1937 کے انتخابات میں کامیابی کے بعد کانگریس نے مسلمانوں کے خلاف تعصب کا کھلا مظاہرہ شروع کر دیا

 اس بات نے مسلمانوں پر واضح کردیا کہ ہندوؤں کے بارے میں قائد اور اقبال کا موقف بالکل درست ہے



قسط نمبر۔8

1935 ء قانون ِہند برصغیر میں نافذ العمل ہو چکا تھا۔ اب اسی آئین کے تحت عام انتخابات ہو نے تھے، کانگریس اور مسلم لیگ کو یقین ہو گیا تھا کہ اب ماضی کی نسبت زیادہ اختیارات کے ساتھ حکومتیں تشکیل پا ئیں گی۔ جہاں تک جداگانہ انتخابات کا تعلق تھا اِس کی ضمانت مل چکی تھی۔ مگر یہاں یہ واضح رہے کہ میثاق لکھنو کی طرح مسلم لیگ یا کانگریس کی مسلم اور ہندو ووٹرز پر اجارہ داری نہیں تھی ، یعنی یہ تو طے تھا کہ ہندو مسلم اور دوسری اقلیتوں کے تناسب سے اسمبلیوں کی نشستیں تقسیم تھیں مگرگانگریس مسلم نشستوں پر اپنے مسلمان اُمیدوار، اسی طرح مسلم لیگ ہندو نشستوں پر اپنے ہند و امیداوار کھڑے کر سکتی تھی، مسئلہ یہ تھاکہ کانگریس اپنے پارٹی مینو فیسٹو میں خود کو سیکولر ، روشن خیال ہند و مسلم تعصبات سے مبرا جماعت کے طور پر پیش کرتی تھی۔ مولانا ابوالکلام جیسے مشہور عالم دین کے علاوہ بہت سے معروف تعلیم یافتہ مسلمان کانگریس کی رکنیت رکھتے تھے جبکہ مسلم لیگ کا مینی فیسٹو مذہب اسلام میں مسلم اور غیر مسلم کی بنیاد پر اپنے تشخص کو واضح کرتا تھا۔ اسی بنیاد پر مسلم لیگ نے پارلیمنٹ میں آبادی کے تناسب سے نشستوں کے ساتھ ملازمتوں کا کوٹہ بھی رکھوا یا تھا۔ کانگریس میں شامل اعلیٰ تعلیم یا فتہ افراد سکولر ازم کے نعرے سے متاثر تھے۔

مذہب کی بنیاد پر ہندوستان میں ہند و مسلم فسادات بھی ہو چکے تھے۔ گاندھی جی کا کرادار ایسا تھا جیسے وہ ہندو مسلم دونوں کے ہمدرد ہو ں۔ مقامی سطحوں قوم پرست اور دیگر جماعتوں سے بھی کانگریس کے تعلقات بہتر تھے۔ یوں برصغیر کے بہت سے مسلمان کانگریس سے وابستہ تھے۔ 1935 ء کے قانون ِہند کے وقت مسلم لیگ اور کانگریس کے علاوہ پنجاب میں یونینسٹ پارٹی بھی تھی جس کے لیڈر سر سکندر حیات اور سر فضل حسین تھے۔ پھر ہندو مہا سبھا تھی جو ایک ہند و انتہا پسند پارٹی تھی جس کے لیڈر وی ڈی ساورکر اور شیاما پرساد مکھر جی تھے۔ نیشنل لبرل فیڈریشن کانگریس سے الگ ہو کر بنی تھی اس کے رہنما تیغ بہادر سپرو اور وی ایس سرینواس شاستری تھے۔ کو نسل پارٹی آف پیزنٹ اینڈ ورکرز/ کیمونسٹ پارٹی آف انڈیا، آل انڈیا اتحاد المسلمین نواب محمود نواز کی زیر قیادت حیدر آباد دکن کے مسلمانوں کی نمائندگی کر تی تھی۔ یونینسٹ مسلم پارٹی / خدائی خدمت گا رخیبر پختونخوا کی جماعت تھی جس کے رہنما خان عبدالغفار خان تھے۔ کر شک پرجا پارٹی بنگال کی ایک اہم کسان پارٹی تھی جس کے رہنما شیر ِ بنگال اے کے فضل حق تھے ۔

