ارونا ایرانی کو ایک مرتبہ پھر فلموں میں اہم کردار ملنے لگے

ارونا میری فلم کیلیے بہترین ہیں، جنوری میں عکسبندی شروع ہوگی، ہدایتکار شنکر پرویش


Qaiser Iftikhar November 29, 2014
ارونا میری فلم کیلیے بہترین ہیں،جنوری میں عکسبندی شروع ہوگی، ہدایتکار شنکر پرویش ۔ فوٹو : فائل

بالی ووڈ کی سینئراداکارہ ارونا ایرانی کودوبارہ سے فلموں میں اہم کردار ملنے لگے۔

حال ہی میں بھارتی فلم ڈائریکٹر شنکرپرویش سہگل نے انھیں اپنی فلم میں سائن کیا ہے۔ اس سلسلہ میں گزشتہ دنوں ممبئی میں شنکراوراورنا کی ملاقات ہوئی جس میں ڈائریکٹر نے فلم کی کہانی اوران کے کردار بارے بتایا جس پرارونا نے فلم میں کام کرنے کی رضامندی ظاہر کردی۔ ''ایکسپریس'' سے فون پربات کرتے ہوئے فلم کے ڈائریکٹرشنکرپرویش نے کہا کہ ارونا ایرانی بھارتی فلم انڈسٹری کی بہترین اداکاراؤں میں سے ایک ہیں، جن کے کریڈٹ پربہت سی فلمیں ہیں۔ ابتدائی دورمیں انھوں نے بطورہیروئن کام کیا اوربہت سے مقبول گیت ان کر فلمائے گئے۔

اس کے بعد انھوں نے سپورٹنگ کردار کیے جب کہ بھارتی فلم انڈسٹری کی مشہور فلم ''بیٹا'' میں ان کا کردار آج بھی لوگوں کو یاد ہے۔ اروناایرانی نے اپنے فنی سفرکے دوران بہت کام کیا اوراب وہ بطورپروڈیوسر ٹی وی ڈرامے بھی بنارہی ہیں لیکن میری فلم کی کہانی کے ایک اہم کردار کے لیے وہ بہترین چوائس تھیں، اسی لیے میں نے ان سے رابطہ کیا اور انھوں نے فلم کی کہانی اوراپنے کردار کے بارے میں جاننے کے بعد فلم میں کام کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

انھوں نے مزید بتایا کہ فلم کی شوٹنگ کے لیے میں اورمیری ٹیم تیزی کے ساتھ اپنا پیپر ورک مکمل کررہے ہیں اورمجھے امید ہے کہ ہم آئندہ برس جنوری میں اپنی فلم کی شوٹنگ کا آغاز کردینگے۔