طالبات سے لوٹ کے دوران پولیس مقابلے میں ڈاکو ہلاک رینجرز کی کارروائی میں گینگ وار کارندہ مارا گیا

نارتھ ناظم آباد بلاک کے کی مسجد فاروق اعظم کے عقب میں ڈاکو طالبات کولوٹ رہے تھے، پولیس پہنچ گئی


Staff Reporter October 03, 2014
12 افراد کے قتل میں ملوث ملزمان شریف اور حنیف گرفتار، رینجرز سے مقابلے میں 23 سالہ رفیق مارا گیا۔ فوٹو: فائل

شہر کے مختلف علاقوں میں رینجرز اور پولیس کے ساتھ 3 مقابلوں میں لیاری گینگ وارکے گینگسٹر سمیت 2 ملزمان ہلاک ہوگئے اور 2 ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔

جمعرات کی صبح رینجرز کی بھاری نفری نے بغدادی شاہ بیگ لین کے قریب گینگ وارکے ملزمان کی موجودگی کی اطلاع پر چھاپہ مارا تو وہاں پہلے سے موجود گینگ وار کے ملزمان نے رینجرز اہلکاروں پر فائرنگ کردی، رینجرز اہلکاروں کی جانب سے بھی فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں ایک گینگسٹر ہلاک ہوگیا جس کی لاش ضابطے کی کارروائی کیلیے سول اسپتال پہنچائی گئی۔

ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق ہلاک ہونے والے گینگسٹر کی شناخت 23 سالہ رفیق بلوچ اورساجد بلوچ کے نام سے کرلی گئی، ہلاک ہونے والے ملزم کا تعلق جبار جینگو گروپ سے ہے، ملزم نے عید الفطر کے روز سلاٹر روڈ پر2 خواتین کوبھی قتل کیا تھا، انھوں نے بتایا کہ کارروائی کے دوران 12 افراد کے قتل میں ملوث 2 اہم ملزمان شریف اور حنیف کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔

نارتھ ناظم آباد کی مسجد فاروق اعظم کے عقب میں موٹر سائیکل پر سوار 3 ملزمان کالج جانے والی طالبات سے لوٹ مار کررہے تھے کہ پولیس پارٹی اچانک موقع پر پہنچ گئی جنھیں دیکھ کر ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کردی جس پر پولیس پارٹی کی جانب سے بھی جوابی فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے اس کے قبضے سے چھینا ہوا پرس اور اسلحہ برآمد کرلیا گیا جبکہ ملزم کے 2 ساتھی فرارہوگئے۔

زخمی ملزم دوران علاج دم توڑگیا، ایس ایچ او شاہراہ نور جہاں اشفاق بلوچ نے ایکسپریس کو بتایا کہ ہلاک ہونے والے ملزم کی شناخت 22 سالہ عاصم ولد لعل محمد کے نام سے کرلی گئی، کورنگی صنعتی ایریا کے علاقے سیکٹر 15 میں واقع مقامی ببل گم بنانے والی فیکٹری کی گلی میں پولیس مقابلے کے نتیجے میں مقبول اور رشید بنگالی کو زخمی حالت میں گرفتارکرکے اسلحہ اور 4 چھینے ہوئے موبائل فونز برآمد کر لیے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں