اسلام آباد:
وزیراعظم نے فیول سبسڈی اسکیم کی کامیابی اور عوامی پذیرائی پر اطمینان کا اظہار کیا ہے، اسکیم کے تحت ٹوکنز کے استعمال کی مجموعی تعداد 10 کروڑ کا سنگ میل عبور کرگئی جب کہ صارفین کی تعداد ایک کروڑ 84 لاکھ سے تجاوز کرگئی، اسکیم کے تحت 52 ارب روپے تقسیم کیے جاچکے ہیں۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم نے اس ٹارگٹڈ اسکیم کے تحت روزانہ اوسطاً ڈیڑھ لاکھ نئے صارفین کی رجسٹریشن کو عوامی اعتماد اور حکومتی اقدامات کی کامیابی کا مظہر قرار دیا اور کہا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے اور وسائل شفاف اور مؤثر انداز میں مستحقین تک پہنچانے کے لیے وفاقی حکومت کے تمام متعلقہ ادارے اور وزارتیں مشترکہ طور پر کام کر رہے ہیں، مشرق وسطی کی صورتحال کے پیش نظر بڑھتی ہوئی تیل کی قیمتوں کا بوجھ عوام پر منتقل نہ کرنے کے لئے وزیر اعظم فیول سبسڈی کا اجراء کیا گیا اور ستمبر میں سکیم کے آغاز کے بعد سے اب تک ٹارگٹڈ سبسڈی کی فراہمی جاری ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی، وزارتِ خزانہ، وزارتِ پٹرولیم، وزارتِ اطلاعات و نشریات اور دیگر متعلقہ اداروں کی مربوط کاوشوں سے اس اسکیم پر مؤثر انداز میں عمل درآمد ممکن ہوا، حکومت کا یہ مشترکہ اقدام عوام کو مہنگائی کے اثرات سے ریلیف فراہم کرنے کے عزم کا عکاس ہے، اسکیم کے تحت موٹر سائیکلوں، چنگ چی رکشا اور 800 سی سی تک کی چھوٹی گاڑیوں کے مالکان کو سبسڈی کی فراہمی سے عام آدمی، محنت کش طبقے اور محدود آمدن والے خاندانوں کو براہ راست ریلیف مل رہا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ عوامی فلاح و بہبود اور معاشی مشکلات میں کمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں، حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے، وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ اسکیم پر عمل درآمد کے دوران شفافیت، مؤثر نگرانی اور عوام کو سہولت کی فراہمی یقینی بنائی جائے، وزیراعظم نے ہدایت کی کہ اسکیم سے مستفید ہونے والے شہریوں کو مزید سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق افراد اس سے فائدہ اٹھا سکیں۔