سیلابی صورتحال کے پیش نظرتحریک انصاف اورعوامی تحریک دھرنے ملتوی کردیں الطاف حسین

عوامی تحریک اور تحریک انصاف دھرنے ملتوی کرکے امدادی کاموں میں مصروف ہوجائیں، قائد ایم کیوایم


ویب ڈیسک September 05, 2014
حکومت بھی گزشتہ دنوں گرفتار کیے گئے مظاہرین کو رہا کرکے اچھی پیش رفت کا آغاز کرے، الطاف حسین، فوٹو: فائل

ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین نے ملک میں جاری شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال کے پیش نظر تحریک انصاف اور عوامی تحریک سے دھرنے ختم کرنے کی اپیل کی ہے۔

لندن سے جاری بیان میں الطاف حسین کا کہنا تھا کہ شدید بارشوں اور سیلاب کے باعث ملک قدرتی آفات کا شکار ہے،سیلابی ریلوں سے انسانی جانوں کے ضیاع میں اضافہ ہورہا ہے جبکہ قیمتی جانیں اور کمزور مکانات سیلابی ریلوں کی نذر ہورہے ہیں لہٰذا اس صورتحال میں عوامی تحریک اور تحریک انصاف دھرنے ملتوی کرکے امدادی کاموں میں مصروف ہوجائیں۔

قائد ایم کیوایم نے کہا کہ قوم اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر متحد ہوجائے،تمام جماعتیں بشمول حکومت اور اپوزیشن مل کر سیلاب زدگان کی مدد کریں کیونکہ نازک صورتحال کا تقاضہ ہے کہ سب ایک صفحے پر جمع ہوجائیں جبکہ حکومت بھی گزشتہ دنوں گرفتار کیے گئے مظاہرین کو رہا کرکے اچھی پیش رفت کا آغاز کرے۔ الطاف حسین نے کہا کہ طوفانی بارشیں اور سیلاب تھم جانے کے بعد بلاشبہ دھرنوں کا دوبارہ آغاز کردیا جائے۔

مقبول خبریں