 یہاں برطانوی سیاست کا ایک مختصر سا جا ئزہ بھی ضروری ہے۔ 1935 ء میں ہی بر طانیہ میں بادشاہ جارج پنجم کی تاج پوشی کے 25 سال مکمل ہو نے پر پورے ملک اور برصغیر میں سلور جوبلی منائی گئی تھی۔ 1936جنوری میں شاہ جارج پنجم کا انتقال ہو گیا تو اس بعد ایڈ وڈ ہفتم بادشاہ بنے مگر اُنہوں نے بر طانوی شاہی روایات کے بر عکس ایک امریکہ مطلقہ عورت سے شادی کا فیصلہ کیا ،اس سے آئینی بحران پیدا ہوا اسی سال دسمبر میں ایڈوڈ ہفتم نے اس امریکی عورت کے خاطر تحت و تاج کو قربان کر دیا تو اُن کے چھوٹا بھائی جارج ششم ( ملکہ الزنتھ کے والد موجود بادشاہ چارلس کے نانا) بادشاہ بنے۔ 1936 ء تین باشاہوں کا سال قرار پایا۔ 1937 ء میں اسٹینلے بالڈون کے بعد نیول چیمبرلین بر طانیہ کے وزیر اعظم بنے۔ مئی 1937 ء میں نئے بادشاہ شاہ جارج ششم اِن کی بیٹی ملکہ الزبیتھ کی باقائد تاج پوشی ہو ئی جشن دہلی میں بھی منا یا گیا۔ 1938 جرمنی کے جنگی تیاریوں کے مد نظر برطانیہ میں بھی دفاعی نوعیت کی تیاریاں شروع ہو گئیں۔

بڑے پیمانے پر ہتھیاروں کی تیاری شروع ہو ئی ، ونسٹن چرچل جیسے سیاستدانوں نے وزیر اعظم چیمبرلین کی مصالحتی پالیسی کی شدید مخالفت کی۔ 1939 میں Conscription لازمی فوجی بھرتی شروع ہوئی کیونکہ جرمنی سے امن کی تمام تر کوششیں ناکام ہو گئیں۔ برطانیہ میں 18 سال سے 41 سال تک کے مردوں کے لیے فوجی تربیت اور سروس کا قانون نافذ ہوگیا۔ Operation Pied Piper بچوں کی منتقلی ستمبر1939 ء کے آغاز میں جرمنی کی جانب سے جنگ کی صورت میں جرمنی کے ممکنہ حملوں کے پیش نظر لاکھوں بر طانوی بچوں کو بڑے شہروں سے نکال کر دیہی آبادیوں میں بسا یا گیا۔ جرمنی نے یکم ستمبر کو پولینڈ پر حملہ کر دیا۔ 3 ستمبر 1939 ء کو فرانس اور بر طانیہ نے جرمنی کے خلاف اعلان جنگ کر دیا ۔ ہم 1935ء سے 1939 ء تک اب ہندوستان میں رونما ہو نے والے سیاسی اور سیاست سے جڑے حالات و ، واقعات کا جا ئزہ لیتے ہیں۔31 مئی1935ء کو برٹش بلوچستان کے ہیڈ کواٹرکوئٹہ شہر میں ہندوستان کی تاریخ کا ہولناک ترین زلزلہ آیا۔ پچاس ہزار آبادی کے شہر کوئٹہ میں تیس ہزار جاں بحق ہوئے۔

