آئندہ برس مزید 3 سے 4 ٹیمیں پاکستان آئیں گی انتخاب عالم

کینیا کی کرکٹ ٹیم وطن واپس لوٹ گئی، پلیئرز دوبارہ پاکستان آنے کے خواہشمند ہیں، ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ


Sports Reporter December 23, 2014
کینیا کی کرکٹ ٹیم وطن واپس لوٹ گئی، پلیئرز دوبارہ پاکستان آنے کے خواہشمند ہیں، ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ ۔ فوٹو: فائل

لاہور: پاکستان اے کے خلاف پانچ ایک روز ہ میچز کی سیریز میں حصہ لینے کے بعد کینیا کی کرکٹ ٹیم وطن واپس روانہ ہو گئی۔

مہمان ٹیم کو اپنے دورے کے دوران وائٹ واش کا سامنا کرنا پڑا،گزشتہ روز کینیا کی ٹیم کو سخت سیکیورٹی کے حصار میں نیشنل کرکٹ اکیڈمی سے لاہور ائیر پورٹ پہنچایا گیا، اس موقع پر مہمان ٹیم کے کھلاڑیوں اور آفیشلز نے دورۂ پاکستان کو یادگارقراردیتے ہوئے کا کہا کہ یہاں قیام کے دوران سیکیورٹی سمیت کسی طرح کے بھی مسائل کا سامنا نہیں کرنا پڑا ۔ دوسرے ممالک کی ٹیموں سے بھی کہیں گے کہ وہ بلا خوف و خطر یہاں کا دورہ کریں۔ کھلاڑیوں اور آفیشلز کا کہنا تھا کہ پاکستان اے سے مقابلے بہت اچھے رہے ۔

جس سے بہت کچھ سیکھنے کو ملا اور دوبارہ موقع ملا تو آئندہ بھی پاکستان آنا چاہیں گے، خواہش ہے پاکستانی ٹیم بھی ہمارے ملک میں آکر کھیلے ۔کینیا کی ٹیم کو پاکستان آمد پر ہیڈ آف اسٹیٹ کی سیکیورٹی فراہم کی گئی تھی۔ ادھر ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ انتخاب عالم کا کہنا ہے کہ کینیا کی ٹیم کے دورے سے پاکستان میں عالمی کرکٹ کی بحالی کی راہ ہموارہوگی ۔

غیر ملکی ٹیم کی حفاظت کیلیے سیکیورٹی اداروں کی طرف سے بھرپور انتظامات کیے گئے جس پر ہم انکے بھی شکرگزارہیں، میڈیا سے بات چیت میں انتخاب عالم کا کہنا تھا کہ کسی غیر ملکی ٹیم کا پونے چھ سال بعد پاکستان آنا انتہائی خوش آئند ہے ، انھوںنے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے امید ہے کہ انشا اللہ آئندہ برس مزید تین سے چار ٹیمیں پاکستان کا دورہ کریں گی ۔