محمد حفیظ کا بولنگ ایکشن ٹیسٹ بھی موسم سے متاثر

اسٹار اوپنر دھند سے بچ کر بھارت پہنچ گئے تو کل غیر رسمی بائیومکینک تجزیہ کرائیں گے


Sports Reporter December 30, 2014
3جنوری تک آئی سی سی سے ایکشن ریویو کرنے کی درخواست کردی جائے گی ۔ فوٹو : اے ایف پی

محمد حفیظ کا بولنگ ایکشن ٹیسٹ بھی موسم سے متاثر ہو گیا، پاکستانی آل راؤنڈر لاہور کی دھند سے بچ کر بھارت پہنچ گئے تو بدھ کو چنئی میں غیر رسمی بائیومکینک تجزیہ کرائیں گے،بازو کا خم 15ڈگری کی قانونی حد میں ہوا تو 3جنوری تک آئی سی سی سے ایکشن ریویو کرنے کی درخواست کردی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق محمد حفیظ کی بھارت کے شہر چنئی روانگی پیر اور منگل کی درمیانی شب شیڈول تھی،لاہور میں شدید دھند کے باعث براستہ دبئی جانے والی پرواز کا شیڈول متاثر ہونے کے خدشات موجود تھے، پی سی بی کی خواہش ہے کہ ان کا غیررسمی بائیو مکینک ٹیسٹ بدھ کو ہوجائے، بازو کا خم 15ڈگری کی قانونی حد میں آنے کی صورت میں 3جنوری تک آئی سی سی سے بولنگ ایکشن ریویو کرنے کی درخواست کردی جائے گی۔ بورڈ حکام کے خیال میں محمد حفیظ کے کلئیر ہونے کا قوی امکان ہے۔

ایک عہدیدار نے بتایا کہ ایکشن میں بہتری کے لئے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں جوکام کیا گیا اس پر مثبت نتائج کے حوالے سے پُر امید ہیں، ان کے بازو کا خم اور مسائل سعید اجمل کی بانسبت زیادہ نہیں، چنئی سے اچھی رپورٹ آنے کے بعد فوری طور پر انٹرنیشنل کونسل سے رابطہ کرلیا جائے گا،

یاد رہے کہ آف اسپنر سعید اجمل کا غیر رسمی ٹیسٹ انگلینڈ سے کرایا گیا تھا لیکن رپورٹس حوصلہ افزا نہ آنے پر انھیں ورلڈ کپ سے دستبردار ہونا پڑا، البتہ محمد حفیظ کا کیس تھوڑا مختلف ہے۔