شہر کے گرد نواح میں مز ید تیس ہزار ہلاک ہو ئے یعنی کل ساٹھ ہزار افرا د جان سے گئے۔ سٹی نالے کے پار کوئٹہ شہر کے ساتھ چھاؤنی واقع ہے جہاں بارہ ہزار فوج تھی، کوئٹہ چھاونی کا یہ علاقہ محفوظ رہا ، لیکن کوئٹہ چھاونی سے ڈھائی میل مغرب میں رائل ائیربیس مکمل تباہ ہو گیا، انگریز نے دوسری اینگلو افغا ن جنگ 1878 ء میں ہی کو ئٹہ اور چھاو نی کی تعمیر مکمل کر لی تھی یہ چھاونی اور شہر انگریزوں کے لیے بہت اہم تھا۔ 1878 ء جنگ کی کامیابی میں اس شہر نے اہم کردار ادا کیا تھا ، پہلی جنگ عظیم 1914 سے1918 تک کو ئٹہ سے چمن ، کو ئٹہ سے براستہ بوستان ژوب روہڑی تاکو ئٹہ، سبی تا ہرنائی کھوسٹ ، کو ئٹہ ، سپیذنڈ ، تفتان ، میر جاوا ایران شہر زاہدن ریلوے لائنیں بچھائی دی گئیں تھیں۔ کوئٹہ سے سوویت یونین ، افغانستان ، ایران کسی بھی بدلتی صورت میں برٹش انڈیا کا دفاع کیا جا سکتا تھا اس لیے انگر یز سرکار نے فوری طور پر شہر کی تعمیرنو شروع کی۔ 1940 ء سے 1942 ء تک کوئٹہ شہر دوبارہ تعمیر کر دیا گیا،کوئٹہ شہر کی تعمیر میں انگریز سرکار کے کہنے پر حکومت سے کچھ زیادہ مالی امدا دیسی ریاستوں کے راجاؤں اور نوابیں نے دی تھی۔

کو ئٹہ کی اسی اسٹریٹیجک اہمیت کی وجہ سے انگریز سرکار نے 1935 ء کے قانون میں قائد اعظم کے مطالبے کے باوجود بلو چستان کو صوبے کا درجہ نہیں دیا تھا ۔ 1935 ء کے قانون ہند کے نافذ العمل ہو نے کے بعد اگر چہ قانونا ًانگریز سرکا ر کی گرفت کمزور نہیں ہو ئی تھی گورنر جنرل ، وائسرائے کی قوت سے باہر نہ تو پارلیمنٹ نہ ہی کوئی حکومت تھی لیکن مسئلہ یہ تھا کہ اب دنیا پر دوسری عالمی جنگ کے بادل چھا رہے تھے جس کو ٹالنے کے لیے فرانس اور برطانیہ ہر طرح کی کوشش کر رہے تھے جبکہ ہٹلر اور اسٹالن اس سیاسی ہچکچاہٹ سے اپنی اپنی سیاسی حکمت علمی کے تحت فائدے اٹھا رہے تھے۔ ہند وستان بر طانیہ کی سب سے اہم نو آبادی تھی جہاں انگریز سرکار نے بہت ہی ذہانت کے ساتھ سماجی سیاسی انجیئرنگ کی تھی۔ 1931 ء کی مردم شماری کے مطابق ہند وستان کی کل آبادی 35 کروڑ28 لاکھ تھی جن میں تقریباً 8 کروڑ مسلمان تھے۔

1935 ء کے قانون ِہند میں گورنر جنرل کی زیر نگرانی گیارہ صوبے تھے۔ اسی گورنر جنرل کے بحیثیت وائسراے نگرانی میں 540 دیسی ریاستیں تھیں۔ اِن دیسی ریاستوںکے تحفظ کا آئینی ضامن بھی وائسرائے ہی تھا ۔ 540 دیسی ریاستوں کے راجے، مہاراجے خوانین اور نوابین انگریز سرکار کے وفادار تھے۔ 1935 ء کے آئین میں وفاق کی سطح پر اِن ریاستوں نے شمولیت کے لیے تعاون نہیں کیا تھا۔ اب ذرا تصور کریں کہ کانگریس اور مسلم لیگ کے رہنما یہ جانتے تھے کہ فرانس اور بر طانیہ کے رہنما سیاسی طور پر ہچکچاہٹ کا شکار ہیں، بنیاد ی وجہ یہ تھی کہ ان کی معیشتیں بحران کا شکا رتھیں ، مالی، اقتصادی پریشانیاں سرکاری سطح پر تھی عوام زیادہ مسائل کے شکارتھے ۔ جمہوری حکومتوں میںمنتخب قیادت کی توجہ داخلی معاملات پر مرکوز تھی، جبکہ یہ تاریخی دوراہا تھا۔ دنیا بد ل رہی تھی۔

