ایڈمرل ذکااللہ نے پاک بحریہ کی سربراہ کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھال لیں

پاک بحریہ کی جنگی صلاحیت بڑھانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے، ایڈمرل ذکا اللہ


ویب ڈیسک October 07, 2014
حکومتی پالیسیوں پر عمل درآمد کرتے ہوئےعلاقائی اور ملکی سطح پر اپنا کردار ادا کرتی رہیں گے، سربراہ پاک بحریہ فوٹو: ایکسپریس نیوز

پاک بحریہ کے نئے سربراہ ایڈمرل ذکا اللہ کہتے ہیں کہ پاک بحریہ ہرقسم کے چیلنج سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔

نیول ہیڈکوارٹر اسلام آباد میں پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ایڈمرل ریٹارڈ آصف سندھیلہ نے عہدے کا چارج نئے نیول چیف ایڈمرل ذکااللہ کے حوالے کیا۔ اس موقع پر پاک بحریہ کے دستے نے انہیں سلامی پیش کی، اس سے قبل آصف سندھیلہ نے اپنی الوداعی تقریر میں کہا کہ سربراہ کی حیثیت سے پاک بحریہ کو مستحکم کرنا ہمیشہ ان کی اولین ذمہ داری رہی ہے، یہی وجہ ہے کہ پاکستان بحریہ دہشت گردوں کے مذموم عزائم ختم کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان سے نوجوانوں کی بھرتی کے عمل کی حوصلہ افرائی کی جارہی ہے جس کی وجہ سے گزشتہ چند برسوں کے دوران بلوچستان سے سیلرز اور افسران کی بڑی تعداد بھرتی ہوئی۔

پاک بحریہ کے نئے سربراہ یڈمرل ذکااللہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ وہ صدر مملکت ممنون حسین کے مشکور ہیں کہ انہیں یہ ذمہ داریاں سونپیں جسے وہ بھرپور طریقے سے ادا کرنے کی کوشش کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کو سیکیورٹی خدشات کا سامنا ہے، پاکستان کی معیشت سمندر سے منسلک ہے، بحریہ کے تمام شعبوں میں ترقی اور میرٹ اولین ترجیح ہوگی۔ پاک بحریہ ہرقسم کے چیلنج سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔ پاک بحریہ کو مزید مستحکم کریں گے اور اس کی جنگی صلاحیت بڑھانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے، بحریہ کے افراد کی فلاح و بہبود پر بھی وہ توجہ مرکوز رکھیں گے، پاک بحریہ حکومتی پالیسیوں پر عمل درآمد کرتے ہوئےعلاقائی اور ملکی سطح پر اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں