امریکی ریاست کیلیفورنیا کے ساحلی علاقے میں ہفتہ کی صبح 5.0 شدت کا زلزلہ آیا تھا جس کے بعد سے کم از کم 90 آفٹر شاکس محسوس کیے گئے۔
امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق گزشتہ روز آنے والے زلزلے کا مرکز ساحلی شہر مین ہٹن بیچ سے تقریباً 3.7 میل مغرب جنوب مغرب میں سمندر میں تھا اور اس کی گہرائی تقریباً 7.6 میل تھی۔
کے بعد آفٹرشاکس کا سلسلہ وقفے وقفے سے تاحال جاری ہے اب تک 90 سے زائد آفٹرشاکس آئے جو لاس اینجلس کے وسیع علاقے میں محسوس کیے گئے۔
لاس اینجلس انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر چھت سے ٹائلیں گریں اور شیشے ٹوٹ گئے جس سے مسافروں میں خوف پھیل گیا۔ گھروں میں شدید جھٹکے محسوس ہوئے جبکہ ساحلی قصبوں میں لوگ دکانوں سے باہر بھاگ آئے۔
لوگوں نے گرتی ہوئی چیزوں سے بچنے کے لیے میزوں کے نیچے پناہ لی۔ گروسری اسٹورز کی پارکنگ میں گاڑیوں کے الارم بجنے لگے۔
حکام کے مطابق ایئرپورٹ پر رن وے کے معائنے میں کوئی مسئلہ سامنے نہیں آیا اور پروازوں کا نظام معمول کے مطابق رہا۔
قریبی علاقے سانتا مونیکا میں عمارتیں زور سے ہلیں اور درخت جھولنے لگے۔ مین ہٹن بیچ پیئر کو احتیاط کے طور پر بند کر دیا گیا۔
زلزلے کے باعث ٹورنس ریفائنری میں غیر منصوبہ بند فلیرنگ ہوئی، تاہم حکام کے مطابق علاقے سے باہر کوئی اثر نہیں پڑا۔ ایل سیگنڈو میں شیورون ریفائنری میں بھی حفاظتی نظام نے خودکار طور پر فلیئرز چلا دیے۔
مقامی حکام کے مطابق زلزلے کے اس سلسلے سے کوئی بڑا نقصان یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی ہے۔
ماہرین کے مطابق لاس اینجلس میں 5.0 سے زیادہ شدت کا زلزلہ گزشتہ 12 سال میں پہلی بار آیا ہے۔ یہ وقفہ لاس اینجلس کی طویل تاریخ میں کافی لمبا سمجھا جاتا ہے۔
لاس اینجلس کی میئر کیرن باس نے سی این این کو بتایا کہ یہاں زلزلے اکثر آتے رہتے ہیں، لیکن یہ والا زیادہ اہم اور لاس اینجلس کے زیادہ قریب تھا۔
حکام نے خبردار کیا ہے کہ آنے والے دنوں میں مزید آفٹر شاکس آ سکتے ہیں، اس لیے شہریوں کو احتیاط برتنے اور تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