بد قسمتی سے برطانیہ اور فرانس جنگ عظیم دوئم سے قبل بر وقت اور درست فیصلے نہ کر سکے۔ بر طانوی حکومت کی صورتحال سے مسلم لیگ کانگریس دونوں واقف تھے۔ اِس ماحول میں خصوصاً کانگریس نے سیاسی طور پر بلیک میلینگ شروع کر دی۔ کانگریس کی حکمت عملی اُس وقت کے اعتبار سے بہت بہتر تھی۔ کانگریس کے لیڈر پنڈت جو اہر لعل نہرو 1937 ء سے 1939 ء تک اسی پالیسی پر عمل رتے رہے مگر انہیں اپنی کامیابی کے حوالے سے خوش فہمیاں بھی تھیں۔ قائد اعظم نے صورتحال بروقت بھانپ لیا تھا۔ 1935 ء قانونِ ہند کی منظوری مسلم لیگ کی کامیابی تھی جو قائد اعظم نے بطور ایک ماہر سیاستدان و قانون حاصل کی تھی۔ 1935 ء کے قانون ِہند میں قائداعظم نے وہ بنیادی نکات شامل کروائے تھے جو 1916 ء کے میثاق لکھنو میں طے پائے تھے۔ مگر اس قانون میں جداگانہ طریقہ انتخاب میں جمہوری روح کو بر قرار رکھا گیا تھا ، جمہوری روح یہ تھی مسلم لیگ اپنے ہندو ممبران کو ہندو نشستوں پر کھڑا کر سکتی تھی کانگریس اپنے مسلم امیدواروں کو مسلم نشستوں پر کھڑا کر سکتی تھی۔ یہ بھی واضح تھا کہ یہ انتخابات ہندوستان کے گیارہ صوبوں میں منعقد ہو نگے۔ مسئلہ یہ تھا کہ کانگریس 1885 ء میں قائم ہوئی تھی اس کا اثر زیادہ تھا ،1931 ء کی مردم شماری کے مطابق برٹش انڈیا کی کل آبادی35 کروڑ 28 لاکھ تھی مذاہب کے اعتبار سے آبادی کا تناسب ہندو مت 68% سے70% مسلمان آبادی 22% سے 24% سکھ 1.5% سے2% عیسائی بھی1.5% سے2% دیگر جن میں بدھ مت ، جین مت قبائلی مذاہب شامل تھے اِن کا تناسب 3% سے 5% فیصد تھا۔ 1935 ء کے قانون ِ ہند کے موقع پر قائداعظم لند ن سے سکونت چھوڑ کر واپس ہندوستان آئے تھے۔

آل انڈیا مسلم لیگ کو منظم کر نے کے کٹھن مراحل اُن کے سامنے تھے۔ کسی ممکنہ مسئلے کے اُبھر نے سے پہلے ہندوستان میں قانون ِ ہند کے نفاذکے بعد انتخابات کا اعلان ہوا۔ اس موقع پر مسلم لیگ سے زیادہ بہتر اسٹریٹیجی کانگریس کی تھی۔ جواہر لعل نہرو نے ایک جانب مسلم لیگ کے علاوہ دوسری ساری جماعتوں سے رابطے رکھے۔ 1936 ء 1937 ء کے موسم سرما میں انتخابات ہو نے تھے۔ ان انتخاب میں 1935 ء کے قانون ہند کے مطابق ہندوستان کے تین کروڑ افراد کو ووٹ کا حق ملا تھا۔ آل انڈیا نیشنل کانگریس نے پنجاب میں کے شہری علاقوں کی 18 ہندو نشستیں حاصل کیں ، آل انڈیا مسلم لیگ نے صرف 2 نشستیں حاصل کیں۔ مجلسِ احرارِ اسلام کو 4 نشستیں ملیں۔ سکھوں کی پارٹی اکالی دل نے 11 نشستیں لیں جبکہ پنجاب کی یو نینسٹ Unionist Party جس کے لیڈر سر سکندر حیات تھے اُس نے 98 نشستیں حاصل کیں۔ شہری علاقوں میں ہندو وکلا اور تاجروں کا اثر تھا جب کہ دیہی علاقوں میں زمینداروں کی اجارہ داری تھی جن کی نمائند ہ جماعت اُس وقت یونینسٹ پارٹی تھی۔ صوبہ پنجاب کی کل نشستیں 175 تھیں جن میں سے 98 نشستیں یونینسٹ پارٹی نے حاصل کیں۔ سکندر حیات خان نے ہندو الیکشن بورڈ اور خالصہ پاارٹی کے ساتھ مل کر وزارت تشکیل دی۔

1937 ء کے عام انتخابات میں بنگال صوبائی اسمبلی میں کو ئی ایک جماعت اکثریت حاصل نہ کر سکی۔ جیسا کہ پہلے بھی بیان کیا گیا ہے کہ آج کے بھارتی بنگال اور بنگلہ دیش کے اس مشترکہ صوبہ بنگال میںمسلم آبادی کا تناسب 55% تھا ، 1905 میں تقسیم بنگال پر کانگریس کی مخالفت پر ڈھاکہ میں 1906 مسلم لیگ قائم کی گئی تھی اِس کے باوجود بھی یہاں کانگریس کا اثر مسلم لیگ کے مقابلے میں زیادہ تھا۔ 1937 ء کے صوبائی انتخابات میں بنگال میں پہلے نمبر پر کانگریس تھی۔ کانگریس کویہاں کل 250 نشستوں میں سے 54 نشستیں ملیں۔ دوسرے نمبر پر مسلم لیگ نے 40 نشستیں حاصل کیں۔ بنگال کی بااثر شخصیت سیاسی طور پر مولوی فضل حق کی تھی اِن کی کرشک پرجا پارٹی نے 36 نشستیں حاصل کیں جب کہ باقی تقریباً 120 نشستوں پر زیادہ تر آزادامیدوار کامیاب ہو ئے یا کچھ نشستیں دیگر چھوٹی جماعتوں جیسے ٹپراکرشک سمتی پارٹی، ہندو مہا سبھا نے حاصل کیں۔ انتخابات کے بعد مولوی فضل حق ( شیرِبنگال ) کی شخصیت کے سیاسی اثر کی وجہ سے مسلم لیگ کرشک پرجا پارٹی اور آزاد امیدواروں نے اکثریت کی بنیاد پر مخلوط حکومت بنائی جس کے وزیراعظم مولوی فضل حق منتخب ہو ئے۔ فضل حق کے اس سیاسی تعاون سے بنگال جیسے اہم صوبے میں مسلم لیگ کی ساکھ کو فائدہ پہنچا ۔

خیبر پختونخواہ اور اُس وقت کے صوبہ سرحد میں کل 50 نشستوں میں سے کانگریس نے 19 نشستیں حاصل کیں۔ ہندو سکھ نیشنل پارٹی نے 7 نشستیں انڈیپندنٹ پارٹی کی 2 نشستیں تھیں۔ 22 آزاد امیدوار تھے۔ کانگریس نے سب سے زیادہ نشستیں حاصل کی تھیں مگراُسے سادہ اکثریت یعنی 26 نشستیں نہیں ملی تھیں۔ اپریل 1937 ء میں صاحبزادہ عبدالقیوم خان نے چھوٹی جماعتوں اور آزاد امید واروں کے ساتھ ملک کر مخلوط صوبائی حکو مت تشکیل دی۔ مگر ستمبر1937 ء میں یہاں ڈاکٹر خان صاحب کی قیادت میں کانگریس نے عدم اعتماد کی تحریک پیش کر کے صاحبزادہ عبدالقیوم کی حکومت گرا دی۔ بعد میں ڈاکٹر خان صاحب کی سر براہی میں کانگریس کی مخلو ط حکومت قائم ہو ئی۔ جو نومبر1939 ء تک قائم رہی۔اگرچہ قائد اعظم کے مطالبے پر ہی 1935 ء کے قانون ہند میں سندھ کو بمبئی سے الگ کر کے صوبہ بنایا گیا تھا سند ھ اسمبلی کی 60 نشستوں میں سے 34 مسلم نشستیں تھیں مگر مسلم لیگ ایک نشست بھی حاصل نہ کر سکی۔ سندھ میں مسلم لیگ کی تنظیمی پوزیشن بہتر نہیں تھی۔ سند ھ یو نائٹڈ پارٹی 22 مسلم نشستیں حاصل کر کے پہلی پوزیشن پر رہی۔ بھارتیہ ہندو مہا سبھا پارٹی نے 11 جنرل نشستیں حاصل کیں، انڈین نیشنل کانگریس کو8 نشستیں ملیں، سندھ مسلم پولیٹیکل پارٹی نے4 نشستیں حاصل کیں ،سندھ آزاد پارٹی کو 3 نشستیں ملیں ، مسلم نشستوں پر 9 امیدوار اور ہندو نشستوں پر 2 آزاد امید وار کامیاب ہو ئے جبکہ آزاد لیبر پارٹی کا ایک امیدوار کامیاب ہوا۔

مختلف تاریخی دستاویزات کے مطابق 11 سے14 کے قریب آزاد امیدوار کامیاب ہو ئے تھے جنہوں نے حکومت کی تشکیل میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ کافی جوڑتوڑ کے بعد سندھ کے پہلے وزیر اعظم سر غلام حسین ہدایت اللہ منتخب ہو ئے۔ کانگریس یہاں کوئی قابل ِ ذکر کردار ادا نہ کر سکی ۔ 1937 ء کے عام انتخابات کے نتائج مجموعی طور پر کانگریس کے حق میں تھے۔ کانگریس نے 11 صوبوں میں سے 7 صوبوں میں اکثریت کی بنیاد پر حکومتیں بنائیں۔ اِن میں سے 5 صوبوں میں کانگریس کو کسی جماعت سے اتحاد کی ضرورت پیش نہیں آئی۔ 1مدراس ( چنائے ) 2 متحدہ صوبہ جات(یو پی) 3 مرکزی صوبہ جات (سی پی)4 بہار5۔ اڑیسہ ، مخلوط یا اتحادی جماعتوں کے ساتھ بمبئی اور خیبر پختوانخوا ( صوبہ سرحد) بمبئی میں کانگریس بڑی جماعت تھی یہاں کانگریس نے بمبئی اسمبلی کی کل 175 نشستوں میں سے 86 نشستیں حاصل کی تھیں مگر حکومت کی تشکیل کے لیے 2 نشستوں کی ضرورت تھی۔ کانگریس نے بہت آسانی سے کچھ آزاد اور حمایتی ارکان کے تعاون سے بی جی کھیر کی سربراہی میں حکومت تشکیل دی۔ واضح رہے کہ مسلم لیگ جس نے بمبئی میں 20 نشستیں حاصل کی تھیں کانگریس سے خود مسلم لیگ نے مخلوط حکومت میں شامل ہو نے کی خواہش ظاہر کی تھی ، جسے کانگریس نے مسترد کر دیا تھا۔

کانگریس نے مسلم لیگ کے 20 کامیاب ارکان کو یہ کہا تھا کہ اگر وہ مسلم لیگ کو ختم کر کے حکومت میں شامل ہو نا چاہیں تو اُن کو بمبئی کی حکومت شامل کر لیا جا ئے گا۔ قائد اعظم نے اس کو سختی سے مسترد کر دیا تھا۔ خیبر پختوانخوا ( شمال مغربی سرحدی صوبہ ) میں بھی کانگریس نے مخلوط حکومت قائم کی تھی۔ 1937 ء کے11 صوبائی انتخابات میں کل 1585 نشستیں تھیں۔ کانگریس نے 707 نشستیں حاصل کی تھیں۔ مسلم لیگ کو 106 نشستیں ملیں ،یونینسٹ پارٹی نے 101 نشستیں حاصل کیں۔ 1935 ء کے قانون ِ ہند کے مطابق یہ پہلے انتخابات تھے۔ قائداعظم کو اتنا وقت نہیں ملا تھا کہ وہ بہتر انداز کی انتخابی منصوبہ بندی کرتے۔ اگر ایسا ہوتا تو مسلم لیگ یہاں زیادہ بہتر پوزیشن میں ہو تی۔ بنگال میں اگرچہ کانگریس نے کل 250 نشستوں میں سے 54 نشستیں حاصل کی تھیں اور پہلی پوزیشن پر تھی ، 40 نشستوں کے ساتھ مسلم لیگ دوسرے نمبر پر رہی جبکہ مولوی فضل حق کی کرشک پرجا پارٹی نے 36 نشستیں حاصل کیں اور تیسری پوزیشن پر رہی۔ مسلم لیگ یہاں کانگریس کے مقابلے میں بہتر رہی اور مولوی فضل حق کی سر براہی میں مخلوط حکومت میں شامل ہوئی۔ 1937 ء کے انتخابات کے بعد بہرحال ہندوستان میں کانگریس نے مسلم لیگ کے مقابلے میں چھ گنا زیادہ ووٹ حاصل کئے تھے سات صوبوں میں اُن کی حکومتیں قائم ہوئیں5 جولائی 1937 ء کو کانگریس نے ہندوستان کے 11 صوبوں میں سے سات میں حکومتیں بنائیں مسلم لیگ اور کانگریس کے درمیان وزارتوں کی تقسیم پر اختلافات پیدا ہو ئے۔

کانگریس کو اپنی سیاسی برتری پرگھمنڈ تھا۔ کانگریس وزارتوں نے اقتدار ملتے ہی ہند وتعصب کا کھل کر مظاہرہ کیا۔ اِن صوبوں میں اہم عہدوں پر جو مسلمان افسران اور اہلکار تعینات تھے اِن عہد وں سے اِ ن کے تبادلے کئے گئے ، اِن صوبوں کے تعلیمی اداروں میں بندے ماترم کو ترانے کے طور پر اپنایا گیا ، اس کی شاعری کے کچھ بند مسلمانوں کے جذبات کے خلاف تھے۔ تعلیمی اداروں ہندوازم کے مطابق اصلاحات نافذ کی گئیں۔ زیادہ سے زیادہ قائدے اور مراعات ہندووں کو دی گئیں۔ مسلمانوں کو نظر انداز کردیا گیا۔ یہی وجہ تھی کہ مسلمانوں کا احساس ہوا کہ علامہ اقبال اور قائدا عظم کا دوقومی نظریہ واقعی ہندوستان کے مسلمانوں کی ضرورت ہے۔ قانون ہند 1935 ء کا ایک اہم حصہ اعلیٰ عدلیہ کا قیام تھا۔ اس کے مطابق یکم اکتوبر 1937 ء کوFederal Court of India فیڈرل کورٹ آف انڈیا کا قیام عمل میں آیا۔ یہ عدالت اعظمیٰ دہلی میں اس لیے قائم کی گئی تھی کہ آئینی تنازعات کا حل اس عدالت میں ہو سکے۔ یہ ہندوستان کی عدالتی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل تھا۔ آئین کے مطابق عدالت کا ایک چیف جسٹس اور زیادہ سے زیادہ 6 جج ہو سکتے تھے۔

