اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی علی خورشیدی نے قوم پرست جماعتوں کی ریلی کے حوالے سے اہم مطالبہ کردیا۔
علی خورشیدی نے کہا کہ حکومت سندھ اور قانون نافذ کرنے والے ادارے، بالخصوص پاکستان رینجرز، قوم پرست جماعتوں کی ریلی کے شرکاء کی آمدورفت اور مقررہ راستوں پر شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنائیں، ریلی کے مقررہ روٹس پر موجود دکانوں، کاروباری مراکز اور شہریوں کی املاک کو کسی بھی قسم کا نقصان ہرگز نہیں پہنچنا چاہیے۔
قانون نافذ کرنے والے ادارے اپنی ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور اس امر کو یقینی بنائیں کہ ریلی کے شرکاء کی آمدورفت کے دوران تاجروں اور شہریوں کی املاک محفوظ رہیں، کسی بھی قسم کی غفلت، لاپروائی یا غیر ضروری سختی کے نتیجے میں شہریوں کے کاروبار اور املاک کو نقصان پہنچا تو اس کی ذمہ داری متعلقہ انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر عائد ہوگی۔
علی خورشیدی کے مطابق حکومت اور انتظامیہ امن و امان برقرار رکھنے کے نام پر شہریوں کے کاروبار، روزگار اور املاک کو غیر محفوظ نہ چھوڑیں، شہریوں کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ قابل قبول نہیں۔