوری کرنا ممکن نہیں ہوگا اور سکیورٹی کے مسائل بھی پیدا ہو سکتے ہیں۔
تاہم ترجمان نے ایک اہم بات کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اگر چند افراد کا کوئی وفد اپنے آبائی علاقے جانے کی خواہش ظاہر کرے تو متعلقہ ضابطہ کار اور سکیورٹی انتظامات کے تحت اس کی اجازت ممکن ہو سکتی ہے۔
ان کے مطابق ایسا نہیں کہ کسی کو بھی اپنے آبائی علاقے دیکھنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، بلکہ اس کے لیے باقاعدہ درخواست، متعلقہ حکام کی منظوری اور سکیورٹی انتظامات ضروری ہیں۔
جب ماضی کی یادوں نے سرحدوں کو پیچھے چھوڑ دیا
پاکستان اور بھارت کی تاریخ میں ایسی کئی مثالیں موجود ہیں جب اہم شخصیات کو ان کی خواہش پر تقسیم سے پہلے کے آبائی علاقوں اور گھروں کو دیکھنے کا موقع فراہم کیا گیا۔
بھارتی سیاست دان اور سابق نائب وزیراعظم لال کرشن ایڈوانی اس کی ایک نمایاں مثال ہیں۔ ایڈوانی 1927 میں کراچی میں پیدا ہوئے اور تقسیم کے بعد اپنے خاندان کے ہمراہ بھارت منتقل ہو گئے۔
جون 2005 میں پاکستان کے دورے کے دوران انہیں کراچی میں اپنے آبائی گھر جانے کا موقع دیا گیا۔ انہوں نے اپنے پرانے گھر اور سینٹ پیٹرک ہائی اسکول کا دورہ کیا جہاں انہوں نے بچپن میں تعلیم حاصل کی تھی۔
اپنے آبائی گھر پہنچنے پر ایڈوانی نے جذباتی انداز میں کہا تھا کہ 58 برس بعد اس جگہ واپس آنا ان کے لیے ایک غیر معمولی تجربہ ہے۔ انہوں نے گھر میں موجود اپنے بچپن کی بعض اشیا، خصوصاً پلنگ اور الماری کو دیکھ کر حیرت کا اظہار بھی کیا تھا۔
اسی طرح 2022 میں بھارت سے تعلق رکھنے والی 90 سالہ ریحانہ چھبیڑ ورما کو بھی پاکستان میں اپنا آبائی گھر دیکھنے کا موقع ملا۔

وہ تقسیم کے وقت 15 برس کی تھیں اور ان کا خاندان راولپنڈی سے بھارت منتقل ہوا تھا۔ انہوں نے کئی دہائیوں تک پاکستان آنے کی کوشش کی، لیکن ویزے کے حصول میں کامیاب نہ ہو سکیں۔
بالآخر پاکستان کے ساتھ ثقافتی روابط کے لیے کام کرنے والے افراد اور اس وقت کی وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر کی معاونت سے ان کا پاکستان آنے کا خواب پورا ہوا۔
ریحانہ ورما راولپنڈی میں واقع اپنے آبائی گھر پہنچیں، جہاں انہوں نے کئی دہائیوں بعد اپنے بچپن کے کمرے میں وقت گزارا۔ ان کے مطابق یہ ان کی زندگی کی ایک بڑی خواہش تھی جو بالآخر پوری ہو گئی۔
انڈیا کی جانب سے بھی ایسی مثال موجود ہے۔ دسمبر 2013 میں اس وقت کے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے بھارت کے دورے کے دوران امرتسر کے قریب ضلع ترن تارن میں واقع گاؤں جاتی امرا کا دورہ کیا تھا۔
یہ گاؤں شریف خاندان کا آبائی علاقہ ہے جہاں سے میاں محمد شریف کا خاندان تقسیم سے قبل لاہور منتقل ہوا تھا۔ شہباز شریف اپنے خاندان کے دیگر افراد کے ہمراہ وہاں پہنچے تو مقامی لوگوں نے ان کا استقبال کیا۔
یہ معاملہ صرف بھارتی سکھ یاتریوں تک محدود نہیں۔ تقسیم کے وقت پاکستان سے بھارت منتقل ہونے والے لاکھوں خاندانوں کی اگلی نسلیں آج بھی اپنے آبائی علاقوں سے جذباتی تعلق رکھتی ہیں۔ اسی طرح بھارت سے پاکستان آنے والے خاندانوں کے لیے بھی اپنے بزرگوں کے گھروں اور گلیوں کو دیکھنا ایک اہم خواہش ہے۔