چیمپیئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ آج سیمی فائنل میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت مدِمقابل ہونگے

فائنل میں رسائی کے لئے 9 کھلاڑی حریف سائیڈ کے خلاف جارحانہ کھیل اپنائیں گے جبکہ تمام ٹیم دفاع کےلئے سرگرم عمل ہوگی


Sports Reporter/Sports Desk December 13, 2014
گذشتہ ایونٹ میں گرین شرٹس نے بھارت کو سخت مقابلے کے بعد زیر کرتے ہوئے کانسی کا تمغہ اپنے نام کیا تھا، فوٹو:اے ایف پی/فائل

ہاکی چیمپئنز ٹرافی میں پاک بھارت ہائی وولٹیج مقابلے کے لئے میدان سج گیا،روایتی حریف ٹیمیں ٹائٹل میچ میں رسائی کی جنگ شام7 بجے لڑیں گی۔

تفصیلات کے مطابق بھارتی شہر بھوبنیشور میں جاری ہاکی چیمپئنز ٹرافی کے سیمی فائنلز ہفتے کوکھیلے جائیں گے، پہلا مقابلہ جرمنی اور آسٹریلیا کے مابین ہونا ہے، شام 7 بجے روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے مابین مقابلہ ہوگا۔ دونوں ٹیمیں اس سے پہلے چیمپئنز ٹرافی میں17بار آمنے سامنے آچکی ہیں،گرین شرٹس کو 11 بار فتح نصیب ہوئی جبکہ 6 میچز میں ناکامی کا داغ سہنا پڑا، 1978 سے شروع ہونے والے ایونٹ میں پاکستانی کھلاڑیوں نے روایتی حریف کے خلاف 50گول داغے جبکہ اس کے خلاف41 گول ہوئے۔

گذشتہ ایونٹ میں گرین شرٹس نے بھارت کو سخت مقابلے کے بعد زیر کرتے ہوئے کانسی کا تمغہ اپنے نام کیا تھا، دونوں ٹیمیں آخری بار رواں برس اکتوبر میں کوریا میں شیڈول ایشین گیمز میں مدمقابل آئی تھیں، جس میں بلو شرٹس نے پنالٹی شوٹ آؤٹس پر فتح سمیٹتے ہوئے گولڈ میڈل اپنے نام کیا تھا۔

پاکستانی ٹیم مینجمنٹ نے میچ کے لئے ایشین گیمز جیسی حکمت عملی اپنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ 9 کھلاڑی حریف سائیڈ پر اٹیک کریں گے جبکہ تمام ٹیم دفاع کے لئے بھی یکساں سرگرم عمل ہوگی، کوچ شہناز شیخ نے کہا کہ روایتی حریف سے میچ کے لیے حکمت عملی مکمل کرلی، امید ہے کہ کھلاڑی بھارت کے خلاف بھی نیدرلینڈز سے میچ جیسی کارکردگی دکھائیں گے، انھوں نے کہا کہ ایشیائی ٹیموں نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر کے چیمپئنز ٹرافی کے سیمی فائنل میں جگہ بنائی، پاکستان اور بھارت کا ایک دوسرے کے سامنے آنا خوشی کی بات ہے، دونوں ممالک کے کروڑوں لوگوں کے لیے یہ میچ ایک حسین خواب کی مانند ہے۔