وزیراعظم کا وزیرداخلہ کواعتزازاحسن کیساتھ مزید بحث میں نہ الجھنے کا مشورہ چوہدری نثار بھی ڈٹ گئے

اعتزازاحسن نےسیاست کے بجائے ذاتیات سےمتعلق الزام تراشی کی جس کا کل پریس کانفرنس میں ثبوت کیساتھ جواب دونگا،چوہدری نثار


ویب ڈیسک September 05, 2014
وزیراعظم نوازشریف اور وزیرداخلہ کے درمیان ملاقات میں وزیراعظم کی جانب سے چوہدری نثار کو منانے کی کوششیں کی گئی، فوٹو:فائل

لاہور: وزیراعظم نوازشریف اور وزیرداخلہ کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں وزیراعظم کی جانب سے چوہدری نثار کو منانے کی کوششیں کی گئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم نوازشریف سے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے ملاقات کی جس میں قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران پیپلزپارٹی کے رہنما اعتزاز احسن کے ساتھ ہونے والی بیان بازی سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ اس دوران وزیراعظم نوازشریف نے چوہدری نثار کو منانے کی بھی کوششیں کی۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم اوروزیرداخلہ کے درمیان ملاقات 3 گھنٹے تک جاری رہی جس میں حمزہ شہباز سمیت دیگر وفاقی وزرا بھی شامل تھے،وزیراعظم سے ملاقات کے دوران (ن) لیگ کی جانب سے چوہدری نثار پر اعتزاز احسن کے خلاف مزید بیان نہ دینے کے لیے بھی دباؤ ڈالا گیا جب کہ وزیراعظم نے بھی انہیں مزید کسی بحث میں نہ الجھنے کا مشورہ دیا تاہم اس دوران چوہدری نثار وزیراعظم سمیت دیگر وزرا کی باتوں کے برعکس کل ثبوت کے ساتھ پریس کانفرنس کرنے پر ڈٹے رہے۔ اس موقع پر چوہدری نثارعلی کا کہنا تھا کہ ان پر سیاست کے بجائے ذاتیات سے متعلق الزام تراشی کی گئی ہے جس کا کل وہ پریس کانفرنس میں ثبوت کے ساتھ جواب دیں گے۔

دوسری جانب وزیراعظم نوازشریف نے کل وزیرداخلہ چوہدری نثار کو ملاقات کے لیے بلا لیا ہے جہاں وزیراعظم ہاؤس میں دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات صبح 10 بجے ہوگی۔

واضح رہے کہ آج قومی اسمبلی کے اجلاس میں سینیٹ میں قائد حزب اختلاف چوہدری اعتزاز احسن اور وزیرداخلہ چوہدری نثار کے درمیان سخت بیان بازی ہوئی تھی جس میں دونوں جانب سے شدید برہمی بھی دیکھنے میں آئی تھی۔

مقبول خبریں