ہاکی پلیئرز کا جشن کرکٹ بورڈکو پریشان کرگیا

سیریزمتاثرہونے کے ساتھ آئی پی ایل کے دروازے بدستوربند رہنے کااندیشہ ہے، شہریارخان


Sports Reporter December 20, 2014
محمد حفیظ کیلیے بھارتی ویزے کی کوششیں جاری ہیں،بہت جلد چنئی روانہ ہو جائیں گے فوٹو : فائل

KARACHI: چیمپئنز ٹرافی کے سیمی فائنل میں بھارت کو ہرانے پر ہاکی پلیئرز کا جشن کرکٹ بورڈکو پریشان کرگیا، چیئرمین شہریار خان کا کہنا ہے کہ روایتی حریف ٹیموں کے مابین سیریز متاثر ہونے کیساتھ کرکٹرز پر آئی پی ایل کے دروازے بدستور بند رہنے کا اندیشہ ہے۔

تفصیلات کے مطابق حال ہی میں بھارتی شہر بھوبنیشور میں منعقدہ ہاکی چیمپئنز ٹرافی میں میزبان کو ہرانے کے بعد بعض پاکستانی کھلاڑیوں نے شرٹس اتار کر جشن منایا تھا، اس دوران ان کے بعض اشارے شائقین اور آفیشلز کو ایک آنکھ نہ بھائے،ہاکی انڈیا نے2 پاکستانی پلیئرز پر ایک میچ کی پابندی لگوانے کے بعد پی ایچ ایف کے عہدیداروں سے بھی معافی مانگنے کا مطالبہ کیا ہے،اب چیئرمین پی سی بی شہریارخان کو خدشہ ہے کہ ہاکی پلیئرز کا رویہ مستقبل کے پاک بھارت مقابلوں پر اثر انداز ہو سکتا ہے، ایک انٹرویو میں انھوں نے کہا کہ پڑوسی ممالک کے درمیان سیاسی اور سفارتی تعلقات مستقل بنیادوں پر خراب رہتے ہیں لیکن ہاکی میچ میں فتح کے بعد پاکستانی پلیئرز کے اشاروں نے جلتی پر تیل کا کام کیا ہے۔

اس واقعے کی وجہ سے مستقبل میں دونوں ممالک کے کرکٹ معاملات متاثر ہو سکتے ہیں،پاکستانی پلیئرزپرآئی پی ایل کے دروازے بھی بدستور بند رہنے کا خدشہ ہے۔ شہریار خان نے کہا کہ بدترین حالات کے باوجود بھی پاکستان اور بھارتی کرکٹ بورڈ کے تعلقات خوشگوار ہو گئے تھے تاہم حال ہی میں ہاکی فیلڈ میں جو کچھ بھی ہوا اس کا منفی اثر کرکٹ امور پر پڑ سکتا ہے۔ انھوں نے کہاکہ ہم بھارتی بورڈ کے ساتھ آئی سی سی سطح پر بھی اچھے تعلقات بنا رہے ہیں، ہمیں امید ہے کہ اگلے برس متحدہ عرب امارات میں سیریز کا انعقاد ہوگا۔ انھوں نے کہاکہ حفیظ کیلیے بھارتی ویزہ حاصل کرنے کی اعلیٰ سطح پر کوششیں جاری ہیں، امید ہے کہ آل راؤنڈر بہت جلد چنئی روانہ ہو جائینگے۔