ویمنز کرکٹ گولڈ میڈل پاکستانی آنکھوں میں جگمگانے لگا

ٹیم نے چین کو کچل دیا، ندا کی 4 وکٹیں، ٹائٹل کے دفاع کیلیے آج بنگلہ دیش سے مقابلہ


Sports Desk September 26, 2014
ٹیم نے چین کو کچل دیا، ندا کی 4 وکٹیں، ٹائٹل کے دفاع کیلیے آج بنگلہ دیش سے مقابلہ۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

لاہور: ایشین گیمز میں پہلا گولڈ میڈل پاکستان کی آنکھوں میں جگمگانے لگا، ویمنز کرکٹ ٹیم کا ٹائٹل کے دفاع کیلیے جمعے کو بنگلہ دیش سے مقابلہ ہوگا۔

گرین شرٹس نے سیمی فائنل میں نوآموز چین کو 9 وکٹ سے کچل دیا، ندا ڈار نے 7 رنز کے بدلے 4 وکٹیں لیتے ہوئے حریف ٹیم کو صرف 37 رنز تک محددو رہنے پر مجبورکردیا، پاکستانی سائیڈ نے ہدف حاصل کرنے کیلیے صرف ایک وکٹ گنوائی۔ تفصیلات کے مطابق جنوبی کوریا میں جاری ایشین گیمز کے ویمنز کرکٹ ایونٹ میں دفاعی چیمپئن پاکستانی سائیڈ نے ملک کو پہلے گولڈ میڈل کے قریب پہنچا دیا، ٹائٹل کیلیے اس کا سامنا ایک بار پھر بنگلہ دیش سے ہوگا جس نے دوسرے سیمی فائنل میں سری لنکا کو 25 رنز سے زیر کیا۔ جمعرات کو پہلے فائنل فور میچ میں گرین شرٹس کا مقابلہ نو آموز چین سے ہوا، کپتان ثنا میر نے ٹاس جیت کر حریف بیٹسویمنز کی صلاحیتیں آزمانے کا فیصلہ کیا، اسماویہ اقبال نے دوسرے ہی اوور میں پہلی کامیابی حاصل کرلی۔

اس کے بعد چینی وکٹیں سوکھے پتوں کی طرح بکھرنے لگیں، پوری ٹیم صرف 37 رنز پر ہمت ہار گئی، 14 رنز بنانے والی اوپنر زینگ می ڈبل فیگر میں داخل ہونے والی واحد بیٹسویمن رہیں،ندا ڈار نے تباہ کن بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 اوورز میں صرف 7 رنز دے کر4 وکٹیں حاصل کیں، بسمہٰ معروف نے 6 رنزکے بدلے 2 پلیئرز کو آؤٹ کر کے انھیں بھرپور مدد فراہم کی، ثنا میر اور اسماویہ اقبال نے ایک، ایک وکٹ اپنے نام کی۔ آسان ہدف کا پیچھا کرنے کیلیے پاکستان کی جانب سے مرینہ اقبال اور جویریہ خان نے اننگز کا آغاز کیا، مرینہ 3 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئیں جس کے بعد جویریہ(21) اور بسمہٰ معروف(13) نے ناٹ آؤٹ رہتے ہوئے پاکستان کو 8 اوورز میں فتح سے ہمکنار کرا دیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں