65 کروڑ روپے کے بینک فراڈ میں ملوث خاتون اور مرد پکڑے گئے

گرفتارخاتون سدرہ بینک کی ملازمہ ہے،نعمان آفندی کو سدرہ نے 65 کروڑ روپے وصولی کی جعلی رسید بناکردی


Staff Reporter October 05, 2014
ملزم نے ہی اکاؤنٹ میں رقم منتقل نہ ہونے کی شکایت درج کرائی، قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے تحقیقات کے بعد ملزم کو گرفتار کرلیا۔ فوٹو: فائل

سندھ رینجرزکی اسپیشل ٹاسک فورس،ایس آئی یو اورایف آئی اے نے 65 کروڑ روپے کے بینک فراڈ میں ملوث خاتون سمیت 2 ملزمان کو گرفتارکرلیا،گرفتار خاتون بینک کی ملازمہ ہے۔

تفصیلات کے مطابق سندھ رینجرزکی اسپیشل ٹاسک فورس، اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ اور ایف آئی اے نے مشترکہ کارروائی میں 65 کروڑ روپے کے بینک فراڈ میں ملوث خاتون سدرہ اور نعمان نامی شخص کو گرفتار کر لیا، ترجمان سندھ رینجرز میجر سبطین نے صحافیوں کو بتایا کہ نعمان آفندی نامی شخص نارتھ کراچی کے یوپی موڑ کے قریب واقع مقامی بینک کی برانچ میں ایک بیگ کے ہمراہ داخل ہوا اور بینک کے کیش کاؤنٹر میں موجود بینک کی خاتون ملازمہ سدرہ سے ملاقات کی جس کے بعد بینک کی خاتون ملازمہ نے نعمان نامی شخص کے 65 کروڑ روپے بینک میں جمع کرانے کی جعلی دستخط شدہ اور جعلی مہر لگی رسید حوالے کردی جس کی اطلاع بینک انتظامیہ کو مل گئی اورجب بینک انتظامیہ نے واقعے سے متعلق معلومات حاصل کرنے کے لیے بینک کی ملازمہ کو 4 ستمبرکو طلب کیا تو ملازمہ سدرہ لا پتہ ہوگئی جس کا کوئی سراغ نہ مل سکا۔

ترجمان سندھ رینجرز نے بتایا کہ خاتون ملازمہ کے لاپتہ ہونے پر نعمان نامی شخص نے بینک کے صدر سے رابطہ کیا اور انھیں بتایا کہ انھوں نے 65 کروڑ روپے ان کے اپنے اکاؤنٹ میں جمع کرائے تھے جس کی رسید ان کے پاس موجود ہے۔

اب تک ان کے اکاؤنٹ میں رقم منتقل نہیں ہوئی جس کے بعد نعمان نامی شخص نے بینک انتظامیہ کو باقاعدہ بلیک میل کرنا شروع کردیا اور ساتھ ساتھ بینک انتظامیہ کے خلاف شکایات بھی درج کرائی، ترجمان سندھ رینجرزنے بتایا کہ بینک فراڈ سے متعلق شکایت سندھ رینجرز کے ٹاسک فورس کو3 اکتوبر کوموصول ہوئی اور شکایات موصول ہوتے ہی سندھ رینجرز کی اسپیشل ٹاسک فورس، اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ اورایف آئی اے نے مشترکہ طور پر 4 گھنٹے تک جاری رہنے والی کارروائی کے دوران نعمان نامی شخص کو گرفتار کرلیا اور گرفتار شخص کی نشاندہی پر شاہراہ فیصل پر واقع گیسٹ ہاؤس سے بینک کی ملازمہ خاتون کو بھی گرفتار کر لیا گیا،ترجمان سندھ رینجرز کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان سے تفتیش کی جارہی اور تفتیش کے دوران مزید انکشافات متوقع ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں