شہر میں مختلف حادثات کے دوران 6 افراد جاں بحق

ملیرندی کے قریب ٹینکر نے نوجوان شاہد اور آگرہ تاج میں گاڑی نے 6 سالہ نامعلوم بچے کو کچل دیا


Staff Reporter September 30, 2014
گذری میں مزدور شوکت اور فریئر میں اللہ دتہ گھر کی چھت سے گرکر ہلاک، اسٹیل ٹاؤن میں کرنٹ لگنے سے خاتون ہلاک ہوگئی۔ فوٹو: رائٹرز/فائل

شہر کے مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات کے دوران 3 افراد ہلاک ہوگئے، گھر میں کرنٹ لگنے سے خاتون چل بسی جبکہ چھتوں سے گرکر 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق پیر کی شام اسٹیل ٹاؤن میں گھر کے اندر کرنٹ لگنے سے خاتون ہلاک ہوگئی، اہل خانہ فوری طور پر میت لے کر قریبی اسپتال پہنچے جہاں ڈاکٹروں نے معائنے کے بعد موت کی تصدیق کردی، ورثا نے لاش اسٹیڈیم روڈ پر واقع نجی اسپتال پہنچائی جہاں ڈاکٹروں نے موت کی تصدیق کردی جس پر ورثا میت بغیر کسی قانونی کارروائی کے اپنے ہمراہ لے گئے۔

گذری میں مبارک مسجد کے قریب دوپہر 3 بجے زیر تعمیر گھر کی چھت سے گرکر مزدور30 سالہ شوکت جاں بحق ہوگیا، متوفی کا آبائی تعلق پنجاب سے بتایا جاتا ہے، لاش ایدھی سردخانے منتقل کردی گئی ہے، پیر کی شام فریئر کے علاقے کینٹ اسٹیشن کے قریب گھر کی چھت سے گر کر 30 سالہ اللہ دتہ ہلاک ہوگیا، میمن گوٹھ ملیر ندی کے قریب صبح ساڑھے 9 بجے تیز رفتار واٹر ٹینکر کی ٹکر سے نوجوان 20 سالہ شاہد ولد ابراہیم ہلاک ہوگیا، متوفی کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کی گئی۔

پولیس کے مطابق متوفی کھوکھراپار کا رہائشی تھا، سولجر بازار کے علاقے نمائش چورنگی کے قریب ٹریفک حادثے میں45 سالہ جنید عالم فرید ولد خورشید عالم ہلاک ہوگیا ، متوفی کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے سول اسپتال لائی گئی، آگرہ تاج کالونی میں تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے 6 سالہ بچہ ہلاک ہوگیا جس کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے سول اسپتال لائی گئی، کلری پولیس کے مطابق فوری طور پر متوفی کی شناخت نہیں ہوسکی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں