چیمپئنز ٹرافی شکیل عباسی عبدالحسیم اور فرید ابتدائی اسکواڈ سے باہر

پاکستان ہاکی فیڈریشن نےکیمپ کیلیے37 پلیئرز کا اعلان کردیا، عمران، وقاص اور شفقت نے ٹیم کو دستیابی کی یقین دہانی کرادی۔


Sports Reporter October 15, 2014
پول اے میں پاکستان کیساتھ آسٹریلیا، بیلجیئم اور انگلینڈ کو رکھا گیا ہے۔ فوٹو : فائل

LOS ANGELES: پاکستان ہاکی فیڈریشن کی سلیکشن کمیٹی نے رواں برس بھارت میں شیڈول ایف آئی ایچ چیمپئنزٹرافی کی تیاریوں کے لیے ابتدائی 37کھلاڑیوں کا اعلان کر دیا۔

ملائیشین لیگ کھیلنے والے پلیئرزکو این او سی جاری نہیں کیا گیا، بغاوت کرنیوالے سابق کپتان شکیل عباسی، فرید احمد اور عبدالحسیم خان کومیگا ایونٹ کیلیے لگنے والے کیمپ سے باہر کر دیا گیا ہے، ملائیشین لیگ انتظامیہ کیساتھ معاہدہ کرنے والے6 پلیئرز میںشکیل عباسی، عمران بٹ، فرید احمد، وقاص شریف، شفقت رسول اورعبدالحسیم خان شامل تھے، عبدالحسیم خان، شکیل عباسی اور فرید احمد ملائیشین لیگ کھیلنے پر بضد رہے۔

جس کی وجہ سے انھیں چیمپئنز ٹرافی کے کیمپ سے نکال دیا گیا ہے، جبکہ عمران بٹ، وقاص شریف اور شفقت رسول نے پی ایچ ایف کو لکھ کر دیا کہ پاکستان کی نمائندگی ان کی پہلی ترجیح ہے اور وہ چیمپئنز ٹرافی میں گرین شرٹس کی طرف سے ایکشن میں دکھائی دینا چاہتے ہیں، مزید معلوم ہوا ہے کہ ایشین گیمزمیں ملک کی نمائندگی کرنے والے راشد محمود اس بار سلیکٹرز کا اعتماد حاصل نہیں کرسکے جبکہ گول کیپرعمران شاہ کیمپ کا حصہ نہیں ہیں، پی ایچ ایف کی سلیکشن کمیٹی کے اعلان کردہ کھلاڑیوں میں4 گول کیپرز، 6 فل بیکس، 9 ہافس اور 18فارورڈز شامل ہیں۔

پلیئرز میں عمران بٹ، امجد علی، مظہر عباس اور محمد طلال خالد (گول کیپرز)، محمد عمران، محمد عرفان، سید کاشف شاہ، عاطف مشتاق، مبشر علی اور زاہد اللہ (فل بیکس)، عماد شکیل بٹ، محمد رضوان سینئر، فیضان، ابوبکر، محمد توثیق، زوہیب اشرف، قاسم، فیصل قادر، تصور عباس (ہافس) اور فارورڈز میں محمد ارسلان قادر، رانا محمد عمیر، محمد سلمان حسین، محمد وقاص، شفقت رسول، محمد عمر بھٹہ، شان ارشاد، محمد دلبر، اسد بشیر، کاشف علی، محمد رضوان سینئر، رضوان علی، محمد اظفر یعقوب، علی شان، شہباز احمد، محمد عتیق، نوہیز زاہد ملک اور نوید شامل ہیں۔یاد رہے کہ چیمپئنز ٹرافی کا آغاز6 دسمبر سے بھارت میں ہوگا، 14دسمبر تک جاری رہنے والے میگا ایونٹ میں مجموعی طورپر8 ٹیمیں شریک ہونگی، جن کو 2 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔

پول اے میں پاکستان کیساتھ آسٹریلیا، بیلجیئم اور انگلینڈ کو رکھا گیا ہے جبکہ پول بی میں ہالینڈ، جرمنی، ارجنٹائن اور بھارت کو جگہ ملی ہے، آسٹریلیا ٹائٹل کا دفاع کریگی جبکہ گذشتہ بار پاکستانی ٹیم نے بھارت کوزیر کرکے میگا ایونٹ میںکانسی کا تمغہ پایا تھا، پی ایچ ایف کے سیکریٹری رانا مجاہد نے نیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایاکہ شکیل عباسی، حسیم خان اور فرید احمد کو چیمپئنز ٹرافی کے تربیتی کیمپ میں شامل نہیں کیا گیا جبکہ وقاص شریف ، شفقت رسول اور عمران بٹ نے تربیتی کیمپ میں اپنی شرکت کی یقین دہانی کرائی ہے جس کے بعد انہیں این اوسی جاری کردیے گئے ہیں۔

انھوں نے کہاکہ بیرون ملک لیگ کھیلنے والے کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ میں دوبارہ فٹنس ٹیسٹ لیا جائے گا اور مطلوبہ معیار پر پورا اترنے والے کھلاڑی ہی کیمپ میں شمولیت کے اہل ہونگے، انھوں نے کہاکہ ہم نے چیمپئنز ٹرافی میں شریک یورپی ٹیموں سے پریکٹس میچ کھیلنے کیلیے رابطہ کیا ہے تاکہ میگا ایونٹ سے قبل کھلاڑیوں کو اچھی پریکٹس مل سکے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں