کراچی:
کورنگی کراسنگ پر تجاوزات کاراج، مرکزی شاہراہ اور سروس روڈ پر قبضے،کراچی کے علاقے کورنگی کراسنگ کی مرکزی سڑک پر نظر دوڑائیں تو دونوں اطراف ٹھیلوں کی طویل قطاریں دکھائی دیتی ہیں،جنہوں نے سڑک کے ایک بڑے حصے کوگھیررکھاہے۔
سو سے ڈیڑھ سوکے قریب ٹھیلوں کے باعث گاڑیوں کیلیے گزرنے کی جگہ محدود رہ گئی ہے، جس سے مصروف اوقات میں ٹریفک کی روانی متاثر ہوتی ہے ،مرکزی سڑک سے متصل سروس روڈ پر بھی صورتحال مختلف نہیں، یہاں چنگچی اوررکشوں کے غیر قانونی اڈوں نے جگہ گھیررکھی ہے۔
بڑی تعدادمیں کھڑے رکشوں کے باعث سروس روڈکامقصد ہی متاثر ہوکررہ گیا ہے اور شہریوں کومتبادل راستوں سے گزرنا پڑتاہے اس صورتحال کا براہ راست اثر قریب واقع انڈس اسپتال آنے والے مریضوں اور ان کے تیمارداروں پر پڑ رہاہے۔
خصوصاً ہنگامی حالت میں مریضوں کو اسپتال منتقل کرنیوالی ایمبولینسوں کیلیے راستہ ملنامشکل ہوجاتاہے۔ ایسے میں تجاوزات محض ٹریفک کا مسئلہ نہیں بلکہ مریضوں کی بروقت اسپتال منتقلی میں بھی رکاوٹ بن رہی ہیں۔
علاقہ مکینوں کاکہناہے کہ سڑکوں پر ٹھیلے اور غیرقانونی رکشہ اڈے قائم ہونے کے باعث روزانہ مشکلات کاسامنا کرنا پڑتا ہے۔
شہریوں نے متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیاہے کہ کورنگی کراسنگ سے تجاوزات کامستقل خاتمہ کیاجائے،غیرقانونی رکشہ اڈوں کیخلاف کارروائی کی جائے اور روزانہ کی بنیاد پر نگرانی یقینی بنائی جائے، تاکہ سڑکیں آمدورفت کیلیے کھلی رہیں اور اسپتال جانیوالی ایمبولینسوں کو بلا رکاوٹ راستہ مل سکے۔