سر مورس گوائر Sir Maurice Gwyer فیڈرل کورٹ آف انڈیا کے پہلے چیف جسٹس تھے۔ آغاز میں چیف جسٹس کے علاوہ دوجج جسٹس سر شاہ سلیمان اور جسٹس ایم آر جیا کر شامل تھے۔ اگرچہ فیڈرل کورٹ آف انڈیا ملک کی سب سے بڑی عدالت تھی لیکن1935 ء کے قانون ہند کے مطابق یہ ،،حتمی عدالت نہیں تھی ،،فیڈرل کورٹ آف انڈیا کے فیصلوں کے خلاف لندن میں قائم پریوی کو نسلPrivy Council میں اپیل کی جاسکتی تھی۔ فیڈرل کورٹ آف انڈیا کے قیام کے بعد عملی طور پر ریاست کے تین ستون مقننہ، انتظامیہ اور عدلیہ قائم ہو گئے تھے۔ ہاں یہ ضرور تھا کہ ہندوستان مکمل آزاد اور خودمختار ملک نہیں تھا، برطانیہ کی نو آبادی تھا لہذٰایہاں یہ تینوں ادارے قانون ہند 1935 ء کے تحت محدود اختیارات کے رکھتے تھے ۔ جہاں تک تعلق فیڈرل کورٹ کاتھا تو اِسی فیڈرل کورٹ کو آزادی کے بعد بھارت اور پاکستان میں سپریم کو رٹس کہا گیا ، اُس وقت بھی اکثر ہندوستانی قانون دان اِس کو برٹش انڈیا کی سپریم کورٹ ہی تصورکرتے تھے۔ لیکن سپریم کورٹ پوری طرح حتمی عدالت ہوتی ہے ،1935 ء کے قانون ہند میں تجویز کردہ انڈین فیڈرل کورٹ حتمی اس لیے نہیں تھی کہ فیڈرل کورٹ کی جانب سے دیئے گئے فیصلوں کے خلاف لندن کی پرویوی کونسل میں اپیل کی جا سکتی تھی۔

   صورتحال یہ تھی کہ پہلی جنگ عظیم جیتنے کے باوجود خود سلطنت ِ برطانیہ کمزور ہو چکی تھی جسے دیکھتے ہو ئے اب ہندوستان کے جاگیردار بھی محتاط ہو رہے تھے ، اِن کو تشویش بھی تھی اور قدرے دھندلے اندیشے بھی ،یہی وجہ تھی کہ اب بہت سے جاگیر دار انڈیا میں سیاسی طور پر بھی متحرک بھی ہو رہے تھے۔ بہت سے جاگیردارکانگریس اور مسلم لیگ کی مالی مدد بھی کر نے لگے تھے۔ 1935 ء کے قانون ہند میں جتنے اختیارات گورنر جنرل کو حاصل تھے اس کے بعد صوبائی وزارتوں کے قیام سے بھی کو ئی تبدیلی ممکن نہ تھی ، ساتھ ہی بطور وائسرائے 540 سے زیادہ دیسی ریاستوں کے حکمرانون کا تعاون بھی انگریز سر کارکو حاصل تھا۔ یہی وجہ تھی کہ35 کروڑ28 لاکھ کی آبادی والے ملک ہندوستان پرایک لاکھ سے کم تعداد کے انگریز مستحکم انداز سے حکومت کر رہے تھے۔

اِن حالات میں کانگریس اور مسلم لیگ سیاسی میدان میں ہندوستان کی آزادی اور خود مختاری کے لیے جد جہد کر رہی تھیں۔ اِن کو معلوم تھا کہ 1935 ء کا قانون ہند بے پناہ اختیارات گورنرجنرل کو دیتا ہے۔ 1935 ء کا قانونِ ہند گورنرجنرل ، ، وائسرائے ،، Lord Willingdon کے آخری دور میں منظور ہوا تھا مگر نافذ لارد لنلتھگوLord Linlithgow کے دور میں ہوا۔ کیونکہ قائداعظم محمد علی جناح اور جواہر لعل نہرو دونوں ہی یورپ میں دوسری جنگ عظیم کے منڈلاتے بادل دیکھ رہے تھے ،اور اپنے اپنے طور پر سیاسی پوزیشن لے رہے تھے اس لیے گورنرجنرل بھی بہت محتاط تھا